YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 11:11-24

اِستِثنا 11:11-24 کِتابِ مُقادّس (URD)

لیکن جِس مُلک پر قبضہ کرنے کے لِئے تُم پار جانے کو ہو وہ پہاڑوں اور وادِیوں کا مُلک ہے اور بارِش کے پانی سے سیراب ہُؤا کرتا ہے۔ اُس مُلک پر خُداوند تیرے خُدا کی توجُّہ رہتی ہے اور سال کے شرُوع سے سال کے آخِر تک خُداوند تیرے خُدا کی آنکھیں اُس پر لگی رہتی ہیں۔ اور اگر تُم میرے حُکموں کو جو آج مَیں تُم کو دیتا ہُوں دِل لگا کر سُنو اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے اُس کی بندگی کرو۔ تو مَیں تُمہارے مُلک میں عَین وقت پر پہلا اور پِچھلا مینہہ برساؤُں گا تاکہ تُو اپنا غلّہ اور مَے اور تیل جمع کر سکے۔ اور مَیں تیرے چَوپایوں کے لِئے مَیدان میں گھاس پَیدا کرُوں گا اور تُو کھائے گا اور سیر ہو گا۔ سو تُم خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ تُمہارے دِل دھوکا کھائیں اور تُم بہک کر اَور معبُودوں کی عِبادت اور پرستِش کرنے لگو۔ اور خُداوند کا غضب تُم پر بھڑکے اور وہ آسمان کو بند کر دے تاکہ مینہہ نہ برسے اور زمِین میں کُچھ پَیداوار نہ ہو اور تُم اِس اچھّے مُلک سے جو خُداوند تُم کو دیتا ہے جلد فنا ہو جاؤ۔ اِس لِئے میری اِن باتوں کو تُم اپنے دِل اور اپنی جان میں محفُوظ رکھنا اور نِشان کے طَور پر اِن کو اپنے ہاتھوں پر باندھنا اور وہ تُمہاری پیشانی پر ٹِیکوں کی مانِند ہوں۔ اور تُم اِن کو اپنے لڑکوں کو سِکھانا اور تُو گھر بَیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن ہی کا ذِکر کِیا کرنا۔ اور تُو اِن کو اپنے گھر کی چَوکھٹوں پر اور اپنے پھاٹکوں پر لِکھا کرنا۔ تاکہ جب تک زمِین پر آسمان کا سایہ ہے تُمہاری اور تُمہاری اَولاد کی عُمر اُس مُلک میں دراز ہو جِس کو خُداوند نے تُمہارے باپ دادا کو دینے کی قَسم اُن سے کھائی تھی۔ کیونکہ اگر تُم اُن سب حُکموں کو جو مَیں تُم کو دیتا ہُوں جانفشانی سے مانو اور اُن پر عمل کرو اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اُس کی سب راہوں پر چلو اور اُس سے لِپٹے رہو۔ تو خُداوند اِن سب قَوموں کو تُمہارے آگے سے نِکال ڈالے گا اور تُم اُن قَوموں پر جو تُم سے بڑی اور زورآور ہیں قابِض ہو گے۔ جہاں جہاں تُمہارے پاؤں کا تلوا ٹِکے وہ جگہ تُمہاری ہو جائے گی یعنی بیابان اور لُبنان سے اور دریایِ فرات سے مغرِب کے سمُندر تک تُمہاری سرحد ہو گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 11

اِستِثنا 11:11-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جبکہ جس ملک پر تم قبضہ کرو گے اُس میں پہاڑ اور وادیاں ہیں جنہیں صرف بارش کا پانی سیراب کرتا ہے۔ رب تیرا خدا خود اُس ملک کا خیال رکھتا ہے۔ رب تیرے خدا کی آنکھیں سال کے پہلے دن سے لے کر آخر تک متواتر اُس پر لگی رہتی ہیں۔ چنانچہ اُن احکام کے تابع رہو جو مَیں آج تمہیں دے رہا ہوں۔ رب اپنے خدا سے پیار کرو اور اپنے پورے دل و جان سے اُس کی خدمت کرو۔ پھر وہ خریف اور بہار کی سالانہ بارش وقت پر بھیجے گا۔ اناج، انگور اور زیتون کی فصلیں پکیں گی، اور تُو اُنہیں جمع کر لے گا۔ نیز، اللہ تیری چراگاہوں میں تیرے ریوڑوں کے لئے گھاس مہیا کرے گا، اور تُو کھا کر سیر ہو جائے گا۔ لیکن خبردار، کہیں تمہیں ورغلایا نہ جائے۔ ایسا نہ ہو کہ تم رب کی راہ سے ہٹ جاؤ اور دیگر معبودوں کو سجدہ کر کے اُن کی خدمت کرو۔ ورنہ رب کا غضب تم پر آن پڑے گا، اور وہ ملک میں بارش ہونے نہیں دے گا۔ تمہاری فصلیں نہیں پکیں گی، اور تمہیں جلد ہی اُس اچھے ملک میں سے مٹا دیا جائے گا جو رب تمہیں دے رہا ہے۔ چنانچہ میری یہ باتیں اپنے دلوں پر نقش کر لو۔ اُنہیں نشان کے طور پر اور یاددہانی کے لئے اپنے ہاتھوں اور ماتھوں پر لگاؤ۔ اُنہیں اپنے بچوں کو سکھاؤ۔ ہر جگہ اور ہمیشہ اُن کے بارے میں بات کرو، خواہ تُو گھر میں بیٹھا یا راستے پر چلتا ہو، لیٹا ہو یا کھڑا ہو۔ اُنہیں اپنے گھروں کی چوکھٹوں اور اپنے شہروں کے دروازوں پر لکھ تاکہ جب تک زمین پر آسمان قائم ہے تم اور تمہاری اولاد اُس ملک میں جیتے رہیں جس کا وعدہ رب نے قَسم کھا کر تمہارے باپ دادا سے کیا تھا۔ احتیاط سے اُن احکام کی پیروی کرو جو مَیں تمہیں دے رہا ہوں۔ رب اپنے خدا سے پیار کرو، اُس کے تمام احکام پر عمل کرو اور اُس کے ساتھ لپٹے رہو۔ پھر وہ تمہارے آگے آگے یہ تمام قومیں نکال دے گا اور تم ایسی قوموں کی زمینوں پر قبضہ کرو گے جو تم سے بڑی اور طاقت ور ہیں۔ تم جہاں بھی قدم رکھو گے وہ تمہارا ہی ہو گا، جنوبی ریگستان سے لے کر لبنان تک، دریائے فرات سے بحیرۂ روم تک۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اِستِثنا 11