YouVersion Logo
تلاش

اعمال 1:9-18

اعمال 1:9-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اِس دَوران، ساؤلؔ جو خُداوؔند کے شاگردوں کو مار ڈالنے کی دھمکیاں دیا کرتاتھا۔ اعلیٰ کاہِنؔ کے پاس گیا اَور اُس سے دَمشق شہر کے یہُودی عبادت گاہوں کے لیٔے اَیسے خُطوط مانگے، جو اُنہیں اِختیّار دیں کہ اگر وہاں وہ کسی کو اِس راہ پر چلتا پایٔے، خواہ وہ مَرد ہو یا عورت، تو اُنہیں گِرفتار کرکے بطور قَیدی یروشلیمؔ لے آئے۔ جَب وہ سفر کرتے کرتے دَمشق شہر کے نَزدیک پہُنچے، تو اَچانک ایک نُور آسمان سے آیا اَور اُن کے اِردگرد چمکنے لگا۔ وہ زمین پر گِر پڑا اَور اُس نے ایک آواز سُنی، ”اَے ساؤلؔ، اَے ساؤلؔ، تُو مُجھے کیوں ستاتا ہے؟“ ساؤلؔ نے پُوچھا، ”اَے آقا، آپ کون ہیں؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”میں عیسیٰ ہُوں جسے تُو ستاتا ہے، اَب اُٹھ اَور شہر کو جا، اَور تُجھے بتا دیا جائے گا کہ تُجھے کیا کرناہے۔“ جو لوگ ساؤلؔ کے ہم سفر تھے خاموش کھڑے رہ گیٔے؛ اُنہیں آواز تو سُنایٔی دے رہی تھی لیکن نظر کوئی نہیں آ رہاتھا۔ ساؤلؔ زمین پر سے اُٹھا اَور جَب اُس نے اَپنی آنکھیں کھولیں تو وہ کچھ بھی نہیں دیکھ سَکا اَور اُس کے ساتھی اُس کا ہاتھ پکڑکر اُسے دَمشق شہر لے گیٔے۔ وہ تین دِن تک نہیں دیکھ سَکا، اَور اُس نے نہ کچھ کھایا اَور نہ کچھ پیا۔ دَمشق شہر میں حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے ایک شاگرد رہتا تھا جِس کا نام حننیاہؔ تھا۔ خُداوؔند نے حننیاہؔ کو رُویا میں فرمایا، ”اَے حننیاہؔ!“ ”ہاں، خُداوؔند،“ اُس نے جَواب دیا۔ خُداوؔند نے اُس سے فرمایا، ”اُس کوچہ میں جو سیدھا کہلاتا ہے، یہُوداؔہ کے گھر جانا وہاں ساؤلؔ ترسُسؔ نامی ایک آدمی ہے تو اُس کے بارے میں پُوچھنا کیونکہ دیکھ وہ دعا کرنے میں مشغُول ہے۔ ساؤلؔ نے رُویا میں ایک حننیاہؔ نامی آدمی کو آتے اَور اَپنے اُوپر اُس کے ہاتھ رکھتے ہویٔے دیکھا تاکہ وہ پھر سے بیِنا ہو جائے۔“ حننیاہؔ نے کہا، ”اَے خُداوؔند میں نے اِس شخص کے بارے میں کیٔی لوگوں سے بہت سِی باتیں سُنی ہیں اَور یہ بھی کہ اِس نے تیرے مُقدّسین کے ساتھ یروشلیمؔ میں کیسی کیسی بُرائیاں کی ہیں۔ اَور اُن اہم کاہِنؔوں کی طرف سے اِختیّار مِلا ہے کہ یہاں بھی اُن سَب کو جو آپ کا نام لیتے ہیں گِرفتار کر لے۔“ لیکن خُداوؔند نے حننیاہؔ سے فرمایا، ”جاؤ! کیونکہ میں نے اُس آدمی کو ایک ہتھیار کی مانِند چُن لیا ہے تاکہ اِس کے وسیلہ سے غَیریہُودی، بادشاہوں اَور بنی اِسرائیلؔ میں میرے نام کا اِظہار ہو۔ میں اُسے جتا دُوں گا کہ میرے نام کی خاطِر اُسے کِس قدر دُکھ اُٹھانا پڑے گا۔“ تَب حننیاہؔ گیا اَور اُس گھر میں داخل ہُوا۔ اُس نے مُجھ پر اَپنے ہاتھ رکھے اَور کہا، ”بھایٔی ساؤلؔ، اُس خُداوؔند عیسیٰ نے جو تُجھ پر وہاں راستے میں ظاہر ہویٔے تھے۔ اُن ہی نے مُجھے یہاں بھیجا ہے تاکہ تُو پھر سے دیکھنے لگے اَور پاک رُوح سے معموُر ہو جائے۔“ اُسی وقت ساؤلؔ کی آنکھوں سے چھِلکے سے گِرے، اَور وہ بیِنا ہو گیا۔ تَب ساؤلؔ نے اُٹھ کر پاک ‏غُسل لیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 9

اعمال 1:9-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اب تک ساؤل خداوند کے شاگردوں کو دھمکانے اور قتل کرنے کے درپَے تھا۔ اُس نے امامِ اعظم کے پاس جا کر اُس سے گزارش کی کہ ”مجھے دمشق میں یہودی عبادت خانوں کے لئے سفارشی خط لکھ کر دیں تاکہ وہ میرے ساتھ تعاون کریں۔ کیونکہ مَیں وہاں مسیح کی راہ پر چلنے والوں کو خواہ وہ مرد ہوں یا خواتین ڈھونڈ کر اور باندھ کر یروشلم لانا چاہتا ہوں۔“ وہ اِس مقصد سے سفر کر کے دمشق کے قریب پہنچا ہی تھا کہ اچانک آسمان کی طرف سے ایک تیز روشنی اُس کے گرد چمکی۔ وہ زمین پر گر پڑا تو ایک آواز سنائی دی، ”ساؤل، ساؤل، تُو مجھے کیوں ستاتا ہے؟“ اُس نے پوچھا، ”خداوند، آپ کون ہیں؟“ آواز نے جواب دیا، ”مَیں عیسیٰ ہوں جسے تُو ستاتا ہے۔ اب اُٹھ کر شہر میں جا۔ وہاں تجھے بتایا جائے گا کہ تجھے کیا کرنا ہے۔“ ساؤل کے پاس کھڑے ہم سفر دم بخود رہ گئے۔ آواز تو وہ سن رہے تھے، لیکن اُنہیں کوئی نظر نہ آیا۔ ساؤل زمین پر سے اُٹھا، لیکن جب اُس نے اپنی آنکھیں کھولیں تو معلوم ہوا کہ وہ اندھا ہے۔ چنانچہ اُس کے ساتھی اُس کا ہاتھ پکڑ کر اُسے دمشق لے گئے۔ وہاں تین دن کے دوران وہ اندھا رہا۔ اِتنے میں اُس نے نہ کچھ کھایا، نہ پیا۔ اُس وقت دمشق میں عیسیٰ کا ایک شاگرد رہتا تھا جس کا نام حننیاہ تھا۔ اب خداوند رویا میں اُس سے ہم کلام ہوا، ”حننیاہ!“ اُس نے جواب دیا، ”جی خداوند، مَیں حاضر ہوں۔“ خداوند نے فرمایا، ”اُٹھ، اُس گلی میں جا جو ’سیدھی‘ کہلاتی ہے۔ وہاں یہوداہ کے گھر میں ترسس کے ایک آدمی کا پتا کرنا جس کا نام ساؤل ہے۔ کیونکہ دیکھ، وہ دعا کر رہا ہے۔ اور رویا میں اُس نے دیکھ لیا ہے کہ ایک آدمی بنام حننیاہ میرے پاس آ کر اپنے ہاتھ مجھ پر رکھے گا۔ اِس سے میری آنکھیں بحال ہو جائیں گی۔“ حننیاہ نے اعتراض کیا، ”اے خداوند، مَیں نے بہت سے لوگوں سے اُس شخص کی شریر حرکتوں کے بارے میں سنا ہے۔ یروشلم میں اُس نے تیرے مُقدّسوں کے ساتھ بہت زیادتی کی ہے۔ اب اُسے راہنما اماموں سے اختیار مل گیا ہے کہ یہاں بھی ہر ایک کو گرفتار کرے جو تیری عبادت کرتا ہے۔“ لیکن خداوند نے کہا، ”جا، یہ آدمی میرا چنا ہوا وسیلہ ہے جو میرا نام غیریہودیوں، بادشاہوں اور اسرائیلیوں تک پہنچائے گا۔ اور مَیں اُسے دکھا دوں گا کہ اُسے میرے نام کی خاطر کتنا دُکھ اُٹھانا پڑے گا۔“ چنانچہ حننیاہ مذکورہ گھر کے پاس گیا، اُس میں داخل ہوا اور اپنے ہاتھ ساؤل پر رکھ دیئے۔ اُس نے کہا، ”ساؤل بھائی، خداوند عیسیٰ جو آپ پر ظاہر ہوا جب آپ یہاں آ رہے تھے اُسی نے مجھے بھیجا ہے تاکہ آپ دوبارہ دیکھ پائیں اور روح القدس سے معمور ہو جائیں۔“ یہ کہتے ہی چھلکوں جیسی کوئی چیز ساؤل کی آنکھوں پر سے گری اور وہ دوبارہ دیکھنے لگا۔ اُس نے اُٹھ کر بپتسمہ لیا،

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 9

اعمال 1:9-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور ساؤُل جو ابھی تک خُداوند کے شاگِردوں کے دھمکانے اور قتل کرنے کی دُھن میں تھا سردار کاہِن کے پاس گیا۔ اور اُس سے دمِشق کے عِبادت خانوں کے لِئے اِس مضمُون کے خَط مانگے کہ جِن کو وہ اِس طرِیق پر پائے خواہ مَرد خَواہ عَورت اُن کو باندھ کر یروشلِیم میں لائے۔ جب وہ سفر کرتے کرتے دمِشق کے نزدِیک پُہنچا تو اَیسا ہُؤا کہ یکایک آسمان سے ایک نُور اُس کے گِرداگِرد آ چمکا۔ اور وہ زمِین پر گِر پڑا اور یہ آواز سُنی کہ اَے ساؤُل اَے ساؤُؔل! تُو مُجھے کیوں ستاتا ہے؟ اُس نے پُوچھا اَے خُداوند! تُو کَون ہے؟ اُس نے کہا مَیں یِسُوعؔ ہُوں جِسے تُو ستاتا ہے۔ مگر اُٹھ شہر میں جا اور جو تُجھے کرنا چاہئے وہ تُجھ سے کہا جائے گا۔ جو آدمی اُس کے ہمراہ تھے وہ خاموش کھڑے رہ گئے کیونکہ آواز تو سُنتے تھے مگر کِسی کو دیکھتے نہ تھے۔ اور ساؤُل زمِین پر سے اُٹھا لیکن جب آنکھیں کھولِیں تو اُس کو کُچھ نہ دِکھائی دِیا اور لوگ اُس کا ہاتھ پکڑ کر دمِشق میں لے گئے۔ اور وہ تِین دِن تک نہ دیکھ سکا اور نہ اُس نے کھایا نہ پِیا۔ دمِشق میں حننیاؔہ نام ایک شاگِرد تھا۔ اُس سے خُداوند نے رویا میں کہا کہ اَے حننیاؔہ! اُس نے کہا اَے خُداوند مَیں حاضِر ہُوں! خُداوند نے اُس سے کہا اُٹھ۔ اُس کُوچہ میں جا جو سِیدھا کہلاتا ہے اور یہُوداؔہ کے گھر میں ساؤُؔل نام ترسی کو پُوچھ لے کیونکہ دیکھ وہ دُعا کر رہا ہے۔ اور اُس نے حننیاؔہ نام ایک آدمی کو اندر آتے اور اپنے اُوپر ہاتھ رکھتے دیکھا ہے تاکہ پِھر بِینا ہو۔ حننیاؔہ نے جواب دِیا کہ اَے خُداوند مَیں نے بُہت لوگوں سے اِس شخص کا ذِکر سُنا ہے کہ اِس نے یروشلِیم میں تیرے مُقدّسوں کے ساتھ کَیسی کَیسی بُرائیاں کی ہیں۔ اور یہاں اِس کو سردار کاہِنوں کی طرف سے اِختیار مِلا ہے کہ جو لوگ تیرا نام لیتے ہیں اُن سب کو باندھ لے۔ مگر خُداوند نے اُس سے کہا کہ تُو جا کیونکہ یہ قَوموں بادشاہوں اور بنی اِسرائیل پر میرا نام ظاہِر کرنے کا میرا چُنا ہُؤا وسِیلہ ہے۔ اور مَیں اُسے جتا دُوں گا کہ اُسے میرے نام کی خاطِر کِس قدر دُکھ اُٹھانا پڑے گا۔ پس حننیاؔہ جا کر اُس گھر میں داخِل ہُؤا اور اپنے ہاتھ اُس پر رکھ کر کہا اَے بھائی ساؤُؔل! خُداوند یعنی یِسُوعؔ جو تُجھ پر اُس راہ میں جِس سے تُو آیا ظاہِر ہُؤا تھا اُسی نے مُجھے بھیجا ہے کہ تُو بِینائی پائے اور رُوحُ القُدس سے بھر جائے۔ اور فوراً اُس کی آنکھوں سے چِھلکے سے گِرے اور وہ بِینا ہو گیا اور اُٹھ کر بپتِسمہ لِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 9