اعمال 15:21-26

اعمال 15:21-26 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اُس کے بعد، ہم سفر کی تیّاری میں لگ گیٔے اَور پھر یروشلیمؔ کے لیٔے روانہ ہُوئے۔ قَیصؔریہ کے کچھ شاگرد بھی ہمارے ساتھ ہو لیٔے اَور ہمیں مَناَسونؔ کے گھر لایٔے، جہاں ہمیں قِیام کرنا تھا۔ مَناَسونؔ، جزیرہ سائپرسؔ کا رہنے والا تھا اَور قدیم شاگردوں میں سے ایک تھا۔ جَب ہم یروشلیمؔ پہُنچے، تو بھایٔی اَور بہن ہم سے گرم جوشی کے ساتھ ملے۔ اگلے دِن ہم پَولُسؔ کو لے کر یعقوب سے مِلنے گیٔے، اَور وہاں سَب بُزرگ پہلے ہی سے جمع تھے۔ پَولُسؔ نے اُنہیں سلام کہا اَور تفصیل سے بتایا کہ خُدا نے پَولُسؔ کی خدمت کے ذریعہ سے غَیریہُودی میں کیا کچھ کیا۔ جَب اُنہُوں نے یہ سُنا، اُنہُوں نے خُدا کی تمجید کی۔ اَور پھر پَولُسؔ سے کہنے لگے: ”اَے بھایٔی دیکھو، کتنے ہزاروں یہُودی ایمان لے آئے ہیں، اَور وہ سَب شَریعت پر عَمل کرنے میں بڑے سرگرم ہیں۔ اُنہیں تُو یہ بتایا گیا ہے کہ آپ سارے یہُودیوں کو جو غَیریہُودیوں کے درمیان رہتے ہیں یہ تعلیم دیتے ہیں کہ مَوشہ کو چھوڑ دو، اَپنے بچّوں کا ختنہ نہ کراؤ اَور یہُودیوں کی رسموں کو تسلیم نہ کرو۔ اَب آپ یہاں آئے ہیں اَور یہ بات لوگوں کے کانوں تک ضروُر پہُنچ جائے گی، لہٰذا اَب کیا کیا جائے؟ ہمارا مشورہ تُو یہ ہے کہ ہمارے پاس چار آدمی ہیں جنہوں نے قَسم کھائی ہے آپ اُنہیں اَپنے ساتھ لے جایٔیں اَور اُن کے ساتھ مِل کر طہارت کی ساری رسمیں پُوری کریں اَور اُن کا خرچ بھی اُٹھائیں تاکہ وہ اَپنے سَر مُنڈوا سکیں۔ تَب ہر کسی کو مَعلُوم ہو جائے گا کہ جو باتیں آپ کے خِلاف پھیلائی گئی ہیں وہ غلط ہیں بَلکہ آپ خُود بھی تابِعداری سے شَریعت پر عَمل کرتے ہو۔ اَور جہاں تک اُن غَیریہُودی قوموں کا سوال ہے جو ایمان لے آئی ہیں، اُن کے بارے میں ہم فیصلہ کرکے پہلے ہی خط لِکھ چُکے ہیں کہ وہ بُتوں کو نذر چڑھائی ہویٔی چیزوں سے، خُون سے، گلا گُھونٹے ہویٔے جانوروں کے گوشت سے پرہیز کریں اَور جنسی بدفعلی سے بچیں۔“ اگلے دِن پَولُسؔ اُن آدمیوں کو لے گیٔے اَور اُن کے ساتھ خُود بھی طہارت کی رسمیں اَدا کرکے بیت المُقدّس میں داخل ہویٔے اَور خبر دی کہ طہارت کے دِنوں کے پُورا ہو جانے پر وہ سَب اَپنی اَپنی نذریں چڑھائیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 21

اعمال 15:21-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اِس کے بعد ہم تیاریاں کر کے یروشلم چلے گئے۔ قیصریہ کے کچھ شاگرد بھی ہمارے ساتھ چلے اور ہمیں مناسون کے گھر پہنچا دیا جہاں ہمیں ٹھہرنا تھا۔ مناسون قبرص کا تھا اور جماعت کے ابتدائی دنوں میں ایمان لایا تھا۔ جب ہم یروشلم پہنچے تو مقامی بھائیوں نے گرم جوشی سے ہمارا استقبال کیا۔ اگلے دن پولس ہمارے ساتھ یعقوب سے ملنے گیا۔ تمام مقامی بزرگ بھی حاضر ہوئے۔ اُنہیں سلام کر کے پولس نے تفصیل سے بیان کیا کہ اللہ نے اُس کی خدمت کی معرفت غیریہودیوں میں کیا کِیا تھا۔ یہ سن کر اُنہوں نے اللہ کی تمجید کی۔ پھر اُنہوں نے کہا، ”بھائی، آپ کو معلوم ہے کہ ہزاروں یہودی ایمان لائے ہیں۔ اور سب بڑی سرگرمی سے شریعت پر عمل کرتے ہیں۔ اُنہیں آپ کے بارے میں خبر دی گئی ہے کہ آپ غیریہودیوں کے درمیان رہنے والے یہودیوں کو تعلیم دیتے ہیں کہ وہ موسیٰ کی شریعت کو چھوڑ کر نہ اپنے بچوں کا ختنہ کروائیں اور نہ ہمارے رسم و رواج کے مطابق زندگی گزاریں۔ اب ہم کیا کریں؟ وہ تو ضرور سنیں گے کہ آپ یہاں آ گئے ہیں۔ اِس لئے ہم چاہتے ہیں کہ آپ یہ کریں: ہمارے پاس چار مرد ہیں جنہوں نے مَنت مان کر اُسے پورا کر لیا ہے۔ اب اُنہیں ساتھ لے کر اُن کی طہارت کی رسومات میں شریک ہو جائیں۔ اُن کے اخراجات بھی آپ برداشت کریں تاکہ وہ اپنے سروں کو منڈوا سکیں۔ پھر سب جان لیں گے کہ جو کچھ آپ کے بارے میں کہا جاتا ہے وہ جھوٹ ہے اور کہ آپ بھی شریعت کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔ جہاں تک غیریہودی ایمان داروں کی بات ہے ہم اُنہیں اپنا فیصلہ خط کے ذریعے بھیج چکے ہیں کہ وہ اِن چیزوں سے پرہیز کریں: بُتوں کو پیش کیا گیا کھانا، خون، ایسے جانوروں کا گوشت جنہیں گلا گھونٹ کر مار دیا گیا ہو اور زناکاری۔“ چنانچہ اگلے دن پولس اُن آدمیوں کو ساتھ لے کر اُن کی طہارت کی رسومات میں شریک ہوا۔ پھر وہ بیت المُقدّس میں اُس دن کا اعلان کرنے گیا جب طہارت کے دن پورے ہو جائیں گے اور اُن سب کے لئے قربانی پیش کی جائے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 21

اعمال 15:21-26 کِتابِ مُقادّس (URD)

اُن دِنوں کے بعد ہم اپنے سفر کا اسباب تیّار کر کے یروشلِیم کو گئے۔ اور قَیصرؔیہ سے بھی بعض شاگِرد ہمارے ساتھ چلے اور ایک قدِیم شاگِرد مَنَاسوؔن کُپری کو ساتھ لے آئے تاکہ ہم اُس کے ہاں مِہمان ہوں۔ جب ہم یروشلِیم میں پُہنچے تو بھائی بڑی خُوشی کے ساتھ ہم سے مِلے۔ اور دُوسرے دِن پَولُس ہمارے ساتھ یعقُوبؔ کے پاس گیا اور سب بزُرگ وہاں حاضِر تھے۔ اُس نے اُنہیں سلام کر کے جو کُچھ خُدا نے اُس کی خِدمت سے غَیر قَوموں میں کِیا تھا مُفصّل بیان کِیا۔ اُنہوں نے یہ سُن کر خُدا کی تمجِید کی۔ پِھر اُس سے کہا اَے بھائی تُو دیکھتا ہے کہ یہُودِیوں میں ہزارہا آدمی اِیمان لے آئے ہیں اور وہ سب شرِیعت کے بارے میں سرگرم ہیں۔ اور اُن کو تیرے بارے میں سِکھا دِیا گیا ہے کہ تُو غَیر قَوموں میں رہنے والے سب یہُودِیوں کو یہ کہہ کر مُوسیٰ سے پِھر جانے کی تعلِیم دیتا ہے کہ نہ اپنے لڑکوں کا خَتنہ کرو نہ مُوسوی رَسموں پر چلو۔ پس کیا کِیا جائے؟ لوگ ضرُور سُنیں گے کہ تُو آیا ہے۔ اِس لِئے جو ہم تُجھ سے کہتے ہیں وہ کر۔ ہمارے ہاں چار آدمی اَیسے ہیں جِنہوں نے مَنّت مانی ہے۔ اُنہیں لے کر اپنے آپ کو اُن کے ساتھ پاک کر اور اُن کی طرف سے کُچھ خرچ کر تاکہ وہ سر مُنڈائیں تو سب جان لیں گے کہ جو باتیں اُنہیں تیرے بارے میں سِکھائی گئی ہیں اُن کی کُچھ اصل نہیں بلکہ تُو خُود بھی شرِیعت پر عمل کر کے درُستی سے چلتا ہے۔ مگر غَیر قَوموں میں سے جو اِیمان لائے اُن کی بابت ہم نے یہ فَیصلہ کر کے لِکھا تھا کہ وہ صِرف بُتوں کی قُربانی کے گوشت سے اور لہُو اور گلا گھونٹے ہُوئے جانوروں اور حرام کاری سے اپنے آپ کو بچائے رکھّیں۔ اِس پر پَولُس اُن آدمِیوں کو لے کر اور دُوسرے دِن اپنے آپ کو اُن کے ساتھ پاک کر کے ہَیکل میں داخِل ہُؤا اور خبر دی کہ جب تک ہم میں سے ہر ایک کی نذر نہ چڑھائی جائے تقدُّس کے دِن پُورے کریں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 21