YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 1:16-8

اِستِثنا 1:16-8 کِتابِ مُقادّس (URD)

تُو ابِیبؔ کے مہِینے کو یاد رکھنا اور اُس میں خُداوند اپنے خُدا کی فَسح کرنا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا ابِیبؔ کے مہِینے میں رات کے وقت تُجھ کو مِصرؔ سے نِکال لایا۔ اور جِس جگہ کو خُداوند اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے وہِیں تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اپنے گائے بَیل اور بھیڑ بکری میں سے فَسح کی قُربانی چڑھانا۔ تُو اُس کے ساتھ خمِیری روٹی نہ کھانا بلکہ سات دِن تک اُس کے ساتھ بے خمِیری روٹی جو دُکھ کی روٹی ہے کھانا کیونکہ تُو مُلکِ مِصرؔ سے ہڑبڑی میں نِکلا تھا۔ یُوں تُو عُمر بھر اُس دِن کو جب تُو مُلکِ مِصرؔ سے نِکلا یاد رکھ سکے گا۔ اور تیری حدُود کے اندر سات دِن تک کہِیں خمِیر نظر نہ آئے اور اُس قُربانی میں سے جِس کو تُو پہلے دِن کی شام کو چڑھائے کُچھ گوشت صُبح تک باقی نہ رہنے پائے۔ تُو فَسح کی قُربانی کو اپنے پھاٹکوں کے اندر جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو دِیا ہو کہِیں نہ چڑھانا۔ بلکہ جِس جگہ کو خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے گا وہاں تُو فَسح کی قُربانی کو اُس وقت جب تُو مِصرؔ سے نِکلا تھا یعنی شام کو سُورج ڈُوبتے وقت گُذراننا۔ اور جِس جگہ کو خُداوند تیرا خُدا چُنے وہِیں اُسے بُھون کر کھانا اور پِھر صُبح کو اپنے اپنے ڈیرے کو لَوٹ جانا۔ چھ دِن تک بے خمِیری روٹی کھانا اور ساتویں دِن خُداوند تیرے خُدا کی خاطِر مُقدّس مجمع ہو۔ اُس میں تُو کوئی کام نہ کرنا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 16

اِستِثنا 1:16-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ابیب کے مہینے میں رب اپنے خدا کی تعظیم میں فسح کی عید منانا، کیونکہ اِس مہینے میں وہ تجھے رات کے وقت مصر سے نکال لایا۔ اُس جگہ جمع ہو جا جو رب اپنے نام کی سکونت کے لئے چنے گا۔ اُسے قربانی کے لئے بھیڑبکریاں یا گائےبَیل پیش کرنا۔ گوشت کے ساتھ بےخمیری روٹی کھانا۔ سات دن تک یہی روٹی کھا، بالکل اُسی طرح جس طرح تُو نے کیا جب جلدی جلدی مصر سے نکلا۔ مصیبت کی یہ روٹی اِس لئے کھا تاکہ وہ دن تیرے جیتے جی یاد رہے جب تُو مصر سے روانہ ہوا۔ لازم ہے کہ عید کے ہفتے کے دوران تیرے پورے ملک میں خمیر نہ پایا جائے۔ جو قربانی تُو عید کے پہلے دن کی شام کو پیش کرے اُس کا گوشت اُسی وقت کھا لے۔ اگلی صبح تک کچھ باقی نہ رہ جائے۔ فسح کی قربانی کسی بھی شہر میں جو رب تیرا خدا تجھے دے گا نہ چڑھانا بلکہ صرف اُس جگہ جو وہ اپنے نام کی سکونت کے لئے چنے گا۔ مصر سے نکلتے وقت کی طرح قربانی کے جانور کو سورج ڈوبتے وقت ذبح کر۔ پھر اُسے بھون کر اُس جگہ کھانا جو رب تیرا خدا چنے گا۔ اگلی صبح اپنے گھر واپس چلا جا۔ عید کے پہلے چھ دن بےخمیری روٹی کھاتا رہ۔ ساتویں دن کام نہ کرنا بلکہ رب اپنے خدا کی عبادت کے لئے جمع ہو جانا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 16