YouVersion Logo
تلاش

اِفسِیوں 1:1-23

اِفسِیوں 1:1-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پَولُسؔ کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے المسیؔح عیسیٰ کے رسول ہیں، اُن مُقدّسین کے نام خط لِکھّا جو اِفِسُسؔ شہر میں رہتے ہیں، اَور المسیؔح عیسیٰ پر ایمان رکھتے ہیں: ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے خُدا اَور باپ کی تَعریف ہو، جِس نے ہمیں المسیؔح میں آسمان کی ہر رُوحانی برکت بخشی ہے۔ خُدا نے ہمیں دُنیا کے بنائے جانے کے پیشتر ہی سے المسیؔح میں چُن لیا تھا تاکہ ہم خُدا کے حُضُور مَحَبّت میں پاک اَور بے عیب ہوں۔ خُدا نے اَپنی خُوشی سے پہلے ہی یہ نیک فیصلہ کر لیا تھا، وہ ہمیں حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے ذریعہ اَپنا لے پالک فرزند بنائے تاکہ اُن کے اِس جلالی فضل کی سِتائش ہو جو خُدا نے اَپنے عزیز بیٹے کے وسیلہ سے ہمیں مُفت عنایت کی۔ ہمیں اُس فضل کی بدولت، المسیؔح کے خُون کے وسیلہ سے مخلصی، یعنی گُناہوں کی مُعافی حاصل ہوتی ہے جو خُدا نے ہر طرح کی حِکمت اَور دانائی سے ہم پر اِفراط کے ساتھ نازل کیا، اَور خُدا نے اَپنی خُوشی سے اُس پوشیدہ مقصد کو ہم پر ظاہر کر دیا، جِس کا خُدا نے المسیؔح کی مَعرفت عَمل میں لانے کا اِرادہ کیا ہُوا تھا، اُس وقت تک عَمل میں لایا جائے تاکہ اوقات مُقرّرہ پر سَب چیزیں خواہ وہ آسمان کی ہوں یا زمین کی، المسیؔح میں مُتّحد کی جایٔیں۔ خُدا کی مصلحت یہ ہے کہ سَب کچھ اُس کی مرضی کے مُطابق ہو، خُدا نے ہمیں اَپنی مِیراث کے لیٔے پہلے ہی سے چُن رکھا تھا، تاکہ ہم، جِن کی اُمّید پہلے ہی سے المسیؔح سے وابستہ تھی، اُن کے جلال کی سِتائش کا باعث بنیں۔ اَور جَب تُم نے کلام حق کو سُنا، جو تمہاری نَجات کی خُوشخبری ہے۔ اَور جَب تُم المسیؔح پر ایمان لایٔے، تو خُدا نے اَپنے وعدہ کے مُطابق تُمہیں پاک رُوح دے کر تُم پر اَپنی مُہر لگا دی، وہ پاک رُوح ہمیں مِلنے والی مِیراث کا بیَعانہ ہے گویا اِس بات کی ضمانت ہے کہ ہم مخلصی پا کر خُدا کی مِلکیّت بَن جایٔیں تاکہ اُس کے جلال کی سِتائش ہو۔ جَب سے میں نے سُنا ہے کہ تُم خُداوؔند عیسیٰ پر بڑا ایمان رکھتے ہو اَور سَب مُقدّسین سے مَحَبّت رکھتے ہو، میں خُدا کا شُکر بجا لانے سے باز نہیں آتا، اَور اَپنی دعاؤں میں تُمہیں یاد کرتا ہُوں۔ کہ ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا خُدا جو جلالی باپ ہے، تُمہیں حِکمت اَور مُکاشفہ کی رُوح عطا فرمائے، تاکہ تُم اُسے بہتر طور پر پہچان سکو۔ اَور میں دعا کرتا ہوں کہ تمہارے دل کی آنکھیں رَوشن ہو جایٔیں تاکہ تُم جان لو کہ خُدا نے جِس اُمّید کی طرف تُمہیں بُلایا ہے، وہ کیسی ہے اَور وہ جلالی مِیراث کی کتنی بڑی دولت جو خُدا نے اَپنے مُقدّسین کے لیٔے رکھی ہے، اَور ہم ایمان لانے وَالوں کے لیٔے خُدا کی عظیم قُدرت کی کویٔی حَد نہیں۔ اُن کی عظیم قُدرت کی تاثیر کے مُطابق خُدا نے المسیؔح کو مُردوں میں سے زندہ اُٹھاکر آسمان پر اَپنی داہنی طرف بِٹھایا، اَور ہر طرح کی حُکمرانی، اَور اِختیّار، اَور قُدرت اَور ریاست پر قادر ہیں، اَورجو نہ صِرف اِس جہان میں اَور آئندہ جہان میں جو نام بھی کسی کو دیا جائے گا۔ اِس طرح خُدا نے سَب کچھ المسیؔح کے قدموں کے نیچے کر دیا اَور آپ کو سَب چیزوں کا سردار بنا کر جماعت کے لئے دے دیا، جماعت حُضُور عیسیٰ کا بَدن ہے، اَور المسیؔح سے معموُر ہے جو ساری چیزوں کو پُوری طرح معموُر کرنے والے بھی ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 1

اِفسِیوں 1:1-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ خط پولس کی طرف سے ہے، جو اللہ کی مرضی سے مسیح عیسیٰ کا رسول ہے۔ مَیں اِفسس شہر کے مُقدّسین کو لکھ رہا ہوں، اُنہیں جو مسیح عیسیٰ میں ایمان دار ہیں۔ خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی بخشیں۔ خدا ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کی حمد و ثنا ہو! کیونکہ مسیح میں اُس نے ہمیں آسمان پر ہر روحانی برکت سے نوازا ہے۔ دنیا کی تخلیق سے پیشتر ہی اُس نے مسیح میں ہمیں چن لیا تاکہ ہم مُقدّس اور بےعیب حالت میں اُس کے سامنے زندگی گزاریں۔ یہ کتنی عظیم محبت تھی! پہلے ہی سے اُس نے فیصلہ کر لیا کہ وہ ہمیں مسیح میں اپنے بیٹے بیٹیاں بنا لے گا۔ یہی اُس کی مرضی اور خوشی تھی تاکہ ہم اُس کے جلالی فضل کی تمجید کریں، اُس مفت نعمت کے لئے جو اُس نے ہمیں اپنے پیارے فرزند میں دے دی۔ کیونکہ اُس نے مسیح کے خون سے ہمارا فدیہ دے کر ہمیں آزاد اور ہمارے گناہوں کو معاف کر دیا ہے۔ اللہ کا یہ فضل کتنا وسیع ہے جو اُس نے کثرت سے ہمیں عطا کیا ہے۔ اپنی پوری حکمت اور دانائی کا اظہار کر کے اللہ نے ہم پر اپنی پوشیدہ مرضی ظاہر کر دی، یعنی وہ منصوبہ جو اُسے پسند تھا اور جو اُس نے مسیح میں پہلے سے بنا رکھا تھا۔ منصوبہ یہ ہے کہ جب مقررہ وقت آئے گا تو اللہ مسیح میں تمام کائنات کو جمع کر دے گا۔ اُس وقت سب کچھ مل کر مسیح کے تحت ہو جائے گا، خواہ وہ آسمان پر ہو یا زمین پر۔ مسیح میں ہم آسمانی بادشاہی کے وارث بھی بن گئے ہیں۔ اللہ نے پہلے سے ہمیں اِس کے لئے مقرر کیا، کیونکہ وہ سب کچھ یوں سرانجام دیتا ہے کہ اُس کی مرضی کا ارادہ پورا ہو جائے۔ اور وہ چاہتا ہے کہ ہم اُس کے جلال کی ستائش کا باعث بنیں، ہم جنہوں نے پہلے سے مسیح پر اُمید رکھی۔ آپ بھی مسیح میں ہیں، کیونکہ آپ سچائی کا کلام اور اپنی نجات کی خوش خبری سن کر ایمان لائے۔ اور اللہ نے آپ پر بھی روح القدس کی مُہر لگا دی جس کا وعدہ اُس نے کیا تھا۔ روح القدس ہماری میراث کا بیعانہ ہے۔ وہ ہمیں یہ ضمانت دیتا ہے کہ اللہ ہمارا جو اُس کی ملکیت ہیں فدیہ دے کر ہمیں پوری مخلصی تک پہنچائے گا۔ کیونکہ ہماری زندگی کا مقصد یہ ہے کہ اُس کے جلال کی ستائش کی جائے۔ بھائیو، مَیں خداوند عیسیٰ پر آپ کے ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کے بارے میں سن کر آپ کے لئے خدا کا شکر کرنے سے باز نہیں آتا بلکہ آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد کرتا رہتا ہوں۔ میری خاص دعا یہ ہے کہ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کا خدا اور جلالی باپ آپ کو دانائی اور مکاشفہ کی روح دے تاکہ آپ اُسے بہتر طور پر جان سکیں۔ وہ کرے کہ آپ کے دلوں کی آنکھیں روشن ہو جائیں۔ کیونکہ پھر ہی آپ جان لیں گے کہ یہ کیسی اُمید ہے جس کے لئے اُس نے آپ کو بُلایا ہے، کہ یہ جلالی میراث کیسی دولت ہے جو مُقدّسین کو حاصل ہے، اور کہ ہم ایمان رکھنے والوں پر اُس کی قدرت کا اظہار کتنا زبردست ہے۔ یہ وہی بےحد قدرت ہے جس سے اُس نے مسیح کو مُردوں میں سے زندہ کر کے آسمان پر اپنے دہنے ہاتھ بٹھایا۔ وہاں مسیح ہر حکمران، اختیار، قوت، حکومت، ہاں ہر نام سے کہیں سرفراز ہے، خواہ اِس دنیا میں ہو یا آنے والی دنیا میں۔ اللہ نے سب کچھ اُس کے پاؤں کے نیچے کر کے اُسے سب کا سر بنا دیا۔ یہ اُس نے اپنی جماعت کی خاطر کیا جو مسیح کا بدن ہے اور جسے مسیح سے پوری معموری حاصل ہوتی ہے یعنی اُس سے جو ہر طرح سے سب کچھ معمور کر دیتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 1

اِفسِیوں 1:1-23 کِتابِ مُقادّس (URD)

پَولُس کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے مسِیح یِسُوعؔ کا رسُول ہے اُن مُقدّسوں کے نام جو اِفِسُس میں ہیں اور مسِیح یِسُوع میں اِیمان دار ہیں۔ ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمِینان حاصِل ہوتا رہے۔ ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے خُدا اور باپ کی حمد ہو جِس نے ہم کو مسِیح میں آسمانی مقاموں پر ہر طرح کی رُوحانی برکت بخشی۔ چُنانچہ اُس نے ہم کو بنایِ عالَم سے پیشتر اُس میں چُن لِیا تاکہ ہم اُس کے نزدِیک مُحبّت میں پاک اور بے عَیب ہوں۔ اور اُس نے اپنی مرضی کے نیک اِرادہ کے مُوافِق ہمیں اپنے لِئے پیشتر سے مُقرّر کِیا کہ یِسُوعؔ مسِیح کے وسِیلہ سے اُس کے لے پالک بیٹے ہوں۔ تاکہ اُس کے اُس فضل کے جلال کی سِتایش ہو جو ہمیں اُس عزِیز میں مُفت بخشا۔ ہم کو اُس میں اُس کے خُون کے وسِیلہ سے مخلصی یعنی قصُوروں کی مُعافی اُس کے اُس فضل کی دَولت کے مُوافِق حاصِل ہے۔ جو اُس نے ہر طرح کی حِکمت اور دانائی کے ساتھ کثرت سے ہم پر نازِل کِیا۔ چُنانچہ اُس نے اپنی مرضی کے بھید کو اپنے اُس نیک اِرادہ کے مُوافِق ہم پر ظاہِر کِیا۔ جِسے اپنے آپ میں ٹھہرا لِیا تھا۔ تاکہ زمانوں کے پُورے ہونے کا اَیسا اِنتِظام ہو کہ مسِیح میں سب چِیزوں کا مجمُوعہ ہو جائے۔ خواہ وہ آسمان کی ہوں خواہ زمِین کی۔ اُسی میں ہم بھی اُس کے اِرادہ کے مُوافِق جو اپنی مرضی کی مصلحت سے سب کُچھ کرتا ہے پیشتر سے مُقرّر ہو کر مِیراث بنے۔ تاکہ ہم جو پہلے سے مسِیح کی اُمّید میں تھے اُس کے جلال کی سِتایش کا باعِث ہوں۔ اور اُسی میں تُم پر بھی جب تُم نے کلامِ حق کو سُنا جو تُمہاری نجات کی خُوشخبری ہے اور اُس پر اِیمان لائے پاک مَوعُودہ رُوح کی مُہر لگی۔ وُہی خُدا کی مِلکِیّت کی مخلصی کے لِئے ہماری مِیراث کا بَیعانہ ہے تاکہ اُس کے جلال کی سِتایش ہو۔ اِس سبب سے مَیں بھی اُس اِیمان کا جو تُمہارے درمِیان خُداوند یِسُوعؔ پر ہے اور سب مُقدّسوں پر ظاہِر ہے حال سُن کر۔ تُمہاری بابت شُکر کرنے سے باز نہیں آتا اور اپنی دُعاؤں میں تُمہیں یاد کِیا کرتا ہُوں۔ کہ ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کا خُدا جو جلال کا باپ ہے تُمہیں اپنی پہچان میں حِکمت اور مُکاشفہ کی رُوح بخشے۔ اور تُمہارے دِل کی آنکھیں رَوشن ہو جائیں تاکہ تُم کو معلُوم ہو کہ اُس کے بُلانے سے کَیسی کُچھ اُمّید ہے اور اُس کی مِیراث کے جلال کی دَولت مُقدّسوں میں کَیسی کُچھ ہے۔ اور ہم اِیمان لانے والوں کے لِئے اُس کی بڑی قُدرت کیا ہی بے حد ہے۔ اُس کی بڑی قُوّت کی تاثِیر کے مُوافِق۔ جو اُس نے مسِیح میں کی جب اُسے مُردوں میں سے جِلا کر اپنی دہنی طرف آسمانی مقاموں پر بِٹھایا۔ اور ہر طرح کی حُکُومت اور اِختیار اور قُدرت اور رِیاست اور ہر ایک نام سے بُہت بُلند کِیا جو نہ صِرف اِس جہان میں بلکہ آنے والے جہان میں بھی لِیا جائے گا۔ اور سب کُچھ اُس کے پاؤں تلے کر دِیا اور اُس کو سب چِیزوں کا سردار بنا کر کلِیسیا کو دے دِیا۔ یہ اُس کا بدن ہے اور اُسی کی معمُوری جو ہر طرح سے سب کا معمُور کرنے والا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِفسِیوں 1