کُلسِیوں 6:2-14
کُلسِیوں 6:2-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پس جَب تُم نے المسیح یِسوعؔ کو اَپنا خُداوؔند قبُول کر لیا ہے، تو اَب المسیح میں زندگی بھی گُزارو، اَور المسیح میں جڑ پکڑتے اَور اَپنی زندگی تعمیر کرتے جاؤ، اَور جِس طرح تُم نے تعلیم پائی ہے اُسی طرح ایمان میں مضبُوط رہو، اَور خُدا کی بےحد شُکر گُزاری کیا کرو۔ خبردار، کویٔی شخص تُمہیں اُن فَلسفیانہ اَور پُر فریب خیالات کا شِکار نہ بنانے پایٔے، جِن کی بُنیاد المسیح پر نہیں بَلکہ اِنسانی روایتوں اَور دُنیوی اِبتدائی باتوں پر ہے۔ کیونکہ اُلُوہیّت کی ساری معموُری المسیح میں مُجسّم ہوکر سکونت کرتی ہے، اَور تُمہیں المسیح کی معموُری میں شریک کر دیا گیا ہے۔ وُہی ہر طرح کی حُکمرانی اَور اِختیار والے کا سَر ہیں۔ المسیح میں تمہارا اَیسا ختنہ ہُواہے جو اِنسانی ہاتھ کا نہیں۔ بَلکہ المسیح کے وسیلہ سے تمہاری پُرانی گُناہ آلُودہ اِنسانیّت کو تُم سے جُدا کر دیا گیا، جَب تُم پاک غُسل لے کر گویا المسیح کے ساتھ دفن ہو گیٔے، اَور تُم ایمان کے ذریعہ زندہ بھی کیٔے گئے کیونکہ تُم خُدا کی اُس قُدرت پر ایمان لائے، جِس نے المسیح کو مُردوں میں سے زندہ کیا۔ اَور تُم تو اَپنے گُناہوں اَور نامختون جِسمانی حالت کی وجہ سے مُردہ تھے لیکن خُدا نے المسیح کے ساتھ تُمہیں بھی زندہ کر دیا۔ اَور اُس نے ہمارے سارے قُصُور مُعاف کر دئیے، اَور اَحکام کے قانُونی دستاویز کو جو ہمارے خِلاف لکھے گیٔے تھے، اَور ہمیں مُجرم ٹھہراتے تھے اُسے المسیح نے موقُوف کرکے صلیب پر کیلوں سے جڑ کر، ہماری نظروں سے دُور کر دیا۔
کُلسِیوں 6:2-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
آپ نے عیسیٰ مسیح کو خداوند کے طور پر قبول کر لیا ہے۔ اب اُس میں زندگی گزاریں۔ اُس میں جڑ پکڑیں، اُس پر اپنی زندگی تعمیر کریں، اُس ایمان میں مضبوط رہیں جس کی آپ کو تعلیم دی گئی ہے اور شکرگزاری سے لبریز ہو جائیں۔ محتاط رہیں کہ کوئی آپ کو فلسفیانہ اور محض فریب دینے والی باتوں سے اپنے جال میں نہ پھنسا لے۔ ایسی باتوں کا سرچشمہ مسیح نہیں بلکہ انسانی روایتیں اور اِس دنیا کی قوتیں ہیں۔ کیونکہ مسیح میں الوہیت کی ساری معموری مجسم ہو کر سکونت کرتی ہے۔ اور آپ کو جو مسیح میں ہیں اُس کی معموری میں شریک کر دیا گیا ہے۔ وہی ہر حکمران اور اختیار والے کا سر ہے۔ اُس میں آتے وقت آپ کا ختنہ بھی کروایا گیا۔ لیکن یہ ختنہ انسانی ہاتھوں سے نہیں کیا گیا بلکہ مسیح کے وسیلے سے۔ اُس وقت آپ کی پرانی فطرت اُتار دی گئی، آپ کو بپتسمہ دے کر مسیح کے ساتھ دفنایا گیا اور آپ کو ایمان سے زندہ کر دیا گیا۔ کیونکہ آپ اللہ کی قدرت پر ایمان لائے تھے، اُسی قدرت پر جس نے مسیح کو مُردوں میں سے زندہ کر دیا تھا۔ پہلے آپ اپنے گناہوں اور نامختون جسمانی حالت کے سبب سے مُردہ تھے، لیکن اب اللہ نے آپ کو مسیح کے ساتھ زندہ کر دیا ہے۔ اُس نے ہمارے تمام گناہوں کو معاف کر دیا ہے۔ ہمارے قرض کی جو رسید اپنی شرائط کی بنا پر ہمارے خلاف تھی اُسے اُس نے منسوخ کر دیا۔ ہاں، اُس نے ہم سے دُور کر کے اُسے کیلوں سے صلیب پر جڑ دیا۔
کُلسِیوں 6:2-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس جِس طرح تُم نے مسِیح یِسُوعؔ خُداوند کو قبُول کِیا اُسی طرح اُس میں چلتے رہو۔ اور اُس میں جَڑ پکڑتے اور تعمِیر ہوتے جاؤ اور جِس طرح تُم نے تعلِیم پائی اُسی طرح اِیمان میں مضبُوط رہو اور خُوب شُکرگُذاری کِیا کرو۔ خبردار کوئی شخص تُم کو اُس فَیلسُوفی اور لاحاصِل فریب سے شِکار نہ کر لے جو اِنسانوں کی روایت اور دُنیوی اِبتدائی باتوں کے مُوافِق ہیں نہ کہ مسِیح کے مُوافِق۔ کیونکہ اُلُوہِیّت کی ساری معمُوری اُسی میں مُجسّم ہو کر سکُونت کرتی ہے۔ اور تُم اُسی میں معمُور ہو گئے ہو جو ساری حُکُومت اور اِختیار کا سر ہے۔ اُسی میں تُمہارا اَیسا خَتنہ ہُؤا جو ہاتھ سے نہیں ہوتا یعنی مسِیح کا خَتنہ جِس سے جِسمانی بدن اُتارا جاتا ہے۔ اور اُسی کے ساتھ بپتِسمہ میں دفن ہُوئے اور اِس میں خُدا کی قُوّت پر اِیمان لا کر جِس نے اُسے مُردوں میں سے جِلایا اُس کے ساتھ جی بھی اُٹھے۔ اور اُس نے تُمہیں بھی جو اپنے قصُوروں اور جِسم کی نامختُونی کے سبب سے مُردہ تھے اُس کے ساتھ زِندہ کِیا اور ہمارے سب قصُور مُعاف کِئے۔ اور حُکموں کی وہ دستاوِیز مِٹا ڈالی جو ہمارے نام پر اور ہمارے خِلاف تھی اور اُس کو صلِیب پر کِیلوں سے جَڑ کر سامنے سے ہٹا دِیا۔