YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 1:19-14

اِستِثنا 1:19-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب تیرا خدا اُس ملک میں آباد قوموں کو تباہ کرے گا جو وہ تجھے دے رہا ہے۔ جب تُو اُنہیں بھگا کر اُن کے شہروں اور گھروں میں آباد ہو جائے گا تو پورے ملک کو تین حصوں میں تقسیم کر۔ ہر حصے میں ایک مرکزی شہر مقرر کر۔ اُن تک پہنچانے والے راستے صاف ستھرے رکھنا۔ اِن شہروں میں ہر وہ شخص پناہ لے سکتا ہے جس کے ہاتھ سے کوئی غیرارادی طور پر ہلاک ہوا ہے۔ وہ ایسے شہر میں جا کر انتقام لینے والوں سے محفوظ رہے گا۔ شرط یہ ہے کہ اُس نے نہ قصداً اور نہ دشمنی کے باعث کسی کو مار دیا ہو۔ مثلاً دو آدمی جنگل میں درخت کاٹ رہے ہیں۔ کلہاڑی چلاتے وقت ایک کی کلہاڑی دستے سے نکل کر اُس کے ساتھی کو لگ جائے اور وہ مر جائے۔ ایسا شخص فرار ہو کر ایسے شہر میں پناہ لے سکتا ہے تاکہ بچا رہے۔ اِس لئے ضروری ہے کہ ایسے شہروں کا فاصلہ زیادہ نہ ہو۔ کیونکہ جب انتقام لینے والا اُس کا تعاقب کرے گا تو خطرہ ہے کہ وہ طیش میں اُسے پکڑ کر مار ڈالے، اگرچہ بھاگنے والا بےقصور ہے۔ جو کچھ اُس نے کیا وہ دشمنی کے سبب سے نہیں بلکہ غیرارادی طور پر ہوا۔ اِس لئے لازم ہے کہ تُو پناہ کے تین شہر الگ کر لے۔ بعد میں رب تیرا خدا تیری سرحدیں مزید بڑھا دے گا، کیونکہ یہی وعدہ اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا سے کیا ہے۔ اپنے وعدے کے مطابق وہ تجھے پورا ملک دے گا، البتہ شرط یہ ہے کہ تُو احتیاط سے اُن تمام احکام کی پیروی کرے جو مَیں تجھے آج دے رہا ہوں۔ دوسرے الفاظ میں شرط یہ ہے کہ تُو رب اپنے خدا کو پیار کرے اور ہمیشہ اُس کی راہوں میں چلتا رہے۔ اگر تُو ایسا ہی کرے اور نتیجتاً رب کا وعدہ پورا ہو جائے تو لازم ہے کہ تُو پناہ کے تین اَور شہر الگ کر لے۔ ورنہ تیرے ملک میں جو رب تیرا خدا تجھے میراث میں دے رہا ہے بےقصور لوگوں کو جان سے مارا جائے گا اور تُو خود ذمہ دار ٹھہرے گا۔ لیکن ہو سکتا ہے کوئی دشمنی کے باعث کسی کی تاک میں بیٹھ جائے اور اُس پر حملہ کر کے اُسے مار ڈالے۔ اگر قاتل پناہ کے کسی شہر میں بھاگ کر پناہ لے تو اُس کے شہر کے بزرگ اطلاع دیں کہ اُسے واپس لایا جائے۔ اُسے انتقام لینے والے کے حوالے کیا جائے تاکہ اُسے سزائے موت ملے۔ اُس پر رحم مت کرنا۔ لازم ہے کہ تُو اسرائیل میں سے بےقصور کی موت کا داغ مٹائے تاکہ تُو خوش حال رہے۔ جب تُو اُس ملک میں رہے گا جو رب تیرا خدا تجھے میراث میں دے گا تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے تو زمین کی وہ حدیں آگے پیچھے نہ کرنا جو تیرے باپ دادا نے مقرر کیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 19

اِستِثنا 1:19-14 کِتابِ مُقادّس (URD)

جب خُداوند تیرا خُدا اُن قَوموں کو جِن کا مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے کاٹ ڈالے اور تُو اُن کی جگہ اُن کے شہروں اور گھروں میں رہنے لگے۔ تو تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے تِین شہر اپنے لِئے الگ کر دینا۔ اور تُو ایک راستہ بھی اپنے لِئے تیّار کرنا اور اپنے اُس مُلک کی زمِین کو جِس پر خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ دِلاتا ہے تِین حِصّے کرنا تاکہ ہر ایک خُونی وہِیں بھاگ جائے۔ اور اُس خُونی کا جو وہاں بھاگ کر اپنی جان بچائے حال یہ ہو کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کو نادانِستہ اور بغیر اُس سے قدیمی عداوت رکھّے مار ڈالا ہو۔ مثلاً کوئی شخص اپنے ہمسایہ کے ساتھ لکڑِیاں کاٹنے کو جنگل میں جائے اور کُلہاڑا ہاتھ میں اُٹھائے تاکہ درخت کاٹے اور کُلہاڑا دستے سے نِکل کر اُس کے ہمسایہ کے جا لگے اور وہ مَر جائے تو وہ اِن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ کر جِیتا بچے۔ تا اَیسا نہ ہو کہ راستہ کی لمبائی کے سبب سے خُون کا اِنتِقام لینے والا اپنے جوشِ غضب میں خُونی کا پِیچھا کر کے اُس کو جا پکڑے اور اُسے قتل کرے حالانکہ وہ واجِبُ القتل نہیں کیونکہ اُسے مقتُول سے قدِیمی عداوت نہ تھی۔ اِس لِئے مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کہ تُو اپنے لِئے تِین شہر الگ کر دینا۔ اور اگر خُداوند تیرا خُدا اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تیری سرحد کو بڑھا کر وہ سب مُلک جِس کے دینے کا وعدہ اُس نے تیرے باپ دادا سے کِیا تھا تُجھ کو دے۔ اور تُو اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں دِھیان کر کے عمل کرے اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور ہمیشہ اُس کی راہوں پر چلے تو اِن تِین شہروں کے عِلاوہ تِین شہر اَور اپنے لِئے الگ کر دینا۔ تاکہ تیرے مُلک کے بِیچ جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث میں دیتا ہے بے گُناہ کا خُون بہایا نہ جائے اور وہ خُون یُوں تیری گردن پر ہو۔ لیکن اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ سے عداوت رکھتا ہُؤا اُس کی گھات میں لگے اور اُس پر حملہ کر کے اُسے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے اور وہ خُود اُن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ جائے۔ تو اُس کے شہر کے بزُرگ لوگوں کو بھیج کر اُسے وہاں سے پکڑوا منگوائیں اور اُس کو خُون کے اِنتِقام لینے والے کے ہاتھ میں حوالہ کریں تاکہ وہ قتل ہو۔ تُجھ کو اُس پر ذرا ترس نہ آئے بلکہ تُو اِس طرح بے گُناہ کے خُون کو اِسرائیلؔ سے دفع کرنا تاکہ تیرا بھلا ہو۔ تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے اپنے ہمسایہ کی حد کا نِشان جِس کو اگلے لوگوں نے تیری مِیراث کے حِصّہ میں ٹھہرایا ہو مت ہٹانا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 19