خروج 1:1-8
خروج 1:1-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ذیل میں اُن بیٹوں کے نام ہیں جو اپنے باپ یعقوب اور اپنے خاندانوں سمیت مصر میں آئے تھے: روبن، شمعون، لاوی، یہوداہ، اِشکار، زبولون، بن یمین، دان، نفتالی، جد اور آشر۔ اُس وقت یعقوب کی اولاد کی تعداد 70 تھی۔ یوسف تو پہلے ہی مصر آ چکا تھا۔ مصر میں رہتے ہوئے بہت دن گزر گئے۔ اِتنے میں یوسف، اُس کے تمام بھائی اور اُس نسل کے تمام لوگ مر گئے۔ اسرائیلی پھلے پھولے اور تعداد میں بہت بڑھ گئے۔ نتیجے میں وہ نہایت ہی طاقت ور ہو گئے۔ پورا ملک اُن سے بھر گیا۔ ہوتے ہوتے ایک نیا بادشاہ تخت نشین ہوا جو یوسف سے ناواقف تھا۔
خروج 1:1-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اِسرائیلؔ کے بیٹوں کے نام جو اپنے اپنے گھرانے کو لے کر یعقُوبؔ کے ساتھ مِصرؔ میں آئے یہ ہیں۔ رُوؔبن۔ شمعُوؔن۔ لاوؔی۔ یہُوداؔہ۔ اِشکارؔ۔ زبُولُونؔ۔ بِنیمِینؔ۔ دانؔ۔ نفتالیؔ۔ جدؔ۔ آشرؔ۔ اور سب جانیں جو یعقُوبؔ کے صُلب سے پَیدا ہُوئِیں ستّر تِھیں اور یُوسفؔ تو مِصرؔ میں پہلے ہی سے تھا۔ اور یُوسفؔ اور اُس کے سب بھائی اور اُس پُشت کے سب لوگ مَر مِٹے۔ اور اِسرائیلؔ کی اَولاد برومند اور کثِیراُلتعداد اور فراوان اور نہایت زورآور ہو گئی اور وہ مُلک اُن سے بھر گیا۔ تب مِصرؔ میں ایک نیا بادشاہ ہُؤا جو یُوسفؔ کو نہیں جانتا تھا۔