دانیال 17:1-21
دانیال 17:1-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اللہ نے اِن چار آدمیوں کو ادب اور حکمت کے ہر شعبے میں علم اور سمجھ عطا کی۔ نیز، دانیال ہر قسم کی رویا اور خواب کی تعبیر کر سکتا تھا۔ مقررہ تین سال کے بعد دربار کے اعلیٰ افسر نے تمام نوجوانوں کو نبوکدنضر کے سامنے پیش کیا۔ جب بادشاہ نے اُن سے گفتگو کی تو معلوم ہوا کہ دانیال، حننیاہ، میسائیل اور عزریاہ دوسروں پر سبقت رکھتے ہیں۔ چنانچہ چاروں بادشاہ کے ملازم بن گئے۔ جب بھی کسی معاملے میں خاص حکمت اور سمجھ درکار ہوتی تو بادشاہ نے دیکھا کہ یہ چار نوجوان مشورہ دینے میں پوری سلطنت کے تمام قسمت کا حال بتانے والوں اور جادوگروں سے دس گُنا زیادہ قابل ہیں۔ دانیال خورس کی حکومت کے پہلے سال تک شاہی دربار میں خدمت کرتا رہا۔
دانیال 17:1-21 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب خُدا نے اُن چاروں جوانوں کو معرفت اور ہر طرح کی حِکمت اور عِلم میں مہارت بخشی اور دانی ایل ہر طرح کی رویا اور خواب میں صاحبِ فہم تھا۔ اور جب وہ دِن گُذر گئے جِن کے بعد بادشاہ کے فرمان کے مُطابِق اُن کو حاضِر ہونا تھا تو خواجہ سراؤں کا سردار اُن کو نبُوکدؔنضر کے حضُور لے گیا۔ اور بادشاہ نے اُن سے گُفتگُو کی اور اُن میں سے دانی ایل اور حننیاؔہ اور مِیسااؔیل اور عزریاؔہ کی مانِند کوئی نہ تھا۔ اِس لِئے وہ بادشاہ کے حضُور کھڑے رہنے لگے۔ اور ہر طرح کی خِردمندی اور دانِش وری کے باب میں جو کُچھ بادشاہ نے اُن سے پُوچھا اُن کو تمام فال گِیروں اور نجُومِیوں سے جو اُس کے تمام مُلک میں تھے دس درجہ بِہتر پایا۔ اور دانی ایل خورؔس بادشاہ کے پہلے سال تک زِندہ تھا۔