YouVersion Logo
تلاش

کُلسِیوں 7:4-18

کُلسِیوں 7:4-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

عزیز بھایٔی تُخِکسؔ جو وفادار خادِم اَور خُداوؔند میں ہم خدمت رہا ہے، میرا سارا حال تُمہیں بَیان کرے گا۔ میں اُسے تمہارے پاس اِس غرض سے بھیج رہا ہُوں تاکہ تُمہیں ہمارا سارا حال مَعلُوم ہو جائے اَور وہ تمہارے دلوں کو تسلّی دے سکے۔ وہ اُنیسمُسؔ ہمارے وفادار اَور عزیز بھایٔی کے ساتھ آ رہا ہے، جو تمہاری ہی جماعت سے ہے۔ یہ دونوں تُمہیں یہاں کا سارا حال بَیان کر دیں گے۔ ارِسترخُسؔ جو میرے ساتھ قَید میں ہے تُمہیں سلام کہتاہے اَور مرقُسؔ، جو بَرنباسؔ کا چچیرا بھایٔی ہے تُمہیں سلام کہتاہے۔ (تُمہیں مرقُسؔ کے بارے میں ہدایات دی جا چُکی ہے؛ اگر وہ تمہارے پاس آئے، تو اُس کا خیرمقدم کرنا)۔ اَور عیسیٰ جو یُوستُسؔ بھی کہلاتا ہے، تُمہیں سلام کہتاہے۔ مختون یہُودی مَسیحیُوں میں سے صِرف یہی تین شخص ہیں جو خُدا کی بادشاہی کا پیغام پھیلانے میں میرے ہم خدمت، اَور میری تسلّی کا باعث رہے ہیں۔ المسیؔح عیسیٰ کا خادِم اِپفِراسؔ بھی، جو تمہاری ہی جماعت سے ہے تُمہیں سلام کہتاہے۔ وہ بڑی جانفشانی سے تمہارے لیٔے دعا کرتا ہے کہ تُم کامِل بنو، اَور ایمان کی پُوری پُختگی سے خُدا کی مرضی کے مُطابق چلو۔ میں خُود اُس کے حق میں گواہی دیتا ہُوں کہ وہ تمہارے اَور لَودِیکیہؔ اَور ہِیراپُلسؔ شہروں کے لوگوں کے لیٔے کِس قدر محنت کرتا ہے۔ ہمارے عزیز طبیب، لُوقا، اَور دیماسؔ تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ لَودِیکیہؔ شہر کے مَسیحی بھائیوں اَور بہنوں کو، اَور بہن نُمفاسؔ اَور اُس کے گھر کی جماعت کو میرا سلام کہنا۔ جَب تُم یہ خط پڑھ چُکو تو دیکھنا کہ یہ لَودِیکیہؔ کی جماعت میں بھی پڑھا جائے اَور لَودِیکیہؔ سے آئے اُس خط کو تُم بھی پڑھ لینا۔ اَرخِپُّسؔ سے کہنا: ”جو خدمت خُداوؔند نے تمہارے سُپرد کی ہے وہ اُسے ہوشیاری سے اَنجام دے۔“ میں پَولُسؔ اَپنے ہاتھ سے یہ سلام لِکھتا ہُوں۔ یہ مت بھولنا کہ میں زنجیروں میں جکڑا یعنی قَید خانہ میں ہُوں۔ خُدا کا فضل تُم پر ہوتا رہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں کُلسِیوں 4

کُلسِیوں 7:4-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جہاں تک میرا تعلق ہے ہمارا عزیز بھائی تُخِکُس آپ کو سب کچھ بتا دے گا۔ وہ ایک وفادار خادم اور خداوند میں ہم خدمت رہا ہے۔ مَیں نے اُسے خاص کر اِس لئے آپ کے پاس بھیج دیا تاکہ آپ کو ہمارا حال معلوم ہو جائے اور وہ آپ کی حوصلہ افزائی کرے۔ وہ ہمارے وفادار اور عزیز بھائی اُنیسمس کے ساتھ آپ کے پاس آ رہا ہے، وہی جو آپ کی جماعت سے ہے۔ دونوں آپ کو وہ سب کچھ سنا دیں گے جو یہاں ہو رہا ہے۔ ارسترخس جو میرے ساتھ قید میں ہے آپ کو سلام کہتا ہے اور اِسی طرح برنباس کا کزن مرقس بھی۔ (آپ کو اُس کے بارے میں ہدایات دی گئی ہیں۔ جب وہ آپ کے پاس آئے تو اُسے خوش آمدید کہنا۔) عیسیٰ جو یُوستس کہلاتا ہے بھی آپ کو سلام کہتا ہے۔ اُن میں سے جو میرے ساتھ اللہ کی بادشاہی میں خدمت کر رہے ہیں صرف یہ تین مرد یہودی ہیں۔ اور یہ میرے لئے تسلی کا باعث رہے ہیں۔ مسیح عیسیٰ کا خادم اِپَفراس بھی جو آپ کی جماعت سے ہے سلام کہتا ہے۔ وہ ہر وقت بڑی جد و جہد کے ساتھ آپ کے لئے دعا کرتا ہے۔ اُس کی خاص دعا یہ ہے کہ آپ مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہیں، کہ آپ بالغ مسیحی بن کر ہر بات میں اللہ کی مرضی کے مطابق چلیں۔ مَیں خود اِس کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ اُس نے آپ کے لئے سخت محنت کی ہے بلکہ لودیکیہ اور ہیراپلس کی جماعتوں کے لئے بھی۔ ہمارے عزیز ڈاکٹر لوقا اور دیماس آپ کو سلام کہتے ہیں۔ میرا سلام لودیکیہ کی جماعت کو دینا اور اِسی طرح نُمفاس کو اُس جماعت سمیت جو اُس کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔ یہ پڑھنے کے بعد دھیان دیں کہ لودیکیہ کی جماعت میں بھی یہ خط پڑھا جائے اور آپ لودیکیہ کا خط بھی پڑھیں۔ ارخپس کو بتا دینا، خبردار کہ آپ وہ خدمت تکمیل تک پہنچائیں جو آپ کو خداوند میں سونپی گئی ہے۔ مَیں اپنے ہاتھ سے یہ الفاظ لکھ رہا ہوں۔ میری یعنی پولس کی طرف سے سلام۔ میری زنجیریں مت بھولنا! اللہ کا فضل آپ کے ساتھ ہوتا رہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں کُلسِیوں 4

کُلسِیوں 7:4-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِیارا بھائی اور دِیانت دار خادِم تُخِکس جو خُداوند میں ہم خِدمت ہے میرا سارا حال تُمہیں بتا دے گا۔ اُسے مَیں نے اِسی لِئے تُمہارے پاس بھیجا ہے کہ تُم ہماری حالت سے واقِف ہو جاؤ اور وہ تُمہارے دِلوں کو تسلّی دے۔ اور اُس کے ساتھ اُنیسِمُس کو بھی بھیجا ہے جو دِیانت دار اور پِیارا بھائی اور تُم میں سے ہے۔ یہ تُمہیں یہاں کی سب باتیں بتا دیں گے۔ اِرِسترؔخُس جو میرے ساتھ قَید ہے تُم کو سلام کہتا ہے اور برنباؔس کا رِشتہ کا بھائی مرقس (جِس کی بابت تُمہیں حُکم مِلے تھے اگر وہ تُمہارے پاس آئے تو اُس سے اچھّی طرح مِلنا)۔ اور یِسُوعؔ جو یُوستُس کہلاتا ہے مختُونوں میں سے صِرف یہی خُدا کی بادشاہی کے لِئے میرے ہم خِدمت اور میری تسلّی کا باعِث رہے ہیں۔ اِپَفراس جو تُم میں سے ہے اور مسِیح یِسُوعؔ کا بندہ ہے تُمہیں سلام کہتا ہے۔ وہ تُمہارے لِئے دُعا کرنے میں ہمیشہ جانفشانی کرتا ہے تاکہ تُم کامِل ہو کر پُورے اِعتقاد کے ساتھ خُدا کی پُوری مرضی پر قائِم رہو۔ مَیں اُس کا گواہ ہُوں کہ وہ تُمہارے اور لَودِیکیہ اور ہِیراپُلس کے لوگوں کے واسطے بڑی کوشِش کرتا ہے۔ پِیارا طبِیب لُوقا اور دیماؔس تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ لَودیکیہ میں کے بھائِیوں اور نُمفاس اور اُن کے گھر کی کلِیسیا سے سلام کہنا۔ اور جب یہ خَط تُم میں پڑھ لِیا جائے تو اَیسا کرنا کہ لَودیکیہ کی کلِیسیا میں بھی پڑھا جائے اور اُس خَط کو جو لَودِیکیہ سے آئے تُم بھی پڑھنا۔ اور ارخِپُّس سے کہنا کہ جو خِدمت خُداوند میں تیرے سپُرد ہُوئی ہے اُسے ہوشیاری کے ساتھ انجام دے۔ مَیں پَولُس اپنے ہاتھ سے سلام لِکھتا ہُوں۔ میری زنجِیروں کو یاد رکھنا۔ تُم پر فضل ہوتا رہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں کُلسِیوں 4