اِستِثنا 35:4-40
اِستِثنا 35:4-40 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تُمہیں یہ سَب کچھ دِکھایا گیا تاکہ تُم جانو کہ یَاہوِہ ہی خُدا ہیں اَور اُن کے سِوا کویٔی اَور ہے ہی نہیں۔ اُنہُوں نے آسمان میں سے اَپنی آواز تُمہیں سُنایٔی تاکہ تُمہیں تربّیت دیں اَور زمین پر اُنہُوں نے تُمہیں اَپنی بڑی آگ دِکھائی اَور تُم نے اُن کا کلام اُس آگ میں سے سُنا۔ چونکہ اُنہیں تمہارے آباؤاَجداد سے مَحَبّت تھی اَور اُنہُوں نے اُن کے بعد اُن کی نَسل کو مُنتخب کیا اِس لیٔے وہ اَپنی مَوجُودگی میں اَور اَپنی عظیم قُدرت سے تُمہیں مِصر سے نکال لائے، تاکہ تُم سے بڑی اَور زورآور قوموں کو تمہارے سامنے سے نکال دیں اَور تُمہیں اُن کے مُلک میں لاکر اُسے مِیراث کے طور پر تُمہیں دیں جَیسا کہ آج کے دِن ظاہر ہے۔ لہٰذا آج کے دِن تُم جان لو اَور اَپنے دِل میں یہ بات بِٹھا لو کہ اُوپر آسمان میں اَور نیچے زمین میں یَاہوِہ ہی خُدا ہیں اَور کویٔی دُوسرا نہیں۔ اُن کے جو قوانین اَور اَحکام آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں اُن پر عَمل کرو تاکہ تمہارے اَور تمہارے بعد تمہاری اَولاد کی بھی خیر ہو اَور اُس مُلک میں جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں ہمیشہ کے لیٔے دے رہے ہیں تمہاری عمر دراز ہو۔
اِستِثنا 35:4-40 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تجھے یہ سب کچھ دکھایا گیا تاکہ تُو جان لے کہ رب خدا ہے۔ اُس کے سوا کوئی اَور نہیں ہے۔ اُس نے تجھے نصیحت دینے کے لئے آسمان سے اپنی آواز سنائی۔ زمین پر اُس نے تجھے اپنی عظیم آگ دکھائی جس میں سے تُو نے اُس کی باتیں سنیں۔ اُسے تیرے باپ دادا سے پیار تھا، اور اُس نے تجھے جو اُن کی اولاد ہیں چن لیا۔ اِس لئے وہ خود حاضر ہو کر اپنی عظیم قدرت سے تجھے مصر سے نکال لایا۔ اُس نے تیرے آگے سے تجھ سے زیادہ بڑی اور طاقت ور قومیں نکال دیں تاکہ تجھے اُن کا ملک میراث میں مل جائے۔ آج ایسا ہی ہو رہا ہے۔ چنانچہ آج جان لے اور ذہن میں رکھ کہ رب آسمان اور زمین کا خدا ہے۔ کوئی اَور معبود نہیں ہے۔ اُس کے احکام پر عمل کر جو مَیں تجھے آج سنا رہا ہوں۔ پھر تُو اور تیری اولاد کامیاب ہوں گے، اور تُو دیر تک اُس ملک میں جیتا رہے گا جو رب تجھے ہمیشہ کے لئے دے رہا ہے۔
اِستِثنا 35:4-40 کِتابِ مُقادّس (URD)
یہ سب کُچھ تُجھ کو دِکھایا گیا تاکہ تُو جانے کہ خُداوند ہی خُدا ہے اور اُس کے سِوا اَور کوئی ہے ہی نہیں۔ اُس نے اپنی آواز آسمان میں سے تُجھ کو سُنائی تاکہ تُجھ کو تربِیّت کرے اور زمِین پر اُس نے تُجھ کو اپنی بڑی آگ دِکھائی اور تُو نے اُس کی باتیں آگ کے بِیچ میں سے آتی ہُوئی سُنِیں۔ اور چُونکہ اُسے تیرے باپ دادا سے مُحبّت تھی اِسی لِئے اُس نے اُن کے بعد اُن کی نسل کو چُن لِیا اور تیرے ساتھ ہو کر اپنی بڑی قُدرت سے تُجھ کو مِصرؔ سے نِکال لایا۔ تاکہ تیرے سامنے سے اُن قَوموں کو جو تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں دفع کرے اور تُجھ کو اُن کے مُلک میں پُہنچائے اور اُسے تُجھ کو مِیراث کے طَور پر دے جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔ پس آج کے دِن تُو جان لے اور اِس بات کو اپنے دِل میں جما لے کہ اُوپر آسمان میں اور نِیچے زمِین پر خُداوند ہی خُدا ہے اور کوئی دُوسرا نہیں۔ سو تُو اُس کے آئِین اور احکام کو جو مَیں تُجھ کو آج بتاتا ہُوں ماننا تاکہ تیرا اور تیرے بعد تیری اَولاد کا بھلا ہو اور ہمیشہ اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے تیری عُمر دراز ہو۔