YouVersion Logo
تلاش

اِفسِیوں 10:6-24

اِفسِیوں 10:6-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

آخِری بات یہ ہے کہ تُم خُداوؔند میں اَور اُس کی قُوّت سے معموُر ہوکر مضبُوط بَن جاؤ۔ خُدا کے دئیے ہویٔے تمام ہتھیاروں سے لیس ہو جاؤ، تاکہ تُم اِبلیس کے منصُوبوں کا مُقابلہ کر سکو۔ کیونکہ ہمیں خُون اَور گوشت یعنی اِنسان سے نہیں، بَلکہ تاریکی کی دُنیا کے حاکموں، اِختیّار وَالوں، اَور شرارت کی رُوحانی فَوجوں سے لڑنا ہے جو آسمانی مقاموں میں ہیں۔ چنانچہ تُم خُدا کے تمام ہتھیار باندھ کر تیّار ہو جاؤ، تاکہ جَب اُن کے حملہ کرنے کا بُرا دِن آئے، تو تُم اُن کا مُقابلہ کر سکو، اَور اُنہیں پُوری طرح شِکست دے کر قائِم بھی رہ سکو۔ اِس مقصد کے لیٔے تُم سچّائی سے اَپنی کمر کِس لو، خُدا کی راستبازی کا بکتر پہن لو۔ صُلح کی خُوشخبری کی تیّاری کے جُوتے پہن کر تیّار ہو جاؤ۔ اَور اِن کے علاوہ ایمان کی سِپر اُٹھائے رکھو، تاکہ اُس سے تُم شیطان کے سارے آتِشی تیروں کو بُجھا سکو۔ اَور نَجات کا بکتر اَور رُوح کی تلوار کو، جو خُدا کا کلام ہے لے لو۔ پاک رُوح کی ہدایت سے ہر وقت مِنّت اَور دعا کرتے رہو، اَور اِس غرض سے جاگتے رہو تاکہ سَب مُقدّسین کے لیٔے بلاناغہ دعا کر سکو۔ میرے لیٔے بھی دعا کرو، تاکہ جَب کبھی مُجھے بولنے کا موقع ملے، تو مُجھے پیغام سُنانے کی تَوفیق ہو اَور میں خُوشخبری کے بھید کو دِلیری سے ظاہر کر سکوں، اِس خُوشخبری کی خاطِر میں زنجیر سے جکڑا ہُوا ایلچی ہُوں۔ دعا کرو کہ میں اَیسی دِلیری سے اُسے بَیان کروں، جَیسا مُجھ پر فرض ہے۔ تُخِکسؔ جو عزیز مَسیحی بھایٔی اَور خُداوؔند میں وفادار خادِم ہے، تُمہیں سَب کچھ بتا دے گا، تاکہ تُم میری نظر بندی کے حالات سے واقف ہو جاؤ۔ میں اُسے تمہارے پاس اِس غرض سے بھیج رہا ہُوں، وہ تُمہیں ہمارے حالات سے واقف کرکے تمہارے دلوں کو تسلّی دے سکے۔ خُدا باپ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے مَسیحی بھائیو اَور بہنوں کو اِطمینان حاصل ہو، وہ ایمان پر قائِم رہیں اَور آپَس میں مَحَبّت رکھیں۔ جو ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح سے لازوال مَحَبّت رکھتے ہیں اُن سَب پر اُس کا فضل ہوتا رہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 6

اِفسِیوں 10:6-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ایک آخری بات، خداوند اور اُس کی زبردست قوت میں طاقت ور بن جائیں۔ اللہ کا پورا زرہ بکتر پہن لیں تاکہ ابلیس کی چالوں کا سامنا کر سکیں۔ کیونکہ ہماری جنگ انسان کے ساتھ نہیں ہے بلکہ حکمرانوں اور اختیار والوں کے ساتھ، اِس تاریک دنیا کے حاکموں کے ساتھ اور آسمانی دنیا کی شیطانی قوتوں کے ساتھ ہے۔ چنانچہ اللہ کا پورا زرہ بکتر پہن لیں تاکہ آپ مصیبت کے دن ابلیس کے حملوں کا سامنا کر سکیں بلکہ سب کچھ سرانجام دینے کے بعد قائم رہ سکیں۔ اب یوں کھڑے ہو جائیں کہ آپ کی کمر میں سچائی کا پٹکا بندھا ہوا ہو، آپ کے سینے پر راست بازی کا سینہ بند لگا ہو اور آپ کے پاؤں میں ایسے جوتے ہوں جو صلح سلامتی کی خوش خبری سنانے کے لئے تیار رہیں۔ اِس کے علاوہ ایمان کی ڈھال بھی اُٹھائے رکھیں، کیونکہ اِس سے آپ ابلیس کے جلتے ہوئے تیر بجھا سکتے ہیں۔ اپنے سر پر نجات کا خود پہن کر ہاتھ میں روح کی تلوار جو اللہ کا کلام ہے تھامے رکھیں۔ اور ہر موقع پر روح میں ہرطرح کی دعا اور منت کرتے رہیں۔ جاگتے اور ثابت قدمی سے تمام مُقدّسین کے لئے دعا کرتے رہیں۔ میرے لئے بھی دعا کریں کہ جب بھی مَیں اپنا منہ کھولوں اللہ مجھے ایسے الفاظ عطا کرے کہ پوری دلیری سے اُس کی خوش خبری کا راز سنا سکوں۔ کیونکہ مَیں اِسی پیغام کی خاطر قیدی، ہاں زنجیروں میں جکڑا ہوا مسیح کا ایلچی ہوں۔ دعا کریں کہ مَیں مسیح میں اُتنی دلیری سے یہ پیغام سناؤں جتنا مجھے کرنا چاہئے۔ آپ میرے حال اور کام کے بارے میں بھی جاننا چاہیں گے۔ خداوند میں ہمارا عزیز بھائی اور وفادار خادم تُخِکُس آپ کو یہ سب کچھ بتا دے گا۔ مَیں نے اُسے اِسی لئے آپ کے پاس بھیج دیا کہ آپ کو ہمارے حال کا پتا چلے اور آپ کو تسلی ملے۔ خدا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ بھائیوں کو سلامتی اور ایمان کے ساتھ محبت عطا کریں۔ اللہ کا فضل اُن سب کے ساتھ ہو جو اَن مٹ محبت کے ساتھ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کو پیار کرتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 6

اِفسِیوں 10:6-24 کِتابِ مُقادّس (URD)

غرض خُداوند میں اور اُس کی قُدرت کے زور میں مضبُوط بنو۔ خُدا کے سب ہتھیار باندھ لو تاکہ تُم اِبلِیس کے منصُوبوں کے مُقابلہ میں قائِم رہ سکو۔ کیونکہ ہمیں خُون اور گوشت سے کُشتی نہیں کرنا ہے بلکہ حُکُومت والوں اور اِختیار والوں اور اِس دُنیا کی تارِیکی کے حاکِموں اور شرارت کی اُن رُوحانی فَوجوں سے جو آسمانی مقاموں میں ہیں۔ اِس واسطے تُم خُدا کے سب ہتھیار باندھ لو تاکہ بُرے دِن میں مُقابلہ کر سکو اور سب کاموں کو انجام دے کر قائِم رہ سکو۔ پس سچّائی سے اپنی کمر کس کر اور راست بازی کا بکتر لگا کر۔ اور پاؤں میں صُلح کی خُوشخبری کی تیّاری کے جُوتے پہن کر۔ اور اُن سب کے ساتھ اِیمان کی سِپر لگا کر قائِم رہو۔ جِس سے تُم اُس شرِیر کے سب جلتے ہُوئے تِیروں کو بُجھا سکو۔ اور نجات کا خَود اور رُوح کی تلوار جو خُدا کا کلام ہے لے لو۔ اور ہر وقت اور ہر طرح سے رُوح میں دُعا اور مِنّت کرتے رہو اور اِسی غرض سے جاگتے رہو کہ سب مُقدّسوں کے واسطے بِلاناغہ دُعا کِیا کرو۔ اور میرے لِئے بھی تاکہ بولنے کے وقت مُجھے کلام کرنے کی تَوفیِق ہو جِس سے مَیں خُوشخبری کے بھید کو دِلیری سے ظاہِر کرُوں۔ جِس کے لِئے زنجِیر سے جکڑا ہُؤا ایلچی ہُوں اور اُس کو اَیسی دِلیری سے بیان کرُوں جَیسا بیان کرنا مُجھ پر فرض ہے۔ اور تُخِکس جو پِیارا بھائی اور خُداوند میں دِیانت دار خادِم ہے تُمہیں سب باتیں بتا دے گا تاکہ تُم بھی میرے حال سے واقِف ہو جاؤ کہ مَیں کِس طرح رہتا ہُوں۔ اُس کو مَیں نے تُمہارے پاس اِسی واسطے بھیجا ہے کہ تُم ہماری حالت سے واقِف ہو جاؤ اور وہ تُمہارے دِلوں کو تسلّی دے۔ خُدا باپ اور خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے بھائِیوں کو اِطمِینان حاصِل ہو اور اُن میں اِیمان کے ساتھ مُحبّت ہو۔ جو ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح سے لازوال مُحبّت رکھتے ہیں اُن سب پر فضل ہوتا رہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 6