YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 18:11-28

اِستِثنا 18:11-28 کِتابِ مُقادّس (URD)

اِس لِئے میری اِن باتوں کو تُم اپنے دِل اور اپنی جان میں محفُوظ رکھنا اور نِشان کے طَور پر اِن کو اپنے ہاتھوں پر باندھنا اور وہ تُمہاری پیشانی پر ٹِیکوں کی مانِند ہوں۔ اور تُم اِن کو اپنے لڑکوں کو سِکھانا اور تُو گھر بَیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن ہی کا ذِکر کِیا کرنا۔ اور تُو اِن کو اپنے گھر کی چَوکھٹوں پر اور اپنے پھاٹکوں پر لِکھا کرنا۔ تاکہ جب تک زمِین پر آسمان کا سایہ ہے تُمہاری اور تُمہاری اَولاد کی عُمر اُس مُلک میں دراز ہو جِس کو خُداوند نے تُمہارے باپ دادا کو دینے کی قَسم اُن سے کھائی تھی۔ کیونکہ اگر تُم اُن سب حُکموں کو جو مَیں تُم کو دیتا ہُوں جانفشانی سے مانو اور اُن پر عمل کرو اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اُس کی سب راہوں پر چلو اور اُس سے لِپٹے رہو۔ تو خُداوند اِن سب قَوموں کو تُمہارے آگے سے نِکال ڈالے گا اور تُم اُن قَوموں پر جو تُم سے بڑی اور زورآور ہیں قابِض ہو گے۔ جہاں جہاں تُمہارے پاؤں کا تلوا ٹِکے وہ جگہ تُمہاری ہو جائے گی یعنی بیابان اور لُبنان سے اور دریایِ فرات سے مغرِب کے سمُندر تک تُمہاری سرحد ہو گی۔ اور کوئی شخص وہاں تُمہارا مُقابلہ نہ کر سکے گا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارا رُعب اور خَوف اُس تمام مُلک میں جہاں کہِیں تُمہارے قدم پڑیں پَیدا کر دے گا جَیسا اُس نے تُم سے کہا ہے۔ دیکھو مَیں آج کے دِن تُمہارے آگے برکت اور لَعنت دونوں رکھّے دیتا ہُوں۔ برکت اُس حال میں جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو جو آج مَیں تُم کو دیتا ہُوں مانو۔ اور لَعنت اُس وقت جب تُم خُداوند اپنے خُدا کی فرمانبرداری نہ کرو اور اُس راہ کو جِس کی بابت مَیں آج تُم کو حُکم دیتا ہُوں چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پَیروی کرو جِن سے تُم اب تک واقِف نہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 11

اِستِثنا 18:11-28 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

چنانچہ میری یہ باتیں اپنے دلوں پر نقش کر لو۔ اُنہیں نشان کے طور پر اور یاددہانی کے لئے اپنے ہاتھوں اور ماتھوں پر لگاؤ۔ اُنہیں اپنے بچوں کو سکھاؤ۔ ہر جگہ اور ہمیشہ اُن کے بارے میں بات کرو، خواہ تُو گھر میں بیٹھا یا راستے پر چلتا ہو، لیٹا ہو یا کھڑا ہو۔ اُنہیں اپنے گھروں کی چوکھٹوں اور اپنے شہروں کے دروازوں پر لکھ تاکہ جب تک زمین پر آسمان قائم ہے تم اور تمہاری اولاد اُس ملک میں جیتے رہیں جس کا وعدہ رب نے قَسم کھا کر تمہارے باپ دادا سے کیا تھا۔ احتیاط سے اُن احکام کی پیروی کرو جو مَیں تمہیں دے رہا ہوں۔ رب اپنے خدا سے پیار کرو، اُس کے تمام احکام پر عمل کرو اور اُس کے ساتھ لپٹے رہو۔ پھر وہ تمہارے آگے آگے یہ تمام قومیں نکال دے گا اور تم ایسی قوموں کی زمینوں پر قبضہ کرو گے جو تم سے بڑی اور طاقت ور ہیں۔ تم جہاں بھی قدم رکھو گے وہ تمہارا ہی ہو گا، جنوبی ریگستان سے لے کر لبنان تک، دریائے فرات سے بحیرۂ روم تک۔ کوئی بھی تمہارا سامنا نہیں کر سکے گا۔ تم اُس ملک میں جہاں بھی جاؤ گے وہاں رب تمہارا خدا اپنے وعدے کے مطابق تمہاری دہشت اور خوف پیدا کر دے گا۔ آج تم خود فیصلہ کرو۔ کیا تم رب کی برکت یا اُس کی لعنت پانا چاہتے ہو؟ اگر تم رب اپنے خدا کے اُن احکام پر عمل کرو جو مَیں آج تمہیں دے رہا ہوں تو وہ تمہیں برکت دے گا۔ لیکن اگر تم اُن کے تابع نہ رہو بلکہ میری پیش کردہ راہ سے ہٹ کر دیگر معبودوں کی پیروی کرو تو وہ تم پر لعنت بھیجے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 11