YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 23:5-33

اِستِثنا 23:5-33 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب تم نے تاریکی سے یہ آواز سنی اور پہاڑ کی جلتی ہوئی حالت دیکھی تو تمہارے قبیلوں کے راہنما اور بزرگ میرے پاس آئے۔ اُنہوں نے کہا، ”رب ہمارے خدا نے ہم پر اپنا جلال اور عظمت ظاہر کی ہے۔ آج ہم نے آگ میں سے اُس کی آواز سنی ہے۔ ہم نے دیکھ لیا ہے کہ جب اللہ انسان سے ہم کلام ہوتا ہے تو ضروری نہیں کہ وہ مر جائے۔ لیکن اب ہم کیوں اپنی جان خطرے میں ڈالیں؟ اگر ہم مزید رب اپنے خدا کی آواز سنیں تو یہ بڑی آگ ہمیں بھسم کر دے گی اور ہم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ کیونکہ فانی انسانوں میں سے کون ہماری طرح زندہ خدا کو آگ میں سے باتیں کرتے ہوئے سن کر زندہ رہا ہے؟ کوئی بھی نہیں! آپ ہی قریب جا کر اُن تمام باتوں کو سنیں جو رب ہمارا خدا ہمیں بتانا چاہتا ہے۔ پھر لوٹ کر ہمیں وہ باتیں سنائیں۔ ہم اُنہیں سنیں گے اور اُن پر عمل کریں گے۔“ جب رب نے یہ سنا تو اُس نے مجھ سے کہا، ”مَیں نے اِن لوگوں کی یہ باتیں سن لی ہیں۔ وہ ٹھیک کہتے ہیں۔ کاش اُن کی سوچ ہمیشہ ایسی ہی ہو! کاش وہ ہمیشہ اِسی طرح میرا خوف مانیں اور میرے احکام پر عمل کریں! اگر وہ ایسا کریں گے تو وہ اور اُن کی اولاد ہمیشہ کامیاب رہیں گے۔ جا، اُنہیں بتا دے کہ اپنے خیموں میں لوٹ جاؤ۔ لیکن تُو یہاں میرے پاس رہ تاکہ مَیں تجھے تمام قوانین اور احکام دے دوں۔ اُن کو لوگوں کو سکھانا تاکہ وہ اُس ملک میں اُن کے مطابق چلیں جو مَیں اُنہیں دوں گا۔“ چنانچہ احتیاط سے اُن احکام پر عمل کرو جو رب تمہارے خدا نے تمہیں دیئے ہیں۔ اُن سے نہ دائیں طرف ہٹو نہ بائیں طرف۔ ہمیشہ اُس راہ پر چلتے رہو جو رب تمہارے خدا نے تمہیں بتائی ہے۔ پھر تم کامیاب ہو گے اور اُس ملک میں دیر تک جیتے رہو گے جس پر تم قبضہ کرو گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 5

اِستِثنا 23:5-33 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور جب وہ پہاڑ آگ سے دہک رہا تھا اور تُم نے وہ آواز اندھیرے میں سے آتی سُنی تو تُم اور تُمہارے قبِیلوں کے سردار اور بزُرگ میرے پاس آئے۔ اور تُم کہنے لگے کہ خُداوند ہمارے خُدا نے اپنی شَوکت اور عظمت ہم کو دِکھائی اور ہم نے اُس کی آواز آگ میں سے آتی سُنی۔ آج ہم نے دیکھ لِیا کہ خُداوند اِنسان سے باتیں کرتا ہے تَو بھی اِنسان زِندہ رہتا ہے۔ سو اب ہم کیوں اپنی جان دیں کیونکہ اَیسی بڑی آگ ہم کو بھسم کر دے گی۔ اگر ہم خُداوند اپنے خُدا کی آواز پِھر سُنیں تو مَر ہی جائیں گے۔ کیونکہ اَیسا کَون سا بشر ہے جِس نے زِندہ خُدا کی آواز ہماری طرح آگ میں سے آتی سُنی ہو اور پِھر بھی جِیتا رہا؟ سو تُو ہی نزدِیک جا کر جو کُچھ خُداوند ہمارا خُدا کہے اُسے سُن لے اور تُو ہی وہ باتیں جو خُداوند ہمارا خُدا تُجھ سے کہے ہم کو بتانا اور ہم اُسے سُنیں گے اور اُس پر عمل کریں گے۔ اور جب تُم مُجھ سے گُفتگُو کر رہے تھے تو خُداوند نے تُمہاری باتیں سُنِیں۔ تب خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ مَیں نے اِن لوگوں کی باتیں جو اُنہوں نے تُجھ سے کہِیں سُنی ہیں۔ جو کُچھ اُنہوں نے کہا ٹھیک کہا۔ کاش اُن میں اَیسا ہی دِل ہو تاکہ وہ میرا خَوف مان کر ہمیشہ میرے سب حُکموں پر عمل کرتے تاکہ سدا اُن کا اور اُن کی اَولاد کا بھلا ہوتا! سو تُو جا کر اُن سے کہہ دے کہ تُم اپنے ڈیروں کو لَوٹ جاؤ۔ پر تُو یہِیں میرے پاس کھڑا رہ اور مَیں وہ سب فرمان اور سب آئِین اور احکام جو تُجھے اُن کو سِکھانے ہیں تُجھ کو بتاؤُں گا تاکہ وہ اُن پر اُس مُلک میں جو مَیں اُن کو قبضہ کرنے کے لِئے دیتا ہُوں عمل کریں۔ سو تُم اِحتیاط رکھنا اور جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو حُکم دِیا ہے وَیسا ہی کرنا اور دہنے یا بائیں ہاتھ کو نہ مُڑنا۔ تُم اُس سارے طرِیق پر جِس کا حُکم خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے چلنا تاکہ تُم جِیتے رہو اور تُمہارا بھلا ہو اور تُمہاری عُمر اُس مُلک میں جِس پر تُم قبضہ کرو گے دراز ہو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 5