YouVersion Logo
تلاش

اعمال 12:15-21

اعمال 12:15-21 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر ساری جماعت چُپ رہی اور پَولُس اور برؔنباس کا بیان سُننے لگی کہ خُدا نے اُن کی معرفت غَیر قَوموں میں کَیسے کَیسے نِشان اور عجِیب کام ظاہِر کِئے۔ جب وہ خاموش ہُوئے تو یعقُوبؔ کہنے لگا کہ اَے بھائِیو میری سُنو! شمعُوؔن نے بیان کِیا ہے کہ خُدا نے پہلے پہل غَیر قَوموں پر کِس طرح تَوجُّہ کی تاکہ اُن میں سے اپنے نام کی ایک اُمّت بنا لے۔ اور نبِیوں کی باتیں بھی اِس کے مُطابِق ہیں۔ چُنانچہ لِکھا ہے کہ اِن باتوں کے بعد مَیں پِھر آ کر داؤُد کے گِرے ہُوئے خَیمہ کو اُٹھاؤں گا اور اُس کے پَھٹے ٹُوٹے کی مرمّت کر کے اُسے کھڑا کرُوں گا۔ تاکہ باقی آدمی یعنی سب قَومیں جو میرے نام کی کہلاتی ہیں خُداوند کو تلاش کریں۔ یہ وُہی خُداوند فرماتا ہے جو دُنیا کے شرُوع سے اِن باتوں کی خبر دیتا آیا ہے۔ پس میرا فَیصلہ یہ ہے کہ جو غَیر قَوموں میں سے خُدا کی طرف رجُوع ہوتے ہیں ہم اُن کو تکلِیف نہ دیں۔ مگر اُن کو لِکھ بھیجیں کہ بُتوں کی مکرُوہات اور حرام کاری اور گلا گھونٹے ہُوئے جانوروں اور لہُو سے پرہیز کریں۔ کیونکہ قدِیم زمانہ سے ہر شہر میں مُوسیٰ کی تَورَیت کی مُنادی کرنے والے ہوتے چلے آئے ہیں اور وہ ہر سبت کو عِبادت خانوں میں سُنائی جاتی ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 15

اعمال 12:15-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

ساری جماعت پر خَاموشی چھاگئی اَور لوگ بَرنباسؔ اَور پَولُسؔ کا بَیان سُننے لگے کہ خُدا نے اُن کے ذریعہ غَیریہُودی میں کیسے کیسے معجزے اَور عجِیب نِشان دکھائے۔ جَب اُن کی باتیں ختم ہویٔیں، تو یعقوب نے بَیان کیا۔ ”اَے بھائیو،“ آپ نے مزید فرمایا، ”میری بات سُنو۔“ شمعُونؔ تُمہیں بَیان کر چُکاہے کہ پہلے کِس طرح خُدا غَیریہُودیوں پر ظاہر ہُوا تاکہ اُن میں سے لوگوں کو چُن کر اَپنے نام کی ایک اُمّت بنا لے۔ نَبیوں کا کلام بھی اِس کے مُطابق ہے، جَیسا کہ لِکھّا ہے: ” ’اِس کے بعد میں پھر آؤں گا اَور داؤؔد کے گِرے ہوئے خیمہ کو کھڑا کروں گا۔ اُس کے پھٹے ٹُوٹے کی مرمّت کرکے، اُسے پھر سے تعمیر کروں گا، تاکہ باقی اِنسان خُداوؔند کی تلاش کریں، تاکہ باقی لوگ یعنی سَب غَیریہُودی جو خُداوؔند کے نام کے کَہلاتے ہیں، وُہی خُداوؔند جو یہ کام کرے گا یہ اُسی خُدا کا قول ہے‘ جسے اَزل سے ہی اَپنی کاریگری کا علم ہے۔ ”اِس لیٔے میری رائے یہ ہے کہ ہم اُن غَیریہُودیوں کو تکلیف میں نہ ڈالیں جو خُدا کی طرف رُجُوع ہو رہے ہیں۔ بَلکہ اُنہیں خط لِکھ کر یہ بتائیں کہ وہ بُتوں کو نذر چڑھائی ہویٔی چیزوں اَور جنسی بدفعلی سے بچیں اَور گلا گُھونٹے ہویٔے جانوروں کے گوشت سے اَور اُن کے خُون سے پرہیز کریں۔ اِس لیٔے کہ ہر شہر میں قدیم زمانہ سے حضرت مُوسیٰ کے حُکموں کی مُنادی کی گئی ہے اَور وہ یہُودی عبادت گاہوں میں ہر سَبت کو پڑھ کر سُنائے بھی جاتے ہیں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 15

اعمال 12:15-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

تمام لوگ چپ رہے تو پولس اور برنباس اُنہیں اُن الٰہی نشانوں اور معجزوں کے بارے میں بتانے لگے جو اللہ نے اُن کی معرفت غیریہودیوں کے درمیان کئے تھے۔ جب اُن کی بات ختم ہوئی تو یعقوب نے کہا، ”بھائیو، میری بات سنیں! شمعون نے بیان کیا ہے کہ اللہ نے کس طرح پہلا قدم اُٹھا کر غیریہودیوں پر اپنی فکرمندی کا اظہار کیا اور اُن میں سے اپنے لئے ایک قوم چن لی۔ اور یہ بات نبیوں کی پیش گوئیوں کے بھی مطابق ہے۔ چنانچہ لکھا ہے، ’اِس کے بعد مَیں واپس آ کر داؤد کے تباہ شدہ گھر کو نئے سرے سے تعمیر کروں گا، مَیں اُس کے کھنڈرات دوبارہ تعمیر کر کے بحال کروں گا تاکہ لوگوں کا بچا کھچا حصہ اور وہ تمام قومیں مجھے ڈھونڈیں جن پر میرے نام کا ٹھپا لگا ہے۔ یہ رب کا فرمان ہے، اور وہ یہ کرے گا بھی‘ بلکہ یہ اُسے ازل سے معلوم ہے۔ یہی پیشِ نظر رکھ کر میری رائے یہ ہے کہ ہم اُن غیریہودیوں کو جو اللہ کی طرف رجوع کر رہے ہیں غیرضروری تکلیف نہ دیں۔ اِس کے بجائے بہتر یہ ہے کہ ہم اُنہیں لکھ کر ہدایت دیں کہ وہ اِن چیزوں سے پرہیز کریں: ایسے کھانوں سے جو بُتوں کو پیش کئے جانے سے ناپاک ہیں، زناکاری سے، ایسے جانوروں کا گوشت کھانے سے جنہیں گلا گھونٹ کر مار دیا گیا ہو اور خون کھانے سے۔ کیونکہ موسوی شریعت کی منادی کرنے والے کئی نسلوں سے ہر شہر میں رہ رہے ہیں۔ جس شہر میں بھی جائیں ہر سبت کے دن شریعت کی تلاوت کی جاتی ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 15