اِفسِیوں 13:4-15
اِفسِیوں 13:4-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یہاں تک کہ ہم سَب کے سَب خُدا کے بیٹے کو پُورے طور پر جاننے اَور اُس پر ایمان رکھنے میں ایک ہو جایٔیں، اَور کامِل اِنسان بَن کر المسیؔح کے قد کے اَندازہ تک پہُنچ جایٔیں۔ تَب ہم آئندہ کو اَیسے بچّے نہ رہیں گے کہ ہمیں ہر غلط تعلیم کی تیز ہَوا، پانی کی لہروں کی طرح اِدھر اُدھر اُچھالتی رہے اَور ہم چال باز اَور مکّار لوگوں کے گُمراہ کردینے والے منصُوبوں کا شِکار نہ بنتے رہیں۔ بَلکہ ہمیں مَحَبّت کے ساتھ حق پر قائِم رہنا ہے، اَور المسیؔح کے ساتھ پیوستہ ہوکر بڑھتے جانا ہے کیونکہ وُہی سَر ہے یعنی المسیؔح۔
اِفسِیوں 13:4-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اِس طریقے سے ہم سب ایمان اور اللہ کے فرزند کی پہچان میں ایک ہو کر بالغ ہو جائیں گے، اور ہم مل کر مسیح کی معموری اور بلوغت کو منعکس کریں گے۔ پھر ہم بچے نہیں رہیں گے، اور تعلیم کے ہر ایک جھونکے سے اُچھلتے پھرتے نہیں رہیں گے جب لوگ اپنی چالاکی اور دھوکے بازی سے ہمیں اپنے جالوں میں پھنسانے کی کوشش کریں گے۔ اِس کے بجائے ہم محبت کی روح میں سچی بات کر کے ہر لحاظ سے مسیح کی طرف بڑھتے جائیں گے جو ہمارا سر ہے۔
اِفسِیوں 13:4-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب تک ہم سب کے سب خُدا کے بیٹے کے اِیمان اور اُس کی پہچان میں ایک نہ ہو جائیں اور کامِل اِنسان نہ بنیں یعنی مسِیح کے پُورے قَد کے اندازہ تک نہ پُہنچ جائیں۔ تاکہ ہم آگے کو بچّے نہ رہیں اور آدمِیوں کی بازِیگری اور مَکّاری کے سبب سے اُن کے گُمراہ کرنے والے منصُوبوں کی طرف ہر ایک تعلِیم کے جھوکے سے مَوجوں کی طرح اُچھلتے بہتے نہ پِھریں۔ بلکہ مُحبّت کے ساتھ سچّائی پر قائِم رہ کر اور اُس کے ساتھ جو سر ہے یعنی مسِیح کے ساتھ پَیوستہ ہو کر ہر طرح سے بڑھتے جائیں۔