YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 1:34-12

اِستِثنا 1:34-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ برکت دے کر موسیٰ موآب کا میدانی علاقہ چھوڑ کر یریحو کے مقابل نبو پہاڑ پر چڑھ گیا۔ نبو پِسگہ کے پہاڑی سلسلے کی ایک چوٹی تھا۔ وہاں سے رب نے اُسے وہ پورا ملک دکھایا جو وہ اسرائیل کو دینے والا تھا یعنی جِلعاد کے علاقے سے لے کر دان کے علاقے تک، نفتالی کا پورا علاقہ، افرائیم اور منسّی کا علاقہ، یہوداہ کا علاقہ بحیرۂ روم تک، جنوب میں دشتِ نجب اور کھجور کے شہر یریحو کی وادی سے لے کر ضُغر تک۔ رب نے اُس سے کہا، ”یہ وہ ملک ہے جس کا وعدہ مَیں نے قَسم کھا کر ابراہیم، اسحاق اور یعقوب سے کیا۔ مَیں نے اُن سے کہا تھا کہ اُن کی اولاد کو یہ ملک ملے گا۔ تُو اُس میں داخل نہیں ہو گا، لیکن مَیں تجھے یہاں لے آیا ہوں تاکہ تُو اُسے اپنی آنکھوں سے دیکھ سکے۔“ اِس کے بعد رب کا خادم موسیٰ وہیں موآب کے ملک میں فوت ہوا، بالکل اُسی طرح جس طرح رب نے کہا تھا۔ رب نے اُسے بیت فغور کی کسی وادی میں دفن کیا، لیکن آج تک کسی کو بھی معلوم نہیں کہ اُس کی قبر کہاں ہے۔ اپنی وفات کے وقت موسیٰ 120 سال کا تھا۔ آخر تک نہ اُس کی آنکھیں دُھندلائیں، نہ اُس کی طاقت کم ہوئی۔ اسرائیلیوں نے موآب کے میدانی علاقے میں 30 دن تک اُس کا ماتم کیا۔ پھر یشوع بن نون موسیٰ کی جگہ کھڑا ہوا۔ وہ حکمت کی روح سے معمور تھا، کیونکہ موسیٰ نے اپنے ہاتھ اُس پر رکھ دیئے تھے۔ اسرائیلیوں نے اُس کی سنی اور وہ کچھ کیا جو رب نے اُنہیں موسیٰ کی معرفت بتایا تھا۔ اِس کے بعد اسرائیل میں موسیٰ جیسا نبی کبھی نہ اُٹھا جس سے رب رُوبرُو بات کرتا تھا۔ کسی اَور نبی نے ایسے الٰہی نشان اور معجزے نہیں کئے جیسے موسیٰ نے فرعون بادشاہ، اُس کے ملازموں اور پورے ملک کے سامنے کئے جب رب نے اُسے مصر بھیجا۔ کسی اَور نبی نے اِس قسم کا بڑا اختیار نہ دکھایا، نہ ایسے عظیم اور ہیبت ناک کام کئے جیسے موسیٰ نے اسرائیلیوں کے سامنے کئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 34

اِستِثنا 1:34-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور مُوسیٰ موآب کے مَیدانوں سے کوہِ نبُو کے اُوپر پِسگہ کی چوٹی پر جو یرِیحُو کے مُقابِل ہے چڑھ گیا اور خُداوند نے جِلعاد کا سارا مُلک دان تک اور نفتالی کا سارا مُلک۔ اور اِفرائِیم اور منَسّی کا مُلک اور یہُوداؔہ کا سارا مُلک پِچھلے سمُندر تک۔ اور جنُوب کا مُلک اور وادیِ یرِیحُو جو خُرموں کا شہر ہے اُس کی وادی کا مَیدان ضُغر تک اُس کو دِکھایا۔ اور خُداوند نے اُس سے کہا یِہی وہ مُلک ہے جِس کی بابت مَیں نے ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوب سے قَسم کھا کر کہا تھا کہ اِسے مَیں تُمہاری نسل کو دُوں گا۔ سو مَیں نے اَیسا کِیا کہ تُو اِسے اپنی آنکھوں سے دیکھ لے پر تُو اُس پار وہاں جانے نہ پائے گا۔ پس خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے خُداوند کے کہے کے مُوافِق وہِیں موآب کے مُلک میں وفات پائی۔ اور اُس نے اُسے موآب کی ایک وادی میں بَیت فغُور کے مُقابِل دفن کِیا پر آج تک کِسی آدمی کو اُس کی قبر معلُوم نہیں۔ اور مُوسیٰ اپنی وفات کے وقت ایک سَو بِیس برس کا تھا اور نہ تو اُس کی آنکھ دُھندلانے پائی اور نہ اُس کی طبعی قُوّت کم ہُوئی۔ اور بنی اِسرائیل مُوسیٰ کے لِئے موآب کے مَیدانوں میں تِیس دِن تک روتے رہے۔ پِھر مُوسیٰ کے لِئے ماتم کرنے اور رونے پِیٹنے کے دِن ختم ہُوئے۔ اور نُون کا بیٹا یشُوع دانائی کی رُوح سے معمُور تھا کیونکہ مُوسیٰ نے اپنے ہاتھ اُس پر رکھّے تھے اور بنی اِسرائیل اُس کی بات مانتے رہے اور جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُنہوں نے وَیسا ہی کِیا۔ اور اُس وقت سے اب تک بنی اِسرائیل میں کوئی نبی مُوسیٰ کی مانِند جِس سے خُداوند نے رُوبرُو باتیں کِیں نہیں اُٹھا۔ اور اُس کو خُداوند نے مُلکِ مِصرؔ میں فرِعونؔ اور اُس کے سب خادِموں اور اُس کے سارے مُلک کے سامنے سب نِشانوں اور عجِیب کاموں کے دِکھانے کو بھیجا تھا۔ یُوں مُوسیٰ نے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے زورآور ہاتھ اور بڑی ہَیبت کے کام کر دِکھائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 34