اِفسِیوں 25:4-32
اِفسِیوں 25:4-32 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پس جھُوٹ بولنا چھوڑکر ہر شخص اَپنے پڑوسی سے سچ بولے، کیونکہ ہم سَب ایک ہی بَدن کے اَعضا ہیں۔ ”غُصّہ تو کرو مگر تُم گُناہ سے باز رہو“: اَور تمہارا غُصّہ سُورج کے ڈُوبنے تک باقی نہیں رہنا چاہیے، اِبلیس کو فائدہ اُٹھانے کا موقع مت دو۔ چوری کرنے والا آئندہ چوری نہ کرے، بَلکہ کویٔی اَچھّا پیشہ اِختیّار کرکے اَپنے ہاتھوں سے محنت کرے، تاکہ مُحتاجوں کی مدد کرنے کے لیٔے اُس کے پاس کچھ ہو۔ تمہارے مُنہ سے کویٔی بُری بات نہ نکلے، بَلکہ اَچھّی بات ہی نکلے جو ضروُرت کے مُوافق ترقّی کا باعث ہو، تاکہ سُننے وَالوں پر فضل ہو۔ خُدا کے پاک رُوح کو رَنجیدہ مت کرو، کیونکہ خُدا نے تُم پر مُہر لگائی ہے کہ تُم اِنصاف کے دِن مخلصی پا سکو۔ ہر قِسم کا کینہ، قہر، غُصّہ، تکرار اَور کُفر، ساری دُشمنی سمیت اَپنے سے دُور کردو۔ اَور ہر ایک کے ساتھ مہربانی اَور نرم دِلی سے پیش آؤ، جِس طرح خُدا نے المسیؔح میں تمہارے قُصُور مُعاف کیٔے ہیں، تُم بھی ایک دُوسرے کے قُصُور مُعاف کر دیا کرو۔
اِفسِیوں 25:4-32 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اِس لئے ہر شخص جھوٹ سے باز رہ کر دوسروں سے سچ بات کرے، کیونکہ ہم سب ایک ہی بدن کے اعضا ہیں۔ غصے میں آتے وقت گناہ مت کرنا۔ آپ کا غصہ سورج کے غروب ہونے تک ٹھنڈا ہو جائے، ورنہ آپ ابلیس کو اپنی زندگی میں کام کرنے کا موقع دیں گے۔ چور اب سے چوری نہ کرے بلکہ خوب محنت مشقت کر کے اپنے ہاتھوں سے اچھا کام کرے۔ ہاں، وہ اِتنا کمائے کہ ضرورت مندوں کو بھی کچھ دے سکے۔ کوئی بھی بُری بات آپ کے منہ سے نہ نکلے بلکہ صرف ایسی باتیں جو دوسروں کی ضروریات کے مطابق اُن کی تعمیر کریں۔ یوں سننے والوں کو برکت ملے گی۔ اللہ کے مُقدّس روح کو دُکھ نہ پہنچانا، کیونکہ اُسی سے اللہ نے آپ پر مُہر لگا کر یہ ضمانت دے دی ہے کہ آپ اُسی کے ہیں اور نجات کے دن بچ جائیں گے۔ تمام طرح کی تلخی، طیش، غصے، شور شرابہ، گالی گلوچ بلکہ ہر قسم کے بُرے رویے سے باز آئیں۔ ایک دوسرے پر مہربان اور رحم دل ہوں اور ایک دوسرے کو یوں معاف کریں جس طرح اللہ نے آپ کو بھی مسیح میں معاف کر دیا ہے۔
اِفسِیوں 25:4-32 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس جُھوٹ بولنا چھوڑ کر ہر ایک شخص اپنے پڑوسی سے سچ بولے کیونکہ ہم آپس میں ایک دُوسرے کے عُضو ہیں۔ غُصّہ تو کرو مگر گُناہ نہ کرو۔ سُورج کے ڈُوبنے تک تُمہاری خفگی نہ رہے۔ اور اِبلِیس کو مَوقع نہ دو۔ چوری کرنے والا پِھر چوری نہ کرے بلکہ اچھّا پیشہ اِختیار کر کے ہاتھوں سے مِحنت کرے تاکہ مُحتاج کو دینے کے لِئے اُس کے پاس کُچھ ہو۔ کوئی گندی بات تُمہارے مُنہ سے نہ نِکلے بلکہ وُہی جو ضرُورت کے مُوافِق ترقّی کے لِئے اچھّی ہو تاکہ اُس سے سُننے والوں پر فضل ہو۔ اور خُدا کے پاک رُوح کو رنجِیدہ نہ کرو جِس سے تُم پر مخلصی کے دِن کے لِئے مُہر ہُوئی۔ ہر طرح کی تلخ مِزاجی اور قہر اور غُصّہ اور شور و غُل اور بدگوئی ہر قِسم کی بدخواہی سمیت تُم سے دُور کی جائیں۔ اور ایک دُوسرے پر مِہربان اور نرم دِل ہو اور جِس طرح خُدا نے مسِیح میں تُمہارے قصُور مُعاف کِئے ہیں تُم بھی ایک دُوسرے کے قصُور مُعاف کرو۔