YouVersion Logo
تلاش

خروج 10:14-18

خروج 10:14-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور جب فرِعونؔ نزدِیک آ گیا تب بنی اِسرائیل نے آنکھ اُٹھا کر دیکھا کہ مِصری اُن کا پِیچھا کِئے چلے آتے ہیں اور وہ نہایت خَوف زدہ ہو گئے۔ تب بنی اِسرائیل نے خُداوند سے فریاد کی۔ اور مُوسیٰؔ سے کہنے لگے کیا مِصرؔ میں قبریں نہ تِھیں جو تُو ہم کو وہاں سے مَرنے کے لِئے بیابان میں لے آیا ہے؟ تُو نے ہم سے یہ کیا کِیا کہ ہم کو مِصرؔ سے نِکال لایا؟ کیا ہم تُجھ سے مِصرؔ میں یہ بات نہ کہتے تھے کہ ہم کو رہنے دے کہ ہم مِصریوں کی خِدمت کریں؟ کیونکہ ہمارے لِئے مِصریوں کی خِدمت کرنا بیابان میں مَرنے سے بہتر ہوتا۔ تب مُوسیٰ ؔنے لوگوں سے کہا ڈرو مت۔ چُپ چاپ کھڑے ہو کر خُداوند کی نجات کے کام کو دیکھو جو وہ آج تُمہارے لِئے کرے گا کیونکہ جِن مِصریوں کو تُم آج دیکھتے ہو اُن کو پِھر کبھی ابد تک نہ دیکھو گے۔ خُداوند تُمہاری طرف سے جنگ کرے گا اور تُم خاموش رہو گے۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ تُو کیوں مُجھ سے فریاد کر رہا ہے؟ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ وہ آگے بڑھیں۔ اور تُو اپنی لاٹھی اُٹھا کر اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا اور اُسے دو حِصّے کر اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل جائیں گے۔ اور دیکھ مَیں مِصریوں کے دِل سخت کر دُوں گا اور وہ اُن کا پِیچھا کریں گے اور مَیں فرِعونؔ اور اُس کی سِپاہ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہُوں گا۔ اور جب مَیں فرِعونؔ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہو جاؤُں گا تو مِصری جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 14

خروج 10:14-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب اسرائیلیوں نے فرعون اور اُس کی فوج کو اپنی طرف بڑھتے دیکھا تو وہ سخت گھبرا گئے اور مدد کے لئے رب کے سامنے چیخنے چلّانے لگے۔ اُنہوں نے موسیٰ سے کہا، ”کیا مصر میں قبروں کی کمی تھی کہ آپ ہمیں ریگستان میں لے آئے ہیں؟ ہمیں مصر سے نکال کر آپ نے ہمارے ساتھ کیا کِیا ہے؟ کیا ہم نے مصر میں آپ سے درخواست نہیں کی تھی کہ مہربانی کر کے ہمیں چھوڑ دیں، ہمیں مصریوں کی خدمت کرنے دیں؟ یہاں آ کر ریگستان میں مر جانے کی نسبت بہتر ہوتا کہ ہم مصریوں کے غلام رہتے۔“ لیکن موسیٰ نے جواب دیا، ”مت گھبراؤ۔ آرام سے کھڑے رہو اور دیکھو کہ رب تمہیں آج کس طرح بچائے گا۔ آج کے بعد تم اِن مصریوں کو پھر کبھی نہیں دیکھو گے۔ رب تمہارے لئے لڑے گا۔ تمہیں بس، چپ رہنا ہے۔“ پھر رب نے موسیٰ سے کہا، ”تُو میرے سامنے کیوں چیخ رہا ہے؟ اسرائیلیوں کو آگے بڑھنے کا حکم دے۔ اپنی لاٹھی کو پکڑ کر اُسے سمندر کے اوپر اُٹھا تو وہ دو حصوں میں بٹ جائے گا۔ اسرائیلی خشک زمین پرسمندر میں سے گزریں گے۔ مَیں مصریوں کو اَڑے رہنے دوں گا تاکہ وہ اسرائیلیوں کا پیچھا کریں۔ پھر مَیں فرعون، اُس کی ساری فوج، اُس کے رتھوں اور اُس کے سواروں پر اپنا جلال ظاہر کروں گا۔ جب مَیں فرعون، اُس کے رتھوں اور اُس کے سواروں پر اپنا جلال ظاہر کروں گا تو مصری جان لیں گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 14