YouVersion Logo
تلاش

اعمال 11:3-26

اعمال 11:3-26 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

ابھی وہ آدمی پطرس اَور یُوحنّا کو پکڑے کھڑا تھا، تو سَب لوگ جو وہاں کھڑے تھے نہایت ہی حیران ہوکر اُن کے پاس سُلیمانی برامدے میں دَوڑے چلے آئے۔ پطرس نے یہ دیکھا تو وہ لوگوں سے یُوں مُخاطِب ہویٔے: ”اَے اِسرائیلیوں، تُم اِس بات پر حیران کیوں ہو؟ اَور ہمیں اَیسے کیوں دیکھ رہے ہو گویا ہم نے اَپنی قُدرت اَور پارسائی سے اِس لنگڑے کو چلنے پھرنے کے قابل بنا دیا ہے؟ میں حضرت اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کا، خُدا ہُوں یعنی ہمارے آباؤاَجداد کے، خُدا نے اَپنے خادِم یِسوعؔ کو جلال بخشا۔ لیکن تُم نے اُنہیں پکڑوا دیا اَور پِیلاطُسؔ کی حُضُوری میں مَردُود ٹھہرایا، حالانکہ پِیلاطُسؔ اُنہیں چھوڑدینے کا اِرادہ کر چُکاتھا۔ تُم نے یِسوعؔ قُدُّوس اَور راستباز کو ردّ کرکے پِیلاطُسؔ سے درخواست کی کہ وہ ایک قاتل کو تمہاری خاطِر رہا کر دے۔ تُم نے تو زندگی کے دینے والے کو قتل کر ڈالا، لیکن ہم گواہ ہیں کہ خُدا نے یِسوعؔ المسیح کو مُردوں میں سے زندہ کر دیا۔ یِسوعؔ کے نام کی قُدرت نے، اِس شخص کو مضبُوط کیا۔ جسے تُم دیکھتے اَور جانتے ہو، یِسوعؔ کے نام نے اُس ایمان کے وسیلہ اِس کو کامِل شفا بخشی، جسے تُم سَب دیکھتے ہو۔ ”اَب، اَے بھائیو، میں جانتا ہُوں کہ تُم نے یہ کام نادانی کی وجہ سے کیا تھا، جَیسا تمہارے رہنماؤں نے بھی۔ مگر خُدا نے اُن ساری باتوں کو جو اُس نے اَپنے نبیوں کی زبانی، کہی تھیں کہ خُدا کا المسیح دُکھ اُٹھائے گا کو پُورا کر دِکھایا۔ پس تَوبہ کرو، اَور خُدا کی طرف رُجُوع کرو، تاکہ وہ تمہارے گُناہوں کو مٹا دے، اَور خُدا کی طرف سے تمہارے لیٔے رُوحانی تازگی کے دِن آئیں۔ اَور وہ خُداوؔند المسیح یعنی یِسوعؔ کو جسے خُداوؔند نے مُقرّر کیا ہے، تمہارے لیٔے بھیجے، لیکن جَب تک وہ ساری چیزیں جِن کا ذِکر خُدا نے قدیم زمانوں میں اَپنے پاک نبیوں کی زبانی کیا ہے، بحال نہ کر دی جایٔیں، یِسوعؔ کا آسمان پر رہنا لازِم ہے۔ حضرت مَوشہ نے بھی اِسی سلسلہ میں فرمایا، ’خُداوؔند تمہارا خُدا تمہارے اَپنے بھائیوں میں سے تمہارے لیٔے میری مانِند ایک نبی پیدا کرےگا؛ اَور تُم اُس کی ہر بات پر کان لگانا۔ جو کویٔی اُس کی بات نہ سُنے گا وہ خُدا کے لوگوں میں سے نکال کر ہلاک کر دیا جائے گا۔‘ ”بَلکہ، حضرت سمُوئیل سے لے کر، پچھلے تمام نبیوں نے، اِن باتوں کے بارے میں خبر دی ہے۔ تُم نبیوں کی اَولاد ہو اَورجو عہد خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد سے باندھا تھا اُس میں تُم سَب شریک ہو۔ خُدا نے حضرت اَبراہامؔ سے فرمایا، ’میں تیری اَولاد کے ذریعہ زمین کی تمام غَیریہُودیوں کو برکت دُوں گا۔‘ خُدا نے اَپنے خادِم کو، چُن کر پہلے تمہارے پاس بھیجا تاکہ تُمہیں یہ برکت حاصل ہو کہ تُم میں سے ہر ایک اَپنی بدکاریوں سے باز آئے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 3

اعمال 11:3-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

وہ سب دوڑ کر سلیمان کے برآمدے میں آئے جہاں بھیک مانگنے والا اب تک پطرس اور یوحنا سے لپٹا ہوا تھا۔ یہ دیکھ کر پطرس اُن سے مخاطب ہوا، ”اسرائیل کے حضرات، آپ یہ دیکھ کر کیوں حیران ہیں؟ آپ کیوں گھور گھور کر ہماری طرف دیکھ رہے ہیں گویا ہم نے اپنی ذاتی طاقت یا دین داری کے باعث یہ کیا ہے کہ یہ آدمی چل پھر سکے؟ یہ ہمارے باپ دادا کے خدا، ابراہیم، اسحاق اور یعقوب کے خدا کی طرف سے ہے جس نے اپنے بندے عیسیٰ کو جلال دیا ہے۔ یہ وہی عیسیٰ ہے جسے آپ نے دشمن کے حوالے کر کے پیلاطس کے سامنے رد کیا، اگرچہ وہ اُسے رِہا کرنے کا فیصلہ کر چکا تھا۔ آپ نے اُس قدوس اور راست باز کو رد کر کے تقاضا کیا کہ پیلاطس اُس کے عوض ایک قاتل کو رِہا کر کے آپ کو دے دے۔ آپ نے زندگی کے سردار کو قتل کیا، لیکن اللہ نے اُسے مُردوں میں سے زندہ کر دیا۔ ہم اِس بات کے گواہ ہیں۔ آپ تو اِس آدمی سے واقف ہیں جسے دیکھ رہے ہیں۔ اب وہ عیسیٰ کے نام پر ایمان لانے سے بحال ہو گیا ہے، کیونکہ جو ایمان عیسیٰ کے ذریعے ملتا ہے اُسی نے اِس آدمی کو آپ کے سامنے پوری صحت مندی عطا کی۔ میرے بھائیو، مَیں جانتا ہوں کہ آپ اور آپ کے راہنماؤں کو صحیح علم نہیں تھا، اِس لئے آپ نے ایسا کیا۔ لیکن اللہ نے وہ کچھ پورا کیا جس کی پیش گوئی اُس نے تمام نبیوں کی معرفت کی تھی، یعنی یہ کہ اُس کا مسیح دُکھ اُٹھائے گا۔ اب توبہ کریں اور اللہ کی طرف رجوع لائیں تاکہ آپ کے گناہوں کو مٹایا جائے۔ پھر آپ کو رب کے حضور سے تازگی کے دن میسر آئیں گے اور وہ دوبارہ عیسیٰ یعنی مسیح کو بھیج دے گا جسے آپ کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔ لازم ہے کہ وہ اُس وقت تک آسمان پر رہے جب تک اللہ سب کچھ بحال نہ کر دے، جس طرح وہ ابتدا سے اپنے مُقدّس نبیوں کی زبانی فرماتا آیا ہے۔ کیونکہ موسیٰ نے کہا، ’رب تمہارا خدا تمہارے واسطے تمہارے بھائیوں میں سے مجھ جیسے نبی کو برپا کرے گا۔ جو بھی بات وہ کہے اُس کی سننا۔ جو نہیں سنے گا اُسے مٹا کر قوم سے نکال دیا جائے گا۔‘ اور سموایل سے لے کر ہر نبی نے اِن دنوں کی پیش گوئی کی ہے۔ آپ تو اِن نبیوں کی اولاد اور اُس عہد کے وارث ہیں جو اللہ نے آپ کے باپ دادا سے قائم کیا تھا، کیونکہ اُس نے ابراہیم سے کہا تھا، ’تیری اولاد سے دنیا کی تمام قومیں برکت پائیں گی۔‘ جب اللہ نے اپنے بندے عیسیٰ کو برپا کیا تو پہلے اُسے آپ کے پاس بھیج دیا تاکہ وہ آپ میں سے ہر ایک کو اُس کی بُری راہوں سے پھیر کر برکت دے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 3

اعمال 11:3-26 کِتابِ مُقادّس (URD)

جب وہ پطرس اور یُوحنّا کو پکڑے ہُوئے تھا تو سب لوگ بُہت حَیران ہو کر اُس برآمدہ کی طرف جو سُلیماؔن کا کہلاتا ہے اُن کے پاس دَوڑے آئے۔ پطرؔس نے یہ دیکھ کر لوگوں سے کہا اَے اِسرائیِلیو! اِس پر تُم کیوں تعجُّب کرتے ہو اور ہمیں کیوں اِس طرح دیکھ رہے ہو کہ گویا ہم نے اپنی قُدرت یا دِین داری سے اِس شخص کو چلتا پِھرتا کر دِیا؟ ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ کے خُدا یعنی ہمارے باپ دادا کے خُدا نے اپنے خادِم یِسُوعؔ کو جلال دِیا جِسے تُم نے پکڑوا دِیا اور جب پِیلاطُسؔ نے اُسے چھوڑ دینے کا قصد کِیا تو تُم نے اُس کے سامنے اُس کا اِنکار کِیا۔ تُم نے اُس قُدُّوس اور راست باز کا اِنکار کِیا اور درخواست کی کہ ایک خُونی تُمہاری خاطِر چھوڑ دِیا جائے۔ مگر زِندگی کے مالِک کو قتل کِیا جِسے خُدا نے مُردوں میں سے جِلایا۔ اِس کے ہم گواہ ہیں۔ اُسی کے نام نے اُس اِیمان کے وسِیلہ سے جو اُس کے نام پر ہے اِس شخص کو مضبُوط کِیا جِسے تُم دیکھتے اور جانتے ہو۔ بیشک اُسی اِیمان نے جو اُس کے وسِیلہ سے ہے یہ کامِل تندرُستی تُم سب کے سامنے اُسے دی۔ اور اب اَے بھائِیو! مَیں جانتا ہُوں کہ تُم نے یہ کام نادانی سے کِیا اور اَیسا ہی تُمہارے سرداروں نے بھی۔ مگر جِن باتوں کی خُدا نے سب نبِیوں کی زُبانی پیشتر خبر دی تھی کہ اُس کا مسِیح دُکھ اُٹھائے گا وہ اُس نے اِسی طرح پُوری کِیں۔ پس تَوبہ کرو اور رجُوع لاؤ تاکہ تُمہارے گُناہ مِٹائے جائیں اور اِس طرح خُداوند کے حضُور سے تازِگی کے دِن آئیں۔ اور وہ اُس مسِیح کو جو تُمہارے واسطے مُقرّر ہُؤا ہے یعنی یِسُوعؔ کو بھیجے۔ ضرُور ہے کہ وہ آسمان میں اُس وقت تک رہے جب تک کہ وہ سب چِیزیں بحال نہ کی جائیں جِن کا ذِکر خُدا نے اپنے پاک نبِیوں کی زُبانی کِیا ہے جو دُنیا کے شرُوع سے ہوتے آئے ہیں۔ چُنانچہ مُوسیٰ نے کہا کہ خُداوند خُدا تُمہارے بھائِیوں میں سے تُمہارے لِئے مُجھ سا ایک نبی پَیدا کرے گا۔ جو کُچھ وہ تُم سے کہے اُس کی سُننا۔ اور یُوں ہو گا کہ جو شخص اُس نبی کی نہ سُنے گا وہ اُمّت میں سے نیست و نابُود کر دِیا جائے گا۔ بلکہ سموئیل سے لے کر پِچھلوں تک جِتنے نبِیوں نے کلام کِیا اُن سب نے اِن دِنوں کی خبر دی ہے۔ تُم نبِیوں کی اَولاد اور اُس عہد کے شرِیک ہو جو خُدا نے تُمہارے باپ دادا سے باندھا جب ابرہامؔ سے کہا کہ تیری اَولاد سے دُنیا کے سب گھرانے برکت پائیں گے۔ خُدا نے اپنے خادِم کو اُٹھا کر پہلے تُمہارے پاس بھیجا تاکہ تُم میں سے ہر ایک کو اُس کی بدیوں سے ہٹا کر برکت دے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 3