اِفسِیوں 5:6-9
اِفسِیوں 5:6-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خادِموں! اَپنے دُنیوی مالکوں کی صدق دِلی سے ڈرتے اَور کانپتے ہویٔے، اَیسی فرمانبرداری کرو جَیسی المسیؔح کی کرتے ہو۔ آدمیوں کو خُوش کرنے وَالوں کی طرح محض دکھاوے کے لیٔے خدمت نہ کرو، بَلکہ اُسے خُوش دِلی سے اَنجام دو گویا تُم المسیؔح کے خادِم ہو، اَور خُدا کی مرضی بجا لا رہے ہو۔ اَور خدمت کو آدمیوں کا نہیں، بَلکہ خُداوؔند کا کام سمجھ کر، اُسے جی جان سے کرو۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ جو کویٔی اَچھّا کام کرے گا، خواہ وہ غُلام ہو یا آزاد، خُداوؔند سے اُس کا اجر پایٔےگا۔ مالِکو! تُم بھی اَپنے خادِموں سے اِسی قِسم کا سلُوک کرو۔ اُنہیں دھمکیاں دینا چھوڑ دو کیونکہ تُم جانتے ہو کہ اُن کا اَور تمہارا دونوں کا مالک آسمان پر ہے، اَور اُس کے یہاں کسی کی طرفداری نہیں ہوتی۔
اِفسِیوں 5:6-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
غلامو، ڈرتے اور کانپتے ہوئے اپنے انسانی مالکوں کے تابع رہیں۔ خلوص دلی سے اُن کی خدمت یوں کریں جیسے مسیح کی۔ نہ صرف اُن کے سامنے ہی اور اُنہیں خوش رکھنے کے لئے خدمت کریں بلکہ مسیح کے غلاموں کی حیثیت سے جو پوری لگن سے اللہ کی مرضی پوری کرنا چاہتے ہیں۔ خوشی سے خدمت کریں، اِس طرح جیسا کہ آپ نہ صرف انسانوں کی بلکہ خداوند کی خدمت کر رہے ہوں۔ آپ تو جانتے ہیں کہ جو بھی اچھا کام ہم نے کیا اُس کا اجر خداوند دے گا، خواہ ہم غلام ہوں یا آزاد۔ اور مالکو، آپ بھی اپنے غلاموں سے ایسا ہی سلوک کریں۔ اُنہیں دھمکیاں نہ دیں۔ آپ کو تو معلوم ہے کہ آسمان پر آپ کا بھی مالک ہے اور کہ وہ جانب دار نہیں ہوتا۔
اِفسِیوں 5:6-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے نَوکرو! جو جِسم کے رُو سے تُمہارے مالِک ہیں اپنی صاف دِلی سے ڈرتے اور کانپتے ہُوئے اُن کے اَیسے فرمانبردار رہو جَیسے مسِیح کے۔ اور آدمِیوں کو خُوش کرنے والوں کی طرح دِکھاوے کے لِئے خِدمت نہ کرو بلکہ مسِیح کے بندوں کی طرح دِل سے خُدا کی مرضی پُوری کرو۔ اور اُس خِدمت کو آدمِیوں کی نہیں بلکہ خُداوند کی جان کر جی سے کرو۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ جو کوئی جَیسا اچھّا کام کرے گا خواہ غُلام ہو خواہ آزاد خُداوند سے وَیسا ہی پائے گا۔ اور اَے مالِکو! تُم بھی دھمکِیاں چھوڑ کر اُن کے ساتھ اَیسا ہی سلُوک کرو کیونکہ تُم جانتے ہو کہ اُن کا اور تُمہارا دونوں کا مالِک آسمان پر ہے اور وہ کِسی کا طرف دار نہیں۔