YouVersion Logo
تلاش

اِفسِیوں 1:3-21

اِفسِیوں 1:3-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

یہی وجہ ہے کہ میں پَولُسؔ، تُم غَیریہُودی قوموں کی خاطِر المسیؔح عیسیٰ کا قَیدی ہُوں۔ تُم نے سُنا ہوگا کہ خُدا نے مُجھے اَپنے فضل سے تمہارے لیٔے یہ تَوفیق عطا کی، خُدا نے یہ راز مُکاشفہ کے ذریعہ مُجھ پر ظاہر کیا، میں نے اِس خط کے پچھلے حِصّے میں تحریری طور پر لِکھّا ہے۔ اُسے پڑھ کر تُمہیں مَعلُوم ہوگا کہ میں المسیؔح کے راز سے کِس قدر آگاہ ہُوں۔ گزرے زمانوں میں یہ راز اِنسان کو اِس طرح مَعلُوم نہ ہُوا تھا، جِس طرح خُدا کے مُقدّس رسولوں اَور نَبیوں پر پاک رُوح کے وسیلہ سے اَب ظاہر کیا گیا ہے۔ وہ راز یہ ہے کہ خُوشخبری کے وسیلہ سے غَیریہُودیوں کا یہُودیوں کے ساتھ خُدا کی مِیراث میں حِصّہ ہے، وہ ایک ہی بَدن کے اَعضا ہیں، اَور خُدا نے المسیؔح عیسیٰ کے وسیلے سے جو وعدہ کیا ہے اُس میں شامل ہیں۔ یہ خُدا کے فضل کے اِنعام کی بدولت ہے کہ اُس کی قُدرت نے مُجھ میں تاثیر کی اَور میں اِس خُوشخبری کا خادِم بنا۔ اگرچہ میں خُدا کے مُقدّسین میں سَب سے چھوٹا ہُوں پھر بھی مُجھ پر اُس کا یہ فضل ہُوا کہ میں غَیریہُودیوں کو المسیؔح کی اِس دولت کی خُوشخبری سُناؤں جو بے قیاس ہے۔ اَور سَب لوگوں پر رَوشن کروں کہ وہ راز جو خالقِ کائِنات میں اَزل سے پوشیدہ رکھا تھا، اُس کے ظہُور میں آنے کا کیا اِنتظام ہے۔ تاکہ اَب جماعت کے وسیلہ سے خُدا کی گُوناگوں حِکمت اُن حُکومت والوں اَور اِختیّار والوں کو مَعلُوم ہو جائے، جو آسمانی مقاموں میں ہیں۔ یہ سَب کچھ خُدا کے اَزلی اِرادہ کے مُطابق ہُوا جسے اُس نے ہمارے المسیؔح عیسیٰ میں پُورا کیا۔ چونکہ ہم المسیؔح پر ایمان لایٔے ہیں اِس لیٔے ہم بڑی دِلیری اَور پُورے بھروسے کے ساتھ خُدا کے حُضُور میں جا سکتے ہیں۔ لہٰذا، میں درخواست کرتا ہُوں کہ تُم میری اِن مُصیبتوں کے سبب سے، جو میں تمہاری خاطِر سَہتا ہُوں، ہِمّت نہ ہارو، کیونکہ وہ تمہارے لیٔے جلال کا باعث ہیں۔ اِس لیٔے میں آسمانی باپ کے آگے دعا کے لئے گھُٹنے ٹیکتا ہُوں، جِس سے زمین اَور آسمان کا ہر خاندان نامزد ہے۔ اَور خُدا سے دعا کرتا ہُوں کہ وہ اَپنے جلال کی دولت سے تُمہیں پاک رُوح عطا فرمائے جو اَپنی قُدرت سے تمہاری باطنی اِنسانیّت کو طاقتور بنادے۔ اَور درخواست کرتا ہُوں کہ تمہارے ایمان کے وسیلہ سے المسیؔح تمہارے دلوں میں سکونت کرنے لگیں تاکہ تُم مَحَبّت میں جڑ پکڑ کے اَور بُنیاد قائِم کرکے، سَب مُقدّسین سمیت بخُوبی جان سکیں کہ المسیؔح کی مَحَبّت کی لمبائی، چوڑائی، اُونچائی اَور گہرائی کتنی ہے، اَور المسیؔح کی بے اِنتہا مَحَبّت کو سمجھ سکو تاکہ خُدا کی ساری معموُری تُم میں سما جائے۔ خُدا بڑا قادر خُدا ہے، اُس کی قُدرت ہم میں تاثیر کرتی ہے، اَور وہ اُس قُدرت کے باعث ہمارے لیٔے ہمارے مانگنے یا تصوّر سے کہیں زِیادہ کر سَکتا ہے، جماعت میں اَور المسیؔح عیسیٰ میں پُشت در پُشت، اَور اَبد تک اُن کی تمجید ہوتی رہے۔ آمین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 3

اِفسِیوں 1:3-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اِس وجہ سے مَیں پولس جو آپ غیریہودیوں کی خاطر مسیح عیسیٰ کا قیدی ہوں اللہ سے دعا کرتا ہوں۔ آپ نے تو سن لیا ہے کہ مجھے آپ میں اللہ کے فضل کا انتظام چلانے کی خاص ذمہ داری دی گئی ہے۔ جس طرح مَیں نے پہلے ہی مختصر طور پر لکھا ہے، اللہ نے خود مجھ پر یہ راز ظاہر کر دیا۔ جب آپ وہ پڑھیں گے جو مَیں نے لکھا تو آپ جان لیں گے کہ مجھے مسیح کے راز کے بارے میں کیا کیا سمجھ آئی ہے۔ گزرے زمانوں میں اللہ نے یہ بات ظاہر نہیں کی، لیکن اب اُس نے اِسے روح القدس کے ذریعے اپنے مُقدّس رسولوں اور نبیوں پر ظاہر کر دیا۔ اور اللہ کا راز یہ ہے کہ اُس کی خوش خبری کے ذریعے غیریہودی اسرائیل کے ساتھ آسمانی بادشاہی کے وارث، ایک ہی بدن کے اعضا اور اُسی وعدے میں شریک ہیں جو اللہ نے مسیح عیسیٰ میں کیا ہے۔ مَیں اللہ کے مفت فضل اور اُس کی قدرت کے اظہار سے خوش خبری کا خادم بن گیا۔ اگرچہ مَیں اللہ کے تمام مُقدّسین سے کمتر ہوں توبھی اُس نے مجھے یہ فضل بخشا کہ مَیں غیریہودیوں کو اُس لامحدود دولت کی خوش خبری سناؤں جو مسیح میں دست یاب ہے۔ یہی میری ذمہ داری بن گئی کہ مَیں سب پر اُس راز کا انتظام ظاہر کروں جو گزرے زمانوں میں سب چیزوں کے خالق خدا میں پوشیدہ رہا۔ کیونکہ اللہ چاہتا تھا کہ اب مسیح کی جماعت ہی آسمانی حکمرانوں اور قوتوں کو اللہ کی وسیع حکمت کے بارے میں علم پہنچائے۔ یہی اُس کا ازلی منصوبہ تھا جو اُس نے ہمارے خداوند مسیح عیسیٰ کے وسیلے سے تکمیل تک پہنچایا۔ اُس میں اور اُس پر ایمان رکھ کر ہم پوری آزادی اور اعتماد کے ساتھ اللہ کے حضور آ سکتے ہیں۔ اِس لئے میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ میری مصیبتیں دیکھ کر بےدل نہ ہو جائیں۔ یہ مَیں آپ کی خاطر برداشت کر رہا ہوں، اور یہ آپ کی عزت کا باعث ہیں۔ اِس وجہ سے مَیں باپ کے حضور اپنے گھٹنے ٹیکتا ہوں، اُس باپ کے سامنے جس سے آسمان و زمین کا ہر خاندان نامزد ہے۔ میری دعا ہے کہ وہ اپنے جلال کی دولت کے موافق یہ بخشے کہ آپ اُس کے روح کے وسیلے سے باطنی طور پر زبردست تقویت پائیں، کہ مسیح ایمان کے ذریعے آپ کے دلوں میں سکونت کرے۔ ہاں، میری دعا ہے کہ آپ محبت میں جڑ پکڑیں اور اِس بنیاد پر زندگی یوں گزاریں کہ آپ باقی تمام مُقدّسین کے ساتھ یہ سمجھنے کے قابل بن جائیں کہ مسیح کی محبت کتنی چوڑی، کتنی لمبی، کتنی اونچی اور کتنی گہری ہے۔ خدا کرے کہ آپ مسیح کی یہ محبت جان لیں جو ہر علم سے کہیں افضل ہے اور یوں اللہ کی پوری معموری سے بھر جائیں۔ اللہ کی تمجید ہو جو اپنی اُس قدرت کے موافق جو ہم میں کام کر رہی ہے ایسا زبردست کام کر سکتا ہے جو ہماری ہر سوچ اور دعا سے کہیں باہر ہے۔ ہاں، مسیح عیسیٰ اور اُس کی جماعت میں اللہ کی تمجید پشت در پشت اور ازل سے ابد تک ہوتی رہے۔ آمین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 3

اِفسِیوں 1:3-21 کِتابِ مُقادّس (URD)

اِسی سبب سے مَیں پَولُس تُم غَیر قَوم والوں کی خاطِر مسِیح یِسُوعؔ کا قَیدی ہُوں۔ شاید تُم نے خُدا کے اُس فضل کے اِنتِظام کا حال سُنا ہو گا جو تُمہارے لِئے مُجھ پر ہُؤا۔ یعنی یہ کہ وہ بھید مُجھے مُکاشفہ سے معلُوم ہُؤا۔ چُنانچہ مَیں نے پہلے اُس کا مُختصر حال لِکھا ہے۔ جِسے پڑھ کر تُم معلُوم کر سکتے ہو کہ مَیں مسِیح کا وہ بھید کِس قدر سمجھتا ہُوں۔ جو اَور زمانوں میں بنی آدمؔ کو اِس طرح معلُوم نہ ہُؤا تھا جِس طرح اُس کے مُقدّس رسُولوں اور نبِیوں پر رُوح میں اب ظاہِر ہو گیا ہے۔ یعنی یہ کہ مسِیح یِسُوعؔ میں غَیر قَومیں خُوشخبری کے وسِیلہ سے مِیراث میں شرِیک اور بدن میں شامِل اور وعدہ میں داخِل ہیں۔ اور خُدا کے اُس فضل کی بخشِش سے جو اُس کی قُدرت کی تاثِیر سے مُجھ پر ہُؤا مَیں اِس خُوشخبری کا خادِم بنا۔ مُجھ پر جو سب مُقدّسوں میں چھوٹے سے چھوٹا ہُوں یہ فضل ہُؤا کہ مَیں غَیر قَوموں کو مسِیح کی بے قِیاس دَولت کی خُوشخبری دُوں۔ اور سب پر یہ بات رَوشن کرُوں کہ جو بھید ازل سے سب چِیزوں کے پَیدا کرنے والے خُدا میں پوشِیدہ رہا اُس کا کیا اِنتِظام ہے۔ تاکہ اب کلِیسیا کے وسِیلہ سے خُدا کی طرح طرح کی حِکمت اُن حُکُومت والوں اور اِختیار والوں کو جو آسمانی مقاموں میں ہیں معلُوم ہو جائے۔ اُس ازلی اِرادہ کے مُطابِق جو اُس نے ہمارے خُداوند مسِیح یِسُوعؔ میں کِیا تھا۔ جِس میں ہم کو اُس پر اِیمان رکھنے کے سبب سے دِلیری ہے اور بھروسے کے ساتھ رسائی۔ پس مَیں درخواست کرتا ہُوں کہ تُم میری اُن مُصِیبتوں کے سبب سے جو تُمہاری خاطِر سہتا ہُوں ہمّت نہ ہارو کیونکہ وہ تُمہارے لِئے عِزّت کا باعِث ہیں۔ اِس سبب سے مَیں اُس باپ کے آگے گُھٹنے ٹیکتا ہُوں۔ جِس سے آسمان اور زمِین کا ہر ایک خاندان نامزد ہے۔ کہ وہ اپنے جلال کی دَولت کے مُوافِق تُمہیں یہ عِنایت کرے کہ تُم اُس کے رُوح سے اپنی باطِنی اِنسانِیّت میں بُہت ہی زورآور ہو جاؤ۔ اور اِیمان کے وسِیلہ سے مسِیح تُمہارے دِلوں میں سکُونت کرے تاکہ تُم مُحبّت میں جڑ پکڑ کے اور بُنیاد قائِم کر کے۔ سب مُقدّسوں سمیت بخُوبی معلُوم کر سکو کہ اُس کی چَوڑائی اور لمبائی اور اُونچائی اور گہرائی کِتنی ہے۔ اور مسِیح کی اُس مُحبّت کو جان سکو جو جاننے سے باہر ہے تاکہ تُم خُدا کی ساری معمُوری تک معمُور ہو جاؤ۔ اب جو اَیسا قادِر ہے کہ اُس قُدرت کے مُوافِق جو ہم میں تاثِیر کرتی ہے ہماری درخواست اور خیال سے بُہت زِیادہ کام کر سکتا ہے۔ کلِیسیا میں اور مسِیح یِسُوعؔ میں پُشت در پُشت اور ابدُالآباد اُس کی تمجِید ہوتی رہے۔ آمِین۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 3