اعمال 6:16-10
اعمال 6:16-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پَولُسؔ اَور اُن کے ساتھی فرُوگِیہؔ اَور گلِتیؔہ کے علاقہ میں سے ہوکر گزرے کیونکہ پاک رُوح نے اُنہیں آسیہؔ میں کلام سُنانے سے روک دیا تھا۔ جَب وہ مَوسیہؔ کی سرحد پر پہُنچے تو اُنہُوں نے بِتُونیہؔ میں داخل ہونا چاہا لیکن حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی رُوح نے اُنہیں جانے نہ دیا۔ لہٰذا وہ مَوسیہؔ کے پاس سے گزرے اَور تروآسؔ کے قصبہ میں چلے گیٔے۔ رات کو پَولُسؔ نے ایک آدمی کو رُویا میں دیکھا۔ وہ مَکِدُنیہؔ کا تھا اَور کھڑا ہُوا پَولُسؔ سے اِلتجا کر رہاتھا، ”اُس پار مَکِدُنیہؔ میں آ اَور ہماری مدد کر۔“ پَولُسؔ کی اُس رُویا کے بعد ہم لوگ فوراً مَکِدُنیہؔ جانے کے لیٔے تیّار ہو گیٔے کیونکہ ہم نے یہ نتیجہ نکالا کہ خُدا نے ہمیں وہاں کے لوگوں میں تبلیغ کرنے کے لیٔے بُلایا ہے۔
اعمال 6:16-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
روح القدس نے اُنہیں صوبہ آسیہ میں کلامِ مُقدّس کی منادی کرنے سے روک لیا، اِس لئے وہ فروگیہ اور گلتیہ کے علاقے میں سے گزرے۔ موسیہ کے قریب آ کر اُنہوں نے شمال کی طرف صوبہ بِتُھنیہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ لیکن عیسیٰ کے روح نے اُنہیں وہاں بھی جانے نہ دیا، اِس لئے وہ موسیہ میں سے گزر کر بندرگاہ تروآس پہنچے۔ وہاں پولس نے رات کے وقت رویا دیکھی جس میں شمالی یونان میں واقع صوبہ مکدُنیہ کا ایک آدمی کھڑا اُس سے التماس کر رہا تھا، ”سمندر کو پار کر کے مکدُنیہ آئیں اور ہماری مدد کریں!“ جوں ہی اُس نے یہ رویا دیکھی ہم مکدُنیہ جانے کی تیاریاں کرنے لگے۔ کیونکہ ہم نے رویا سے یہ نتیجہ نکالا کہ اللہ نے ہمیں اُس علاقے کے لوگوں کو خوش خبری سنانے کے لئے بُلایا ہے۔
اعمال 6:16-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور وہ فرُوؔگیہ اور گِلَتیہ کے عِلاقہ میں سے گُزرے کیونکہ رُوحُ القُدس نے اُنہیں آسیہ میں کلام سُنانے سے منع کِیا۔ اور اُنہوں نے مُوسیہ کے قرِیب پُہنچ کر بِتُونیہ میں جانے کی کوشِش کی مگر یِسُوعؔ کے رُوح نے اُنہیں جانے نہ دِیا۔ پس وہ مُوسیہ سے گُذر کر تروآؔس میں آئے۔ اور پَولُس نے رات کو رویا میں دیکھا کہ ایک مَکِدُنی آدمی کھڑا ہُؤا اُس کی مِنّت کر کے کہتا ہے کہ پار اُتر کر مَکِدُنیہ میں آ اور ہماری مدد کر۔ اُس کے رویا دیکھتے ہی ہم نے فَوراً مَکِدُنیہ میں جانے کا اِرادہ کِیا کیونکہ ہم اِس سے یہ سمجھے کہ خُدا نے اُنہیں خُوشخبری دینے کے لِئے ہم کو بُلایا ہے۔