اِستِثنا 1:32-43
اِستِثنا 1:32-43 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے آسمانوں، کان لگاؤ کہ میں بولُوں؛ اَور اَے زمین! میرے مُنہ کی باتیں سُن۔ میری تعلیم مینہ کی مانند برسے، اَور میری تقریر شبنم کی مانند ٹپکے، جَیسے نئی گھاس پر پھوہار پڑتی ہے، اَور نازک پَودوں پر بارش کی جھڑی۔ مَیں یَاہوِہ کے نام کا اعلان کروں گا۔ ہمارے خُدا کی عظمت کی تعظیم کرو! وہ ہماری چٹّان ہیں، اُن کی صنعت کامل ہے، کیونکہ اُن کی سَب راہیں اِنصاف والی ہیں۔ وہ وفادار خُدا ہیں جو بدی سے مُبرّا ہیں، وہ راستباز اَور عادل ہیں۔ وہ یَاہوِہ کے ساتھ بداخلاقی سے پیش آئے یہ اُن کے فرزند نہیں؛ شرم کی بات ہے کہ وہ ایک کجرو اَور ٹیڑھی پُشت ہیں۔ اَے احمق اَور کم عقل قوم! کیا تُم یَاہوِہ کو اِس طرح بدلہ دوگے؟ کیا وہ تمہارے باپ اَور تمہارے خالق نہیں، جِس نے تُمہیں بنایا اَور تشکیل کیا؟ قدیم ایّام کو یاد کرو؛ اَور نَسل در نَسل گزرے زمانہ پر غور کرو۔ اَپنے باپ سے پُوچھو اَور وہ تُمہیں بتائیں گے، اَور اَپنے بُزرگوں سے دریافت کرو تو وہ تُمہیں سمجھائیں گے۔ جَب خُداتعالیٰ نے قوموں کو اُن کی مِیراث بانٹی، جَب اُنہُوں نے بنی آدمؔ کو جُدا کیا، تَب اُنہُوں نے اِسرائیل کے بیٹوں کی تعداد کے مُطابق مُختلف لوگوں کی سرحدیں مُقرّر کیں۔ کیونکہ یَاہوِہ کا حِصّہ اُن کے لوگ ہیں، اَور یعقوب اُن کی مخصُوص مِیراث ہے۔ اُنہُوں نے اُسے بیابان میں، بنجر اَور ہیبت ناک ویرانے میں پایا۔ اُنہُوں نے اُس کی حِفاظت کی اَور اُس کی خبر لی؛ اَور اَپنی آنکھ کی پتلی کی طرح اُسے محفوظ رکھّا۔ جَیسے عُقاب اَپنے گھونسلے کو ہلاتا ہے اَور اَپنے بچّوں کے اُوپر منڈلاتا ہے، اَور اُنہیں سنبھالنے کے لیٔے اَپنے بازو پھیلاتا ہے، اَور اُنہیں اَپنے پروں پر اُٹھا لیتا ہے۔ صِرف یَاہوِہ ہی اُن کی رہبری کرتے رہے؛ اَور کویٔی غَیر معبُود اُن کے ساتھ نہ تھا۔ یَاہوِہ نے اُسے مُلک کی اُونچی جگہوں پر بِٹھایا اَور کھیتوں کی پیداوار سے اُس کی ضیافت کی۔ یَاہوِہ نے اُس کی پرورش چٹّان کے شہد سے، اَور چقماق کی چٹّان کے تیل سے، ریوڑ اَور گلّے کے دہی اَور دُودھ سے اَور برّوں اَور بکریوں کی چربی سے، اَور باشانؔ کے بہترین مینڈھوں سے اَور گندُم کے بہترین آٹے سے کی۔ اَور تُم نے لال رنگ والا بہترین انگوری شِیرہ پیا۔ یسُورُونؔ موٹا ہوکر لات مارنے لگا؛ کھا پی کر وہ بھاری اَور چکنا ہو گیا۔ اَور اُس خُدا کو ترک کیا جِس نے اُسے بنایا اَور اَپنے مُنجّی چٹّان کو خارج کیا۔ اُنہُوں نے اَپنے غَیر معبُودوں کے باعث اُسے غیرت دِلائی اَور اَپنے مکرُوہ بُتوں سے اُنہیں غُصّہ دِلایا۔ اُنہُوں نے بدرُوحوں کے لیٔے قُربانی گذرانی جو برحق خُدا نہیں ہیں۔ بَلکہ وہ اَیسے معبُود ہیں جِن سے وہ ناواقِف تھے، یعنی نئے معبُود جو حال ہی میں ظاہر ہویٔے، اَور اَیسے معبُود جِن سے تمہارے آباؤاَجداد کبھی نہ ڈرے۔ تُم نے اُس چٹّان کو ترک کر دیا جِس نے تُمہیں پیدا کیا؛ تُم اُس خُدا کو بھُول گیٔے جِس نے تُمہیں خلق کیا۔ یَاہوِہ نے یہ دیکھا اَور اُنہیں ترک کر دیا کیونکہ اُس کے بیٹوں اَور بیٹیوں نے اُنہیں غُصّہ دِلایا تھا۔ تَب یَاہوِہ نے فرمایا، ”میں اُن سے اَپنا مُنہ چھُپا لُوں گا، اَور دیکھوں گا کہ اُن کا اَنجام کیا ہوگا؛ کیونکہ وہ ایک باغی پُشت ہیں، اَیسا فرزند جو وفادار نہیں ہے۔ اُنہُوں نے مُجھے ایک اَیسی شَے سے غیرت دِلائی جو خُدا نہیں اَور اَپنے نکمّے بُتوں سے مُجھے غُصّہ دِلایا۔ اَب مَیں تُمہیں اُن سے غیرت دِلاؤں گا جنہیں قوم کا درجہ حاصل نہیں؛ اَور ایک نادان قوم سے اُنہیں غُصّہ دِلاؤں گا۔ کیونکہ میرے غُصّہ کے باعث آگ بھڑک اُٹھی ہے، جو عالمِ اَرواح کی تہہ تک جلتی جایٔےگی۔ وہ زمین اَور اُس کی فصلوں کو کھا جائے گی اَور پہاڑوں کی بُنیادوں میں بھی آگ لگا دے گی۔ ”میں اُن پر آفتوں کا انبار لگا دُوں گا اَور اَپنے سارے تیر اُن پر برسا دُوں گا۔ میں اُن کے خِلاف تباہ کُن قحط، فنا کرنے والی بیماریاں اَور وَبا بھیجوں گا۔ میں اُن کے درمیان پھاڑ کھانے والے جنگلی جانور، اَور زمین پر رینگنے والے زہریلے سانپوں کو بھیجوں گا۔ نوجوان مَرد، اَور نوجوان عورتیں، دُودھ پیتے بچّے اَور پکے بال والے، گھروں میں دہشت سے، اَور گلیوں میں تلوار سے بے اَولاد ہوں گے۔ مَیں نے کہا کہ میں اُنہیں پراگندہ کروں گا اَور نَوع اِنسان میں سے اُن کی یاد مٹا دُوں گا، لیکن مُجھے دُشمن کے طعنے کا خوف تھا، کہ کہیں رقیب غلط اَندیشہ لگا کر یہ نہ کہنے لگیں، ’یَاہوِہ نے نہیں بَلکہ ہمارے ہی ہاتھوں نے فتح دِلائی ہے۔‘ “ وہ ایک بے عقل قوم ہیں، وہ سمجھ سے خالی ہیں۔ کاش کہ وہ عقلمند ہوتے اَور اِسے سمجھتے اَور جانتے کہ اُن کا اَنجام کیا ہوگا! بھلا یہ کیسے ممکن ہوتا کہ اُن کا ایک دُشمن ہزار کو، اَور دو دُشمن دس ہزار کو کھدیڑ دیتے، جَب تک بنی اِسرائیل کی چٹّان ہی اُنہیں دُشمنوں کے حوالہ نہ کرتی، اَور یَاہوِہ ہی اُنہیں دُشمنوں سے شِکست نہ دِلاتے؟ کیونکہ دُشمنوں کی چٹّان ہماری چٹّان کی مانند نہیں ہے، اِسے تو خُود ہمارے دُشمن بھی تسلیم کرتے ہیں۔ کیونکہ اُن کے تاکستان سدُومؔ اَور عمورہؔ کے کھیتوں سے ہیں۔ اُن کے انگور زہریلے، اَور اُن کے گُچّھے کڑوے ہیں۔ اُن کی مَے سانپوں کا زہر، اَور کالے ناگوں کا جان لیوا زہر ہے۔ ”کیا یہ میرے گودام میں جمع نہیں ہے اَور میرے خزانہ میں مُہر بند نہیں؟ اِنتقام لینا میرا کام ہے؛ بدلہ میں ہی دُوں گا۔ مُقرّر وقت پر اُن کا پاؤں پھسل جائے گا؛ اُن کی تباہی کا دِن نزدیک ہے اَور اُن کی بربادی رفتار کے ساتھ اُن پر آ رہی ہے۔“ جَب یَاہوِہ دیکھیں گے کہ اُن کی قُوّت جاتی رہی اَور کویٔی بھی باقی نہ بچا، نہ غُلام، نہ آزاد، تو وہ اَپنے لوگوں کا اِنصاف کریں گے اَور اَپنے خادِموں پر رحم کھائیں گے۔ اَور وہ کہیں گے: ”اَب اُن کے معبُود کہاں ہیں، وہ چٹّان جِس میں اُنہُوں نے پناہ لی تھی، وہ معبُود جو اُن کے قُربانیوں کی چربی کھاتے تھے اَور اُن کی تپاون کی نذروں کی مَے پیتے تھے؟ وُہی تمہاری مدد کے لیٔے اُٹھیں! اَور تُمہیں پناہ دیں! ”لہٰذا اَب تُم غور سے دیکھ لو کہ میں ہی یَاہوِہ ہُوں! میرے سِوا کویٔی اَور معبُود نہیں۔ میں ہی مارتا اَور مَیں ہی جِلاتا ہُوں میں ہی زخمی کرتا اَور مَیں ہی شفا بخشتا ہُوں، اَور میرے ہاتھ سے کویٔی نہیں چھُڑا سَکتا۔ میں ہی ہُوں جو آسمان کی طرف اَپنا ہاتھ اُٹھاکر قَسم کھاتا ہُوں: یقیناً تا اَبد تک میں زندہ ہُوں، جَب مَیں اَپنی چمکنے والی تلوار کو تیز کرکے اِنصاف کرنے کے لیٔے اُسے اَپنے ہاتھ میں لُوں گا، تو میں اَپنے رقیبوں سے اِنتقام لُوں گا اَور مُجھ سے نفرت رکھنے والوں کو میں سزا دُوں گا۔ میں اَپنے تیروں کو خُون پلا کر اَور تلوار کو مقتولوں اَور اسیروں کا خُون پلا کر، اَور دُشمن رہنماؤں کے سَر کا، گوشت کھِلا کر مدمست کر دُوں گا۔“ اَے قومو! یَاہوِہ کے لوگوں کے ساتھ خُوشی مناؤ، کیونکہ وہ اَپنے خادِموں کے خُون کا اِنتقام لیں گے؛ اَور اَپنے دُشمنوں سے بدلہ لیں گے اَور اَپنے مُلک اَور لوگوں کے لیٔے کفّارہ دیں گے۔
اِستِثنا 1:32-43 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے آسمان، میری بات پر غور کر! اے زمین، میرا گیت سن! میری تعلیم بوندا باندی جیسی ہو، میری بات شبنم کی طرح زمین پر پڑ جائے۔ وہ بارش کی مانند ہو جو ہریالی پر برستی ہے۔ مَیں رب کا نام پکاروں گا۔ ہمارے خدا کی عظمت کی تمجید کرو! وہ چٹان ہے، اور اُس کا کام کامل ہے۔ اُس کی تمام راہیں راست ہیں۔ وہ وفادار خدا ہے جس میں فریب نہیں ہے بلکہ جو عادل اور دیانت دار ہے۔ ایک ٹیڑھی اور کج رَو نسل نے اُس کا گناہ کیا۔ وہ اُس کے فرزند نہیں بلکہ داغ ثابت ہوئے ہیں۔ اے میری احمق اور بےسمجھ قوم، کیا تمہارا رب سے ایسا رویہ ٹھیک ہے؟ وہ تو تمہارا باپ اور خالق ہے، جس نے تمہیں بنایا اور قائم کیا۔ قدیم زمانے کو یاد کرنا، ماضی کی نسلوں پر توجہ دینا۔ اپنے باپ سے پوچھنا تو وہ تجھے بتا دے گا، اپنے بزرگوں سے پتا کرنا تو وہ تجھے اطلاع دیں گے۔ جب اللہ تعالیٰ نے ہر قوم کو اُس کا اپنا اپنا موروثی علاقہ دے کر تمام انسانوں کو مختلف گروہوں میں الگ کر دیا تو اُس نے قوموں کی سرحدیں اسرائیلیوں کی تعداد کے مطابق مقرر کیں۔ کیونکہ رب کا حصہ اُس کی قوم ہے، یعقوب کو اُس نے میراث میں پایا ہے۔ یہ قوم اُسے ریگستان میں مل گئی، ویران و سنسان بیابان میں جہاں چاروں طرف ہول ناک آوازیں گونجتی تھیں۔ اُس نے اُسے گھیر کر اُس کی دیکھ بھال کی، اُسے اپنی آنکھ کی پُتلی کی طرح بچائے رکھا۔ جب عقاب اپنے بچوں کو اُڑنا سکھاتا ہے تو وہ اُنہیں گھونسلے سے نکال کر اُن کے ساتھ اُڑتا ہے۔ اگر وہ گر بھی جائیں تو وہ حاضر ہے اور اُن کے نیچے اپنے پَروں کو پھیلا کر اُنہیں زمین سے ٹکرا جانے سے بچاتا ہے۔ رب کا اسرائیل کے ساتھ یہی سلوک تھا۔ رب نے اکیلے ہی اُس کی راہنمائی کی۔ کسی اجنبی معبود نے شرکت نہ کی۔ اُس نے اُسے رتھ پر سوار کر کے ملک کی بلندیوں پر سے گزرنے دیا اور اُسے کھیت کا پھل کھلا کر اُسے چٹان سے شہد اور سخت پتھر سے زیتون کا تیل مہیا کیا۔ اُس نے اُسے گائے کی لسی اور بھیڑبکری کا دودھ چیدہ بھیڑ کے بچوں سمیت کھلایا اور اُسے بسن کے موٹے تازے مینڈھے، بکرے اور بہترین اناج عطا کیا۔ اُس وقت تُو اعلیٰ انگور کی عمدہ مَے سے لطف اندوز ہوا۔ لیکن جب یسورون موٹا ہو گیا تو وہ دولتّیاں جھاڑنے لگا۔ جب وہ حلق تک بھر کر تنومند اور فربہ ہوا تو اُس نے اپنے خدا اور خالق کو رد کیا، اُس نے اپنی نجات کی چٹان کو حقیر جانا۔ اپنے اجنبی معبودوں سے اُنہوں نے اُس کی غیرت کو جوش دلایا، اپنے گھنونے بُتوں سے اُسے غصہ دلایا۔ اُنہوں نے بدروحوں کو قربانیاں پیش کیں جو خدا نہیں ہیں، ایسے معبودوں کو جن سے نہ وہ اور نہ اُن کے باپ دادا واقف تھے، کیونکہ وہ تھوڑی دیر پہلے وجود میں آئے تھے۔ تُو وہ چٹان بھول گیا جس نے تجھے پیدا کیا، وہی خدا جس نے تجھے جنم دیا۔ رب نے یہ دیکھ کر اُنہیں رد کیا، کیونکہ وہ اپنے بیٹے بیٹیوں سے ناراض تھا۔ اُس نے کہا، ”مَیں اپنا چہرہ اُن سے چھپا لوں گا۔ پھر پتا لگے گا کہ میرے بغیر اُن کا کیا انجام ہوتا ہے۔ کیونکہ وہ سراسر بگڑ گئے ہیں، اُن میں وفاداری پائی نہیں جاتی۔ اُنہوں نے اُس کی پرستش سے جو خدا نہیں ہے میری غیرت کو جوش دلایا، اپنے بےکار بُتوں سے مجھے غصہ دلایا ہے۔ چنانچہ مَیں خود ہی اُنہیں غیرت دلاؤں گا، ایک ایسی قوم کے ذریعے جو حقیقت میں قوم نہیں ہے۔ ایک نادان قوم کے ذریعے مَیں اُنہیں غصہ دلاؤں گا۔ کیونکہ میرے غصے سے آگ بھڑک اُٹھی ہے جو پاتال کی تہہ تک پہنچے گی اور زمین اور اُس کی پیداوار ہڑپ کر کے پہاڑوں کی بنیادوں کو جلا دے گی۔ مَیں اُن پر مصیبت پر مصیبت آنے دوں گا اور اپنے تمام تیر اُن پر چلاؤں گا۔ بھوک کے مارے اُن کی طاقت جاتی رہے گی، اور وہ بخار اور وبائی امراض کا لقمہ بنیں گے۔ مَیں اُن کے خلاف پھاڑنے والے جانور اور زہریلے سانپ بھیج دوں گا۔ باہر تلوار اُنہیں بےاولاد کر دے گی، اور گھر میں دہشت پھیل جائے گی۔ شیرخوار بچے، نوجوان لڑکے لڑکیاں اور بزرگ سب اُس کی گرفت میں آ جائیں گے۔ مجھے کہنا چاہئے تھا کہ مَیں اُنہیں چِکنا چُور کر کے انسانوں میں سے اُن کا نام و نشان مٹا دوں گا۔ لیکن اندیشہ تھا کہ دشمن غلط مطلب نکال کر کہے، ’ہم خود اُن پر غالب آئے، اِس میں رب کا ہاتھ نہیں ہے‘۔“ کیونکہ یہ قوم بےسمجھ اور حکمت سے خالی ہے۔ کاش وہ دانش مند ہو کر یہ بات سمجھیں! کاش وہ جان لیں کہ اُن کا کیا انجام ہے۔ کیونکہ دشمن کا ایک آدمی کس طرح ہزار اسرائیلیوں کا تعاقب کر سکتا ہے؟ اُس کے دو مرد کس طرح دس ہزار اسرائیلیوں کو بھگا سکتے ہیں؟ وجہ صرف یہ ہے کہ اُن کی چٹان نے اُنہیں دشمن کے ہاتھ بیچ دیا۔ رب نے خود اُنہیں دشمن کے قبضے میں کر دیا۔ ہمارے دشمن خود مانتے ہیں کہ اسرائیل کی چٹان ہماری چٹان جیسی نہیں ہے۔ اُن کی بیل تو سدوم کی بیل اور عمورہ کے باغ سے ہے، اُن کے انگور زہریلے اور اُن کے گُچھے کڑوے ہیں۔ اُن کی مَے سانپوں کا مہلک زہر ہے۔ رب فرماتا ہے، ”کیا مَیں نے اِن باتوں پر مُہر لگا کر اُنہیں اپنے خزانے میں محفوظ نہیں رکھا؟ انتقام لینا میرا ہی کام ہے، مَیں ہی بدلہ لوں گا۔ ایک وقت آئے گا کہ اُن کا پاؤں پھسلے گا۔ کیونکہ اُن کی تباہی کا دن قریب ہے، اُن کا انجام جلد ہی آنے والا ہے۔“ یقیناً رب اپنی قوم کا انصاف کرے گا۔ وہ اپنے خادموں پر ترس کھائے گا جب دیکھے گا کہ اُن کی طاقت جاتی رہی ہے اور کوئی نہیں بچا۔ اُس وقت وہ پوچھے گا، ”اب اُن کے دیوتا کہاں ہیں، وہ چٹان جس کی پناہ اُنہوں نے لی؟ وہ دیوتا کہاں ہیں جنہوں نے اُن کے بہترین جانور کھائے اور اُن کی مَے کی نذریں پی لیں۔ وہ تمہاری مدد کے لئے اُٹھیں اور تمہیں پناہ دیں۔ اب جان لو کہ مَیں اور صرف مَیں خدا ہوں۔ میرے سوا کوئی اَور خدا نہیں ہے۔ مَیں ہی ہلاک کرتا اور مَیں ہی زندہ کر دیتا ہوں۔ مَیں ہی زخمی کرتا اور مَیں ہی شفا دیتا ہوں۔ کوئی میرے ہاتھ سے نہیں بچا سکتا۔ مَیں اپنا ہاتھ آسمان کی طرف اُٹھا کر اعلان کرتا ہوں کہ میری ابدی حیات کی قَسم، جب مَیں اپنی چمکتی ہوئی تلوار کو تیز کر کے عدالت کے لئے پکڑ لوں گا تو اپنے مخالفوں سے انتقام اور اپنے نفرت کرنے والوں سے بدلہ لوں گا۔ میرے تیر خون پی پی کر نشے میں دُھت ہو جائیں گے، میری تلوار مقتولوں اور قیدیوں کے خون اور دشمن کے سرداروں کے سروں سے سیر ہو جائے گی۔“ اے دیگر قومو، اُس کی اُمّت کے ساتھ خوشی مناؤ! کیونکہ وہ اپنے خادموں کے خون کا انتقام لے گا۔ وہ اپنے مخالفوں سے بدلہ لے کر اپنے ملک اور قوم کا کفارہ دے گا۔
اِستِثنا 1:32-43 کِتابِ مُقادّس (URD)
کان لگاؤ اَے آسمانو! اور مَیں بولُوں گا اور زمِین میرے مُنہ کی باتیں سُنے۔ میری تعلِیم مِینہہ کی طرح برسے گی۔ میری تقرِیر شبنم کی مانِند ٹپکے گی جَیسے نرم گھاس پر پھوآر پڑتی ہو اور سبزی پر جھڑیاں۔ کیونکہ مَیں خُداوند کے نام کا اِشتہار دُوں گا۔ تُم ہمارے خُدا کی تعظِیم کرو۔ وہ وُہی چٹان ہے۔ اُس کی صنعت کامِل ہے کیونکہ اُس کی سب راہیں اِنصاف کی ہیں۔ وہ وفادار خُدا اور بدی سے مُبرّا ہے۔ وہ مُنصِف اور برحق ہے۔ یہ لوگ اُس کے ساتھ بُری طرح سے پیش آئے۔ یہ اُس کے فرزند نہیں۔ یہ اُن کا عَیب ہے۔ یہ سب کجرو اور ٹیڑھی نسل ہیں۔ کیا تُم اَے بے وقُوف اور کم عقل لوگو! اِس طرح خُداوند کو بدلہ دو گے؟ کیا وہ تُمہارا باپ نہیں جِس نے تُم کو خرِیدا ہے؟ اُس ہی نے تُم کو بنایا اور قیام بخشا۔ قدِیم ایّام کو یاد کرو۔ نسل در نسل کے برسوں پر غَور کرو۔ اپنے باپ سے پُوچھو۔ وہ تُم کو بتائے گا۔ بزُرگوں سے سوال کرو۔ وہ تُم سے بیان کریں گے۔ جب حق تعالیٰ نے قَوموں کو مِیراث بانٹی اور بنی آدمؔ کو جُدا جُدا کِیا تو اُس نے قَوموں کی سرحدّیں بنی اِسرائیل کے شُمار کے مُطابِق ٹھہرائِیں۔ کیونکہ خُداوند کا حِصّہ اُسی کے لوگ ہیں۔ یعقُوب اُس کی مِیراث کا قُرعہ ہے۔ وہ خُداوند کو ویرانے اور سُونے ہَولناک بیابان میں مِلا۔ خُداوند اُس کے چَوگِرد رہا۔ اُس نے اُس کی خبر لی اور اُسے اپنی آنکھ کی پُتلی کی طرح رکھا۔ جَیسے عُقاب اپنے گھونسلے کو ہلا ہلا کر اپنے بچّوں پر منڈلاتا ہے وَیسے ہی اُس نے اپنے بازُوؤں کو پَھیلایا اور اُن کو لے کر اپنے پروں پر اُٹھا لِیا۔ فقط خُداوند ہی نے اُن کی رہبری کی اور اُس کے ساتھ کوئی اجنبی معبُود نہ تھا۔ اُس نے اُسے زمِین کی اُونچی اُونچی جگہوں پر سوار کرایا اور اُس نے کھیت کی پَیداوار کھائی۔ اُس نے اُسے چٹان میں سے شہد اور سنگِ خارا میں سے تیل چُسایا۔ اور گایوں کا مکّھن اور بھیڑ بکریوں کا دُودھ اور برّوں کی چربی اور بسنی نسل کے مینڈھے اور بکرے اور خالِص گیہُوں کا آٹا بھی۔ اور تُو انگُور کے خالِص رس کی مَے پِیا کرتا تھا۔ لیکن یسُورُوؔن موٹا ہو کر لاتیں مارنے لگا۔ تُو موٹا ہو کر لدّھڑ ہو گیا ہے اور تُجھ پر چربی چھا گئی ہے۔ تب اُس نے خُدا کو جِس نے اُسے بنایا چھوڑ دیا اور اپنی نجات کی چٹان کی حقارت کی۔ اُنہوں نے اجنبی معبُودوں کے باعِث اُسے غَیرت اور مکرُوہات سے اُسے غُصّہ دِلایا۔ اُنہوں نے جِنّات کے لِئے جو خُدا نہ تھے بلکہ اَیسے دیوتاؤں کے لِئے جِن سے وہ واقِف نہ تھے یعنی نئے نئے دیوتاؤں کے لِئے جو حال ہی میں ظاہِر ہُوئے تھے جِن سے اُن کے باپ دادا کبھی ڈرے نہیں قُربانی کی۔ تُو اُس چٹان سے غافِل ہو گیا جِس نے تُجھے پَیدا کِیا تھا۔ تُو خُدا کو بُھول گیا جِس نے تُجھے خلق کِیا خُداوند نے یہ دیکھ کر اُن سے نفرت کی کیونکہ اُس کے بیٹوں اور بیٹِیوں نے اُسے غُصّہ دِلایا۔ تب اُس نے کہا مَیں اپنا مُنہ اُن سے چِھپا لُوں گا اور دیکھوں گا کہ اُن کا انجام کَیسا ہو گا کیونکہ وہ گردن کش نسل اور بے وفا اَولاد ہیں۔ اُنہوں نے اُس چِیز کے باعِث جو خُدا نہیں مُجھے غَیرت اور اپنی باطِل باتوں سے مُجھے غُصّہ دِلایا۔ سو مَیں بھی اُن کے ذرِیعہ سے جو کوئی اُمّت نہیں اُن کو غَیرت اور ایک نادان قَوم کے ذرِیعہ سے اُن کو غُصّہ دِلاؤُں گا۔ اِس لِئے کہ میرے غُصّہ کے مارے آگ بھڑک اُٹھی ہے جو پاتال کی تَہ تک جلتی جائے گی اور زمِین کو اُس کی پَیداوار سمیت بھسم کر دے گی اور پہاڑوں کی بُنیادوں میں آگ لگا دے گی۔ مَیں اُن پر آفتوں کا ڈھیر لگاؤُں گا اور اپنے تیروں کو اُن پر ختم کرُوں گا۔ وہ بُھوک کے مارے گُھل جائیں گے اور شدِید حرارت اور سخت ہلاکت کا لُقمہ ہو جائیں گے اور مَیں اُن پر درِندوں کے دانت اور زمِین پر کے سرکنے والے کِیڑوں کا زہر چھوڑ دُوں گا۔ باہر وہ تلوار سے مَریں گے اور کوٹھریوں کے اندر خَوف سے۔ جوان مَرد اور کُنواریاں دُودھ پِیتے بچّے اور پکّے بال والے سب یُوں ہی ہلاک ہوں گے۔ مَیں نے کہا مَیں اُن کو دُور دُور پراگندہ کرُوں گا اور اُن کا تذکرہ نوعِ بشر میں سے مِٹا ڈالوں گا پر مُجھے دُشمن کی چھیڑ چھاڑ کا اندیشہ تھا کہ کہِیں مُخالِف اُلٹا سمجھ کر یُوں نہ کہنے لگیں کہ ہمارے ہی ہاتھ بالا ہیں اور یہ سب خُداوند سے نہیں ہُؤا وہ ایک اَیسی قَوم ہیں جو مصلحت سے خالی ہو اُن میں کُچھ سمجھ نہیں کاش وہ عقل مند ہوتے کہ اِس کو سمجھتے اَور اپنی عاقبت پر غَور کرتے! کیونکر ایک آدمی ہزار کا پِیچھا کرتا اور دو آدمی دس ہزار کو بھگا دیتے اگر اُن کی چٹان ہی اُن کو بیچ نہ دیتی اور خُداوند ہی اُن کو حَوالہ نہ کر دیتا؟ کیونکہ اُن کی چٹان اَیسی نہیں جَیسی ہماری چٹان ہے۔ خواہ ہمارے دُشمن ہی کیوں نہ مُنصِف ہوں۔ کیونکہ اُن کی تاک سدُوؔم کی تاکوں میں سے اور عمُورہ کے کھیتوں کی ہے۔ اُن کے انگُور ہلاہل کے بنے ہُوئے ہیں اور اُن کے گُچھے کڑوے ہیں۔ اُن کی مَے اژدہاؤں کا بِس اور کالے ناگوں کا زہرِ قاتِل ہے کیا یہ میرے خزانوں میں سر بہ مُہر ہو کر بھرا نہیں پڑا ہے؟ اُس وقت جب اُن کے پاؤں پِھسلیں تو اِنتِقام لینا اور بدلہ دینا میرا کام ہو گا کیونکہ اُن کی آفت کا دِن نزدِیک ہے اور جو حادِثے اُن پر گُذرنے والے ہیں وہ جلد آئیں گے کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں کا اِنصاف کرے گا اور اپنے بندوں پر ترس کھائے گا جب وہ دیکھے گا کہ اُن کی قُوّت جاتی رہی اور کوئی بھی۔ نہ قَیدی اور نہ آزاد۔ باقی بچا۔ اور وہ کہے گا اُن کے دیوتا کہاں ہیں؟ وہ چٹان کہاں جِس پر اُن کا بھروسا تھا جو اُن کے ذبِیحوں کی چربی کھاتے اور اُن کے تپاون کی مَے پِیتے تھے؟ وُہی اُٹھ کر تُمہاری مدد کریں۔ وُہی تُمہاری پناہ ہوں۔ سو اب تُم دیکھ لو کہ مَیں ہی وہ ہُوں اور میرے ساتھ کوئی دیوتا نہیں۔ مَیں ہی مار ڈالتا اور مَیں ہی جِلاتا ہُوں۔ مَیں ہی زخمی کرتا اور مَیں ہی چنگا کرتا ہُوں اور کوئی نہیں جو میرے ہاتھ سے چُھڑائے۔ کیونکہ مَیں اپنا ہاتھ آسمان کی طرف اُٹھا کر کہتا ہُوں کہ چُونکہ مَیں ابدُالآباد زِندہ ہُوں اِس لِئے اگر مَیں اپنی جھلکتی تلوار کو تیز کرُوں اور عدالت کو اپنے ہاتھ میں لے لُوں تو اپنے مُخالِفوں سے اِنتِقام لُوں گا اور اپنے کِینہ رکھنے والوں کو بدلہ دُوں گا۔ مَیں اپنے تیروں کو خُون پِلا پِلا کر مست کر دُوں گا اور میری تلوار گوشت کھائے گی۔ وہ خُون مقتُولوں اور اسِیروں کا اور وہ گوشت دُشمن کے سرداروں کے سر کا ہو گا۔ اَے قَومو! اُس کے لوگوں کے ساتھ خُوشی مناؤ کیونکہ وہ اپنے بندوں کے خُون کا اِنتِقام لے گا اور اپنے مُخالِفوں کو بدلہ دے گا اور اپنے مُلک اور لوگوں کے لِئے کفّارہ دے گا۔