دانیال 1:4-4
دانیال 1:4-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
نبوکدنضرؔ بادشاہ کی طرف سے، تمام لوگوں، قوموں اَور اہلِ لُغت کے نام جو تمام رُوئے زمین پر سکونت کرتے ہیں، تمہارا اِقبال بُلند ہو۔ خُداتعالیٰ نے میری خاطِر جو نِشانات اَور عجائب کر دِکھائے اُنہیں تُمہیں بتانے میں مُجھے بےحد خُوشی ہوتی ہے۔ اُن کی نِشانیاں کس قدر عظیم ہیں، اَور اُن کے معجزات کس قدر جلیلُ القدر ہیں، اُن کی بادشاہت اَبدی بادشاہت ہے؛ اَور اُن کی سلطنت پُشت در پُشت بنی رہتی ہے۔ میں، نبوکدنضرؔ اَپنے قصر میں مطمئن اَور اَپنے محل میں کامیاب تھا۔
دانیال 1:4-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
نبوکدنضر دنیا کی تمام قوموں، اُمّتوں اور زبانوں کے افراد کو ذیل کا پیغام بھیجتا ہے، سب کی سلامتی ہو! مَیں نے سب کو اُن الٰہی نشانات اور معجزات سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اللہ تعالیٰ نے میرے لئے کئے ہیں۔ اُس کے نشان کتنے عظیم، اُس کے معجزات کتنے زبردست ہیں! اُس کی بادشاہی ابدی ہے، اُس کی سلطنت نسل در نسل قائم رہتی ہے۔ مَیں، نبوکدنضر خوشی اور سکون سے اپنے محل میں رہتا تھا۔
دانیال 1:4-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
نبُوکدؔنضر بادشاہ کی طرف سے تمام لوگوں اُمّتوں اور اہلِ لُغت کے لِئے جو تمام رُویِ زمِین پر سکُونت کرتے ہیں تُمہاری سلامتی افزُون ہو۔ مَیں نے مُناسِب جانا کہ اُن نِشانوں اور عجائِب کو ظاہِر کرُوں جو خُدا تعالیٰ نے مُجھ پر آشکارا کِئے ہیں۔ اُس کے نِشان کَیسے عظِیم اور اُس کے عجائِب کَیسے مُہِیب ہیں! اُس کی مُملکت ابدی مُملکت ہے اور اُس کی سلطنت پُشت در پُشت۔ مَیں نبُوکدؔنضر اپنے گھر میں مُطمئِن اور اپنے قصر میں کامران تھا۔