YouVersion Logo
تلاش

اِفسِیوں 11:4-16

اِفسِیوں 11:4-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

چنانچہ المسیؔح نے خُود ہی بعض کو رسول، بعض کو نبی، بعض کو مُبشَّر اَور بعض کو جماعت کا پاسبان اَور بعض کو اُستاد مُقرّر کیا، تاکہ خُدا کے مُقدّس لوگ خدمت کرنے کے لیٔے مُکمّل طور پر تربّیت پائیں، اَور المسیؔح کے بَدن کی ترقّی کا باعث ہوں یہاں تک کہ ہم سَب کے سَب خُدا کے بیٹے کو پُورے طور پر جاننے اَور اُس پر ایمان رکھنے میں ایک ہو جایٔیں، اَور کامِل اِنسان بَن کر المسیؔح کے قد کے اَندازہ تک پہُنچ جایٔیں۔ تَب ہم آئندہ کو اَیسے بچّے نہ رہیں گے کہ ہمیں ہر غلط تعلیم کی تیز ہَوا، پانی کی لہروں کی طرح اِدھر اُدھر اُچھالتی رہے اَور ہم چال باز اَور مکّار لوگوں کے گُمراہ کردینے والے منصُوبوں کا شِکار نہ بنتے رہیں۔ بَلکہ ہمیں مَحَبّت کے ساتھ حق پر قائِم رہنا ہے، اَور المسیؔح کے ساتھ پیوستہ ہوکر بڑھتے جانا ہے کیونکہ وُہی سَر ہے یعنی المسیؔح۔ المسیؔح کی وجہ سے بَدن کے تمام اَعضا باہم پیوستہ ہیں، اَور بَدن اَپنے ہر جوڑ کی مدد سے قائِم رہتاہے، چنانچہ جَب ہر عُضو اَپنا اَپنا کام صحیح طور پر کرتا ہے تو سارا بَدن ترقّی کرتا، اَور مَحَبّت میں بڑھتا جاتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 4

اِفسِیوں 11:4-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اُسی نے اپنی جماعت کو طرح طرح کے خادموں سے نوازا۔ بعض رسول، بعض نبی، بعض مبشر، بعض چرواہے اور بعض اُستاد ہیں۔ اِن کا مقصد یہ ہے کہ مُقدّسین کو خدمت کرنے کے لئے تیار کیا جائے اور یوں مسیح کے بدن کی تعمیر و ترقی ہو جائے۔ اِس طریقے سے ہم سب ایمان اور اللہ کے فرزند کی پہچان میں ایک ہو کر بالغ ہو جائیں گے، اور ہم مل کر مسیح کی معموری اور بلوغت کو منعکس کریں گے۔ پھر ہم بچے نہیں رہیں گے، اور تعلیم کے ہر ایک جھونکے سے اُچھلتے پھرتے نہیں رہیں گے جب لوگ اپنی چالاکی اور دھوکے بازی سے ہمیں اپنے جالوں میں پھنسانے کی کوشش کریں گے۔ اِس کے بجائے ہم محبت کی روح میں سچی بات کر کے ہر لحاظ سے مسیح کی طرف بڑھتے جائیں گے جو ہمارا سر ہے۔ وہی نسوں کے ذریعے پورے بدن کے مختلف حصوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ کر متحد کر دیتا ہے۔ ہر حصہ اپنی طاقت کے موافق کام کرتا ہے، اور یوں پورا بدن محبت کی روح میں بڑھتا اور اپنی تعمیر کرتا رہتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 4

اِفسِیوں 11:4-16 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور اُسی نے بعض کو رسُول اور بعض کو نبی اور بعض کو مُبشِّر اور بعض کو چرواہا اور اُستاد بنا کر دے دِیا۔ تاکہ مُقدّس لوگ کامِل بنیں اور خِدمت گُذاری کا کام کِیا جائے اور مسِیح کا بدن ترقّی پائے۔ جب تک ہم سب کے سب خُدا کے بیٹے کے اِیمان اور اُس کی پہچان میں ایک نہ ہو جائیں اور کامِل اِنسان نہ بنیں یعنی مسِیح کے پُورے قَد کے اندازہ تک نہ پُہنچ جائیں۔ تاکہ ہم آگے کو بچّے نہ رہیں اور آدمِیوں کی بازِیگری اور مَکّاری کے سبب سے اُن کے گُمراہ کرنے والے منصُوبوں کی طرف ہر ایک تعلِیم کے جھوکے سے مَوجوں کی طرح اُچھلتے بہتے نہ پِھریں۔ بلکہ مُحبّت کے ساتھ سچّائی پر قائِم رہ کر اور اُس کے ساتھ جو سر ہے یعنی مسِیح کے ساتھ پَیوستہ ہو کر ہر طرح سے بڑھتے جائیں۔ جِس سے سارا بدن ہر ایک جوڑ کی مدد سے پَیوستہ ہو کر اور گٹھ کر اُس تاثِیر کے مُوافِق جو بقدر ہر حِصّہ ہوتی ہے اپنے آپ کو بڑھاتا ہے تاکہ مُحبّت میں اپنی ترقّی کرتا جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 4