YouVersion Logo
تلاش

عاموس 1:8-14

عاموس 1:8-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ایک بار پھر رب قادرِ مطلق نے مجھے رویا دکھائی۔ مَیں نے پکے ہوئے پھل سے بھری ہوئی ٹوکری دیکھی۔ رب نے پوچھا، ”اے عاموس، تجھے کیا نظر آتا ہے؟“ مَیں نے جواب دیا، ”پکے ہوئے پھل سے بھری ہوئی ٹوکری۔“ تب رب نے مجھ سے فرمایا، ”میری قوم کا انجام پک گیا ہے۔ اب سے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اُس دن محل میں گیت سنائی نہیں دیں گے بلکہ آہ و زاری۔ چاروں طرف نعشیں نظر آئیں گی، کیونکہ دشمن اُنہیں ہر جگہ پھینکے گا۔ خاموش!“ اے غریبوں کو کچلنے والو، اے ضرورت مندوں کو تباہ کرنے والو، سنو! تم کہتے ہو، ”نئے چاند کی عید کب گزر جائے گی، سبت کا دن کب ختم ہے تاکہ ہم اناج کے گودام کھول کر غلہ بیچ سکیں؟ تب ہم پیمائش کے برتن چھوٹے اور ترازو کے باٹ ہلکے بنائیں گے، ساتھ ساتھ سودے کا بھاؤ بڑھائیں گے۔ ہم فروخت کرتے وقت اناج کے ساتھ اُس کا بھوسا بھی ملائیں گے۔“ اپنے ناجائز طریقوں سے تم تھوڑے پیسوں میں بلکہ ایک جوڑی جوتوں کے عوض غریبوں کو خریدتے ہو۔ رب نے یعقوب کے فخر کی قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے، ”جو کچھ اُن سے سرزد ہوا ہے اُسے مَیں کبھی نہیں بھولوں گا۔ اُن ہی کی وجہ سے زمین لرز اُٹھے گی اور اُس کے تمام باشندے ماتم کریں گے۔ جس طرح مصر میں دریائے نیل برسات کے موسم میں سیلابی صورت اختیار کر لیتا ہے اُسی طرح پوری زمین اُٹھے گی۔ وہ نیل کی طرح جوش میں آئے گی، پھر دوبارہ اُتر جائے گی۔“ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”اُس دن مَیں ہونے دوں گا کہ سورج دوپہر کے وقت غروب ہو جائے۔ دن عروج پر ہی ہو گا تو زمین پر اندھیرا چھا جائے گا۔ مَیں تمہارے تہواروں کو ماتم میں اور تمہارے گیتوں کو آہ و بکا میں بدل دوں گا۔ مَیں سب کو ٹاٹ کے ماتمی لباس پہنا کر ہر ایک کا سر منڈواؤں گا۔ لوگ یوں ماتم کریں گے جیسا اُن کا واحد بیٹا کوچ کر گیا ہو۔ انجام کا وہ دن کتنا تلخ ہو گا۔“ قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”ایسے دن آنے والے ہیں جب مَیں ملک میں کال بھیجوں گا۔ لیکن لوگ نہ روٹی اور نہ پانی سے بلکہ اللہ کا کلام سننے سے محروم رہیں گے۔ لوگ لڑکھڑاتے ہوئے ایک سمندر سے دوسرے تک اور شمال سے مشرق تک پھریں گے تاکہ رب کا کلام مل جائے، لیکن بےسود۔ اُس دن خوب صورت کنواریاں اور جوان مرد پیاس کے مارے بےہوش ہو جائیں گے۔ جو اِس وقت سامریہ کے مکروہ بُت کی قَسم کھاتے اور کہتے ہیں، ’اے دان، تیرے دیوتا کی حیات کی قَسم‘ یا ’اے بیرسبع، تیرے دیوتا کی قَسم!‘ وہ اُس وقت گر جائیں گے اور دوبارہ کبھی نہیں اُٹھیں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عاموس 8

عاموس 1:8-14 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُداوند خُدا نے مُجھے رویا دِکھائی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ تابِستانی میووں کی ٹوکری ہے۔ اور اُس نے فرمایا اَے عامُوؔس تُو کیا دیکھتا ہے؟ مَیں نے عرض کی کہ تابِستانی میووں کی ٹوکری۔ تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ میری قَوم اِسرائیل کا وقت آ پُہنچا ہے۔ اب مَیں اُس سے درگُذر نہ کرُوں گا۔ اور اُس وقت مَقدِس کے نغمے نَوحے ہو جائیں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔ بُہت سی لاشیں پڑی ہوں گی۔ وہ چُپکے چُپکے اُن کو ہر جگہ نِکال پھینکیں گے۔ تُم جو چاہتے ہو کہ مُحتاجوں کو نِگل جاؤ اور مِسکِینوں کو مُلک سے نیست کرو۔ اور ایفہ کو چھوٹا اور مِثقال کو بڑا بناتے اور فریب کی ترازُو سے دغابازی کرتے اور کہتے ہو کہ نئے چاند کا دِن کب گُذرے گا تاکہ ہم غلّہ بیچیں اور سبت کا دِن کب ختم ہو گا کہ گیہُوں کے کھتّے کھولیں؟ تاکہ مِسکِین کو رُوپیہ سے اور مُحتاج کو ایک جوڑی جُوتیوں سے خرِیدیں اور گیہُوں کی پھٹکن بیچیں یہ بات سُنو! خُداوند نے یعقُوبؔ کی حشمت کی قَسم کھا کر فرمایا ہے مَیں اُن کے کاموں میں سے ایک کو بھی ہرگِز نہ بُھولُوں گا۔ کیا اِس سبب سے زمِین نہ تھرتھرائے گی اور اُس کا ہر ایک باشِندہ ماتم نہ کرے گا؟ ہاں وہ بِالکُل دریایِ نِیل کی طرح اُٹھے گی اور رودِ مِصرؔ کی طرح پَھیل کر پِھر سُکڑ جائے گی۔ اور خُداوند خُدا فرماتا ہے اُس روز آفتاب دوپہر ہی کو غرُوب ہو جائے گا اور مَیں روزِ روشن ہی میں زمِین کو تارِیک کر دُوں گا۔ تُمہاری عِیدوں کو ماتم سے اور تُمہارے نغموں کو نَوحوں سے بدل دُوں گا اور ہر ایک کی کمر پر ٹاٹ بندھواؤُں گا اور ہر ایک کے سر پر چندلاپن بھیجُوں گا اور اَیسا ماتم برپا کرُوں گا جَیسا اِکلوتے بیٹے پر ہوتا ہے اور اُس کا انجام روزِ تلخ سا ہو گا۔ خُداوند خُدا فرماتا ہے دیکھو وہ دِن آتے ہیں کہ مَیں اِس مُلک میں قحط ڈالُوں گا۔ نہ پانی کی پِیاس اور نہ روٹی کا قحط بلکہ خُداوند کا کلام سُننے کا۔ تب لوگ سمُندر سے سمُندر تک اور شِمال سے مشرِق تک بھٹکتے پِھریں گے اور خُداوند کے کلام کی تلاش میں اِدھر اُدھر دَوڑیں گے لیکن کہِیں نہ پائیں گے۔ اور اُس روز حسِین کُنواریاں اور جوان مَرد پِیاس سے بیتاب ہو جائیں گے۔ جو سامرؔیہ کے بُت کی قَسم کھاتے ہیں اور کہتے ہیں اَے دان تیرے معبُود کی قَسم اور بِیرسبع کے طرِیق کی قَسم وہ گِر جائیں گے اور پِھر ہرگِز نہ اُٹھیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عاموس 8