اِفسِیوں 1:4-10
اِفسِیوں 1:4-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس مَیں جو خُداوند میں قَیدی ہُوں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ جِس بُلاوے سے تُم بُلائے گئے تھے اُس کے لائِق چال چلو۔ یعنی کمال فروتنی اور حِلم کے ساتھ تحمُّل کر کے مُحبّت سے ایک دُوسرے کی برداشت کرو۔ اور اِسی کوشِش میں رہو کہ رُوح کی یگانگی صُلح کے بند سے بندھی رہے۔ ایک ہی بدن ہے اور ایک ہی رُوح۔ چُنانچہ تُمہیں جو بُلائے گئے تھے اپنے بُلائے جانے سے اُمّید بھی ایک ہی ہے۔ ایک ہی خُداوند ہے۔ ایک ہی اِیمان۔ ایک ہی بپتِسمہ۔ اور سب کا خُدا اور باپ ایک ہی ہے۔ جو سب کے اُوپر اور سب کے درمِیان اور سب کے اندر ہے۔ اور ہم میں سے ہر ایک پر مسِیح کی بخشِش کے اندازہ کے مُوافِق فضل ہُؤا ہے۔ اِسی واسطے وہ فرماتا ہے کہ جب وہ عالَمِ بالا پر چڑھا تو قَیدیوں کو ساتھ لے گیا اور آدمِیوں کو اِنعام دِئے۔ (اُس کے چڑھنے سے اَور کیا پایا جاتا ہے سِوا اِس کے کہ وہ زمِین کے نِیچے کے عِلاقہ میں اُترا بھی تھا؟ اور یہ اُترنے والا وُہی ہے جو سب آسمانوں سے بھی اُوپر چڑھ گیا تاکہ سب چِیزوں کو معمُور کرے)۔
اِفسِیوں 1:4-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پس میں جو خُداوؔند کی خاطِر قَید میں ہُوں، تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ اُس مِعیار کے مُطابق زندگی گُزارو جِس کے لیٔے تُم بُلائے گیٔے تھے۔ ہمیشہ فروتن اَور نرم دل ہوکر خُدا کے تابع رہو اَور صبر کے ساتھ ایک دُوسرے کی مَحَبّت میں برداشت کرو۔ پاک رُوح نے تُمہیں ایک کر دیا ہے اِس لیٔے کوشش کرو کہ ایک دُوسرے کے ساتھ صُلح کے بند سے بندھے رہو۔ بَدن ایک ہی ہے اَور پاک رُوح بھی ایک ہی ہے، جَب تُم خُدا کی طرف سے بُلائے گیٔے تو ایک ہی اُمّید رکھنے کے لیٔے بُلائے گیٔے تھے؛ ہمارا ایک ہی خُداوؔند، ایک ہی ایمان اَور ایک ہی پاک غُسل ہے؛ سَب کا خُدا ایک ہے، وُہی سَب کا باپ ہے، وُہی سَب کے اُوپر ہے، سَب کے درمیان اَور سَب کے اَندر ہے۔ لیکن ہم میں سے ہر ایک پر المسیؔح کی بخشش کے اَندازہ کے مُطابق فضل کیا گیا ہے۔ اِسی وجہ سے کِتاب مُقدّس کا فرمان ہے: ”جَب آپ آسمان پر چڑھے، تو قَیدیوں کو اَپنے ساتھ لے گیٔے اَور آپ نے لوگوں کو انعامات سے نوازا۔“ (اُس کے ”آسمان پر چڑھنے سے“ کیا مُراد ہے؟ یہی کہ وہ زمین کے نیچے کے علاقہ میں بھی اُترگئے تھے؟ اَور یہ جو نیچے اُترا وُہی ہے جو سَب آسمانوں سے بھی بُلند مقام پر چڑھا، تاکہ ساری کائِنات کو معموُر کرے۔)
اِفسِیوں 1:4-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
چنانچہ مَیں جو خداوند میں قیدی ہوں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ اُس زندگی کے مطابق چلیں جس کے لئے خدا نے آپ کو بُلایا ہے۔ ہر وقت حلیم اور نرم دل رہیں، صبر سے کام لیں اور ایک دوسرے سے محبت رکھ کر اُسے برداشت کریں۔ صلح سلامتی کے بندھن میں رہ کر روح کی یگانگت قائم رکھنے کی پوری کوشش کریں۔ ایک ہی بدن اور ایک ہی روح ہے۔ یوں آپ کو بھی ایک ہی اُمید کے لئے بُلایا گیا۔ ایک خداوند، ایک ایمان، ایک بپتسمہ ہے۔ ایک خدا ہے، جو سب کا واحد باپ ہے۔ وہ سب کا مالک ہے، سب کے ذریعے کام کرتا ہے اور سب میں موجود ہے۔ اب ہم سب کو اللہ کا فضل بخشا گیا۔ لیکن مسیح ہر ایک کو مختلف پیمانے سے یہ فضل عطا کرتا ہے۔ اِس لئے کلامِ مُقدّس فرماتا ہے، ”اُس نے بلندی پر چڑھ کر قیدیوں کا ہجوم گرفتار کر لیا اور آدمیوں کو تحفے دیئے۔“ اب غور کریں کہ چڑھنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ اِس کا مطلب ہے کہ پہلے وہ زمین کی گہرائیوں میں اُترا۔ جو اُترا وہ وہی ہے جو تمام آسمانوں سے اونچا چڑھ گیا تاکہ تمام کائنات کو اپنے آپ سے معمور کرے۔