اِستِثنا 12:10-22
اِستِثنا 12:10-22 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس اَے اِسرائیلؔ! خُداوند تیرا خُدا تُجھ سے اِس کے سِوا اور کیا چاہتا ہے کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف مانے اور اُس کی سب راہوں پر چلے اور اُس سے مُحبّت رکھّے اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی بندگی کرے۔ اور خُداوند کے جو احکام اور آئِین مَیں تُجھ کو آج بتاتا ہُوں اُن پر عمل کرے تاکہ تیری خَیر ہو؟ دیکھ آسمان اور آسمانوں کا آسمان اور زمِین اور جو کُچھ زمِین میں ہے یہ سب خُداوند تیرے خُدا ہی کا ہے۔ تَو بھی خُداوند نے تیرے باپ دادا سے خُوش ہو کر اُن سے مُحبّت کی اور اُن کے بعد اُن کی اَولاد کو یعنی تُم کو سب قَوموں میں سے برگُزِیدہ کِیا جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔ اِس لِئے اپنے دِلوں کا خَتنہ کرو اور آگے کو گردن کش نہ رہو۔ کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا اِلہٰوں کا اِلہٰ خُداوندوں کا خُداوند ہے۔ وہ بزُرگوار اور قادِر اور مُہِیب خُدا ہے جو رُو رِعایت نہیں کرتا اور نہ رِشوت لیتا ہے۔ وہ یتِیموں اور بیواؤں کا اِنصاف کرتا ہے اور پردیسی سے اَیسی مُحبّت رکھتا ہے کہ اُسے کھانا اور کپڑا دیتا ہے۔ سو تُم پردیسِیوں سے مُحبّت رکھنا کیونکہ تُم بھی مُلکِ مِصرؔ میں پردیسی تھے۔ تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا۔ اُس کی بندگی کرنا اور اُس سے لِپٹے رہنا اور اُسی کے نام کی قَسم کھانا۔ وُہی تیری حمد کا سزاوار ہے اور وُہی تیرا خُدا ہے جِس نے تیرے لِئے وہ بڑے اور ہَولناک کام کِئے جِن کو تُو نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ تیرے باپ دادا جب مِصرؔ میں گئے تو ستّر آدمی تھے پر اب خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو بڑھا کر آسمان کے سِتاروں کی مانِند کر دِیا ہے۔
اِستِثنا 12:10-22 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے اسرائیل، اب میری بات سن! رب تیرا خدا تجھ سے کیا تقاضا کرتا ہے؟ صرف یہ کہ تُو اُس کا خوف مانے، اُس کی تمام راہوں پر چلے، اُسے پیار کرے، اپنے پورے دل و جان سے اُس کی خدمت کرے اور اُس کے تمام احکام پر عمل کرے۔ آج مَیں اُنہیں تجھے تیری بہتری کے لئے دے رہا ہوں۔ پورا آسمان، زمین اور جو کچھ اُس پر ہے، سب کا مالک رب تیرا خدا ہے۔ توبھی اُس نے تیرے باپ دادا پر ہی اپنی خاص شفقت کا اظہار کر کے اُن سے محبت کی۔ اور اُس نے تمہیں چن کر دوسری تمام قوموں پر ترجیح دی جیسا کہ آج ظاہر ہے۔ ختنہ اُس کی قوم کا نشان ہے، لیکن دھیان رکھو کہ وہ نہ صرف ظاہری بلکہ باطنی بھی ہو۔ آئندہ اَڑ نہ جاؤ۔ کیونکہ رب تمہارا خدا خداؤں کا خدا اور ربوں کا رب ہے۔ وہ عظیم اور زورآور خدا ہے جس سے سب خوف کھاتے ہیں۔ وہ جانب داری نہیں کرتا اور رشوت نہیں لیتا۔ وہ یتیموں اور بیواؤں کا انصاف کرتا ہے۔ وہ پردیسی سے پیار کرتا اور اُسے خوراک اور پوشاک مہیا کرتا ہے۔ تم بھی اُن کے ساتھ محبت سے پیش آؤ، کیونکہ تم بھی مصر میں پردیسی تھے۔ رب اپنے خدا کا خوف مان اور اُس کی خدمت کر۔ اُس سے لپٹا رہ اور اُسی کے نام کی قَسم کھا۔ وہی تیرا فخر ہے۔ وہ تیرا خدا ہے جس نے وہ تمام عظیم اور ڈراؤنے کام کئے جو تُو نے خود دیکھے۔ جب تیرے باپ دادا مصر گئے تھے تو 70 افراد تھے۔ اور اب رب تیرے خدا نے تجھے ستاروں کی مانند بےشمار بنا دیا ہے۔