اِفسِیوں 16:3-19
اِفسِیوں 16:3-19 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور خُدا سے دعا کرتا ہُوں کہ وہ اَپنے جلال کی دولت سے تُمہیں پاک رُوح عطا فرمائے جو اَپنی قُدرت سے تمہاری باطنی اِنسانیّت کو طاقتور بنادے۔ اَور درخواست کرتا ہُوں کہ تمہارے ایمان کے وسیلہ سے المسیؔح تمہارے دلوں میں سکونت کرنے لگیں تاکہ تُم مَحَبّت میں جڑ پکڑ کے اَور بُنیاد قائِم کرکے، سَب مُقدّسین سمیت بخُوبی جان سکیں کہ المسیؔح کی مَحَبّت کی لمبائی، چوڑائی، اُونچائی اَور گہرائی کتنی ہے، اَور المسیؔح کی بے اِنتہا مَحَبّت کو سمجھ سکو تاکہ خُدا کی ساری معموُری تُم میں سما جائے۔
اِفسِیوں 16:3-19 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
میری دعا ہے کہ وہ اپنے جلال کی دولت کے موافق یہ بخشے کہ آپ اُس کے روح کے وسیلے سے باطنی طور پر زبردست تقویت پائیں، کہ مسیح ایمان کے ذریعے آپ کے دلوں میں سکونت کرے۔ ہاں، میری دعا ہے کہ آپ محبت میں جڑ پکڑیں اور اِس بنیاد پر زندگی یوں گزاریں کہ آپ باقی تمام مُقدّسین کے ساتھ یہ سمجھنے کے قابل بن جائیں کہ مسیح کی محبت کتنی چوڑی، کتنی لمبی، کتنی اونچی اور کتنی گہری ہے۔ خدا کرے کہ آپ مسیح کی یہ محبت جان لیں جو ہر علم سے کہیں افضل ہے اور یوں اللہ کی پوری معموری سے بھر جائیں۔
اِفسِیوں 16:3-19 کِتابِ مُقادّس (URD)
کہ وہ اپنے جلال کی دَولت کے مُوافِق تُمہیں یہ عِنایت کرے کہ تُم اُس کے رُوح سے اپنی باطِنی اِنسانِیّت میں بُہت ہی زورآور ہو جاؤ۔ اور اِیمان کے وسِیلہ سے مسِیح تُمہارے دِلوں میں سکُونت کرے تاکہ تُم مُحبّت میں جڑ پکڑ کے اور بُنیاد قائِم کر کے۔ سب مُقدّسوں سمیت بخُوبی معلُوم کر سکو کہ اُس کی چَوڑائی اور لمبائی اور اُونچائی اور گہرائی کِتنی ہے۔ اور مسِیح کی اُس مُحبّت کو جان سکو جو جاننے سے باہر ہے تاکہ تُم خُدا کی ساری معمُوری تک معمُور ہو جاؤ۔