اعمال 1:20-6
اعمال 1:20-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب شور و غُل موقُوف ہو گیا تو پَولُسؔ نے شاگردوں کو بُلایا، اُنہیں نصیحت کی اَور اُن سے رخصت ہوکر صُوبہ مَکِدُنیہؔ کے لیٔے روانہ ہو گئے وہ جہاں جہاں سے گُزرے، لوگوں کو نصیحت کرتے گیٔے اَور آخِرکار یُونانؔ جا پہُنچے۔ جہاں وہ تین ماہ تک رہے۔ جَب وہ جہاز سے سِیریؔا جانے والے تھے تو کچھ یہُودیوں نے اُنہیں مار ڈالنے کی سازش کی۔ اِس لیٔے پَولُسؔ نے بہتر سمجھا کہ صُوبہ مَکِدُنیہؔ واپس چلا جائے۔ پُرُسؔ کا بیٹا سوپَتُرسؔ جو بیریّؔہ کا رہنے والا تھا، اَور تھِسلُنِیکے شہر کے ارِسترخُسؔ اَور سِکُندُسؔ اَور دربؔے کا، گیُسؔ اَور تِیمُتھِیُس اَور آسیہؔ کے تُخِکسؔ اَور تُرِفمُسؔ، آسیہؔ تک پَولُسؔ کے ہم سفر رہے۔ یہ لوگ پَولُسؔ سے پہلے روانہ ہویٔے اَور تروآسؔ میں ہمارا اِنتظار کرنے لگے۔ لیکن ہم عید فطیر کے بعد فِلپّی سے جہاز میں روانہ ہویٔے اَور پانچ دِن بعد تروآسؔ میں اُن سے جا ملے اَور سات دِن تک وہاں رہے۔
اعمال 1:20-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جب شہر میں افرا تفری ختم ہوئی تو پولس نے شاگردوں کو بُلا کر اُن کی حوصلہ افزائی کی۔ پھر وہ اُنہیں خیرباد کہہ کر مکدُنیہ کے لئے روانہ ہوا۔ وہاں پہنچ کر اُس نے جگہ بہ جگہ جا کر بہت سی باتوں سے ایمان داروں کی حوصلہ افزائی کی۔ یوں چلتے چلتے وہ یونان پہنچ گیا جہاں وہ تین ماہ تک ٹھہرا۔ وہ ملکِ شام کے لئے جہاز پر سوار ہونے والا تھا کہ پتا چلا کہ یہودیوں نے اُس کے خلاف سازش کی ہے۔ اِس پر اُس نے مکدُنیہ سے ہو کر واپس جانے کا فیصلہ کیا۔ اُس کے کئی ہم سفر تھے: بیریہ سے پُرس کا بیٹا سوپترس، تھسلُنیکے سے ارسترخس اور سکندس، دربے سے گیُس، تیمُتھیُس اور صوبہ آسیہ سے تُخِکُس اور ترفمس۔ یہ آدمی آگے نکل کر تروآس چلے گئے جہاں اُنہوں نے ہمارا انتظار کیا۔ بےخمیری روٹی کی عید کے بعد ہم فلپی کے قریب جہاز پر سوار ہوئے اور پانچ دن کے بعد اُن کے پاس تروآس پہنچ گئے۔ وہاں ہم سات دن رہے۔
اعمال 1:20-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب ہُلّڑ مَوقُوف ہو گیا تو پَولُس نے شاگِردوں کو بُلوا کر نصِیحت کی اور اُن سے رُخصت ہو کر مَکِدُنیہ کو روانہ ہُؤا۔ اور اُس عِلاقہ سے گُذر کر اور اُنہیں بُہت نصِیحت کر کے یُوناؔن میں آیا۔ جب تِین مہِینے رہ کر سُورؔیہ کی طرف جہاز پر روانہ ہونے کو تھا تو یہُودِیوں نے اُس کے برخِلاف سازِش کی۔ پِھر اُس کی یہ صلاح ہُوئی کہ مَکِدُنیہ ہو کر واپس جائے۔ اور پُرُس کا بیٹا سوپَترُس جو بیرِیہ کا تھا اور تھِسّلنِیکیوں میں سے ارِسترؔخُس اور سِکُندُؔس اور گَیُس جو دِربے کا تھا اور تِیمُتِھیُس اور آسِیہ کا تُخِکس اور ترُفِمُس آسِیہ تک اُس کے ساتھ گئے۔ یہ آگے جا کر تروآؔس میں ہماری راہ دیکھتے رہے۔ اور عِیدِ فطِیر کے دِنوں کے بعد ہم فِلّپی سے جہاز پر روانہ ہو کر پانچ دِن کے بعد تروآؔس میں اُن کے پاس پُہنچے اور سات دِن وہِیں رہے۔