خروج 1:16-5

خروج 1:16-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَور مِصر سے نکل آنے کے دُوسرے مہینے کے پندرھویں دِن بنی اِسرائیل کی ساری جماعت ایلِمؔ سے روانہ ہوکر سِنؔ کے بیابان پہُنچی جو کہ ایلِمؔ اَور سِینؔائی کے درمیان ہے۔ اَور اُس بیابان میں ساری اِسرائیلی جماعت مَوشہ اَور اَہرونؔ کے خِلاف بُڑبُڑانے لگی اَور بنی اِسرائیل نے اُن سے کہا، ”کاش ہم مِصر میں ہی یَاہوِہ کے ہاتھ سے مار دئیے جاتے! وہاں ہم گوشت کی ہانڈیوں کے پاس بیٹھ کر جِتنا چاہتے تھے کھاتے تھے لیکن تُم ہمیں وہاں سے نکال کر اِس بیابان میں اِس لیٔے لے آئے کہ اِس ساری جماعت کو بھُوکا مروایا جائے۔“ تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”مَیں تمہارے لیٔے آسمان سے روٹیاں برساؤں گا۔ یہ لوگ ہر روز باہر نکلیں اَور صِرف ایک ایک دِن کے لیٔے کافی بٹور لائیں۔ اِس طرح مَیں اُن کی آزمائش کروں گا اَور دیکھوں گا کہ کیا وہ میرے آئین پر عَمل کرتے ہیں یا نہیں۔ اَور چھٹے دِن جِس قدر وہ لائیں گے اَور پکائیں گے وہ جِتنا ہر روز جمع کریں وہ اُس کا دُگنا ہوگا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 16

خروج 1:16-5 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر وہ ایلیمؔ سے روانہ ہُوئے اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت مُلکِ مِصرؔ سے نِکلنے کے بعد دُوسرے مہینے کی پندرھویں تارِیخ کو صیِنؔ کے بیابان میں جو ایلیمؔ اور سِیناؔ کے درمیان ہے پُہنچی۔ اور اُس بیابان میں بنی اِسرائیل کی ساری جماعت مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ پر بُڑبُڑانے لگی۔ اور بنی اِسرائیل کہنے لگے کاش کہ ہم خُداوند کے ہاتھ سے مُلکِ مِصرؔ میں جب ہی مار دِئے جاتے جب ہم گوشت کی ہانڈیوں کے پاس بَیٹھ کر دِل بھر کر روٹی کھاتے تھے کیونکہ تُم تو ہم کو اِس بیابان میں اِسی لِئے لے آئے ہو کہ سارے مجمع کو بُھوکا مارو۔ تب خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا مَیں آسمان سے تُم لوگوں کے لِئے روٹیاں برساؤُں گا۔ سو یہ لوگ نِکل نِکل کر فقط ایک ایک دِن کا حِصّہ ہر روز بٹور لِیا کریں کہ اِس سے مَیں اِن کی آزمایش کرُوں گا کہ وہ میری شرِیعت پر چلیں گے یا نہیں۔ اور چھٹے دِن اَیسا ہو گا کہ جِتنا وہ لا کر پکائیں گے وہ اُس سے جِتنا روز جمع کرتے ہیں دُونا ہو گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 16