YouVersion Logo
تلاش

اعمال 12:1-26

اعمال 12:1-26 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

تَب رسول کوہِ زَیتُون، سے جو یروشلیمؔ کے نَزدیک سَبت کے دِن کی مَنزل پر ہے واپس یروشلیمؔ شہر لَوٹے۔ یہ پہاڑ یروشلیمؔ سے تقریباً ایک کِلو مِیٹر کے فاصلے پر ہے۔ جَب وہ شہر میں داخل ہوکر، اُس بالاخانہ میں تشریف لے گیٔے جہاں وہ ٹھرے ہویٔے تھے۔ جِس میں: پطرس، یُوحنّؔا، یعقوب، اَور اَندریاسؔ؛ فِلِپُّسؔ اَور توماؔ؛ برتلماؔئی اَور متّیؔ؛ حلفئؔی کا بیٹا یعقوب، شمعُونؔ جو زیلوتیسؔ بھی ہیں اَور یعقوب کا بیٹا یہُوداؔہ رہتے تھے۔ یہ سَب چند خواتین اَور خُداوؔند عیسیٰ کی ماں، مریمؔ اَور اُن کے بھائیوں کے ساتھ ایک دل ہوکر دعا میں مشغُول رہتے تھے۔ اُن ہی دِنوں میں پطرس اُن بھائیوں اَور بہنوں کی جماعت میں جِن کی تعداد (ایک سَو بیس کے قریب تھی) پطرس نے کھڑے ہوکر فرمایا، ”اَے بھائیو اَور بہنوں، کِتاب مُقدّس کی اُس بات کا جو پاک رُوح نے حضرت داؤؔد کی زبان سے پہلے ہی کَہلوا دی تھی پُورا ہونا ضروُری تھا۔ وہ بات یہُوداؔہ کے بارے میں تھی، جِس نے خُداوؔند عیسیٰ کے پکڑوانے وَالوں کی رہنمائی کی تھی۔ یہُوداؔہ ہمارا ہم خدمت تھا اَور ہم لوگوں میں گِنا جاتا تھا۔“ اُس نے (اَپنی بدکاری سے کمائی، ہویٔی رقم سے ایک کھیت خریدا؛ جہاں وہ سَر کے بَل گِرا اَور اُس کا پیٹ پھٹ گیا اَور ساری اَنتڑیاں باہر نِکل پڑیں۔ یروشلیمؔ کے تمام باشِندوں کو یہ بات مَعلُوم ہو گئی، یہاں تک کہ اُنہُوں نے اَپنی زبان میں اُس کھیت کا نام ہی ہقؔل دماؔ، رکھ دیا جِس کا مطلب ہے، خُون کا کھیت۔) ”کیونکہ،“ پطرس نے فرمایا، ”زبُور شریف میں یہ لِکھّا ہے: ” ’اُن کا مقام ویران ہو جائے؛ اَور اُن کے خیموں میں بسنے والا کویٔی نہ ہو،‘ اَور، ” ’اُس کا عہدہ کویٔی اَور سنبھال لے۔‘ لہٰذا یہ ضروُری ہے کہ خُداوؔند عیسیٰ کے ہمارے ساتھ آنے جانے کے وقت تک، یعنی حضرت یحییٰ کے پاک ‏غُسل سے لے کر حُضُور عیسیٰ کے ہمارے پاس سے اُوپر اُٹھائے جانے تک جو لوگ بَرابر ہمارے ساتھ رہے۔ اُن میں سے ایک شخص چُن لیا جائے جو ہمارے ساتھ خُداوؔند عیسیٰ کے جی اُٹھنے کا گواہ بنے۔“ لہٰذا اُنہُوں نے دو کو نامزد کیا: ایک حضرت یُوسُفؔ کو جو برسبّاؔ کَہلاتے ہیں اَور(جِن کا لقب یُوستُسؔ بھی ہے) اَور دُوسرا متیّاہؔ کو۔ اُنہُوں نے یہ کہہ کر دعا کی، ”اَے خُداوؔند، آپ سَب کے دلوں کو جانتے ہیں۔ ہم پر ظاہر کر کہ اِن دونوں میں سے آپ نے کِس کو چُناہے کہ وہ اُس خدمت اَور رِسالت پر مامُور ہو، جسے یہُوداؔہ چھوڑکر اُس اَنجام تک پہنچا جِس کا وہ مُستحق تھا۔“ اَور اُنہُوں نے اُن کے بارے میں قُرعہ ڈالا، اَورجو متیّاہؔ کے نام کا نکلا؛ لہٰذا وہ گیارہ رسولوں کے ساتھ شُمار کیٔے گیٔے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 1

اعمال 12:1-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر وہ زیتون کے پہاڑ سے یروشلم شہر واپس چلے گئے۔ (یہ پہاڑ شہر سے تقریباً ایک کلو میٹر دُور ہے۔) وہاں پہنچ کر وہ اُس بالاخانے میں داخل ہوئے جس میں وہ ٹھہرے ہوئے تھے، یعنی پطرس، یوحنا، یعقوب اور اندریاس، فلپّس اور توما، برتلمائی اور متی، یعقوب بن حلفئی، شمعون مجاہد اور یہوداہ بن یعقوب۔ یہ سب یک دل ہو کر دعا میں لگے رہے۔ کچھ عورتیں، عیسیٰ کی ماں مریم اور اُس کے بھائی بھی ساتھ تھے۔ اُن دنوں میں پطرس بھائیوں میں کھڑا ہوا۔ اُس وقت تقریباً 120 لوگ جمع تھے۔ اُس نے کہا، ”بھائیو، لازم تھا کہ کلامِ مُقدّس کی وہ پیش گوئی پوری ہو جو روح القدس نے داؤد کی معرفت یہوداہ کے بارے میں کی۔ یہوداہ اُن کا راہنما بن گیا جنہوں نے عیسیٰ کو گرفتار کیا، گو اُسے ہم میں شمار کیا جاتا تھا اور وہ اِسی خدمت میں ہمارے ساتھ شریک تھا۔“ (جو پیسے یہوداہ کو اُس کے غلط کام کے لئے مل گئے تھے اُن سے اُس نے ایک کھیت خرید لیا تھا۔ وہاں وہ سر کے بل گر گیا، اُس کا پیٹ پھٹ گیا اور اُس کی تمام انتڑیاں باہر نکل پڑیں۔ اِس کا چرچا یروشلم کے تمام باشندوں میں پھیل گیا، اِس لئے یہ کھیت اُن کی مادری زبان میں ہقل دَما کے نام سے مشہور ہوا جس کا مطلب ہے خون کا کھیت۔) پطرس نے اپنی بات جاری رکھی، ”یہی بات زبور کی کتاب میں لکھی ہے، ’اُس کی رہائش گاہ سنسان ہو جائے، کوئی اُس میں آباد نہ ہو۔‘ یہ بھی لکھا ہے، ’کوئی اَور اُس کی ذمہ داری اُٹھائے۔‘ چنانچہ اب ضروری ہے کہ ہم یہوداہ کی جگہ کسی اَور کو چن لیں۔ یہ شخص اُن مردوں میں سے ایک ہو جو اُس پورے وقت کے دوران ہمارے ساتھ سفر کرتے رہے جب خداوند عیسیٰ ہمارے ساتھ تھا، یعنی اُس کے یحییٰ کے ہاتھ سے بپتسمہ لینے سے لے کر اُس وقت تک جب اُسے ہمارے پاس سے اُٹھایا گیا۔ لازم ہے کہ اُن میں سے ایک ہمارے ساتھ عیسیٰ کے جی اُٹھنے کا گواہ ہو۔“ چنانچہ اُنہوں نے دو آدمی پیش کئے، یوسف جو برسبا کہلاتا تھا (اُس کا دوسرا نام یُوستس تھا) اور متیاہ۔ پھر اُنہوں نے دعا کی، ”اے خداوند، تُو ہر ایک کے دل سے واقف ہے۔ ہم پر ظاہر کر کہ تُو نے اِن دونوں میں سے کس کو چنا ہے تاکہ وہ اُس خدمت کی ذمہ داری اُٹھائے جو یہوداہ چھوڑ کر وہاں چلا گیا جہاں اُسے جانا ہی تھا۔“ یہ کہہ کر اُنہوں نے دونوں کا نام لے کر قرعہ ڈالا تو متیاہ کا نام نکلا۔ لہٰذا اُسے بھی گیارہ رسولوں میں شامل کر لیا گیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 1

اعمال 12:1-26 کِتابِ مُقادّس (URD)

تب وہ اُس پہاڑ سے جو زَیتُوؔن کا کہلاتا ہے اور یروشلِیم کے نزدِیک سَبت کی منزِل کے فاصِلہ پر ہے یروشلِیم کو پِھرے۔ اور جب اُس میں داخِل ہُوئے تو اُس بالاخانہ پر چڑھے جِس میں وہ یعنی پطرؔس اور یُوحنّا اور یعقُوبؔ اور اندرؔیاس اور فِلِپُّس اور توؔما اور برتُلماؔئی اور متّی اور حلفئی کا بیٹا یعقُوبؔ اور شمعُوؔن زیلوتیس اور یعقُوبؔ کا بیٹا یہُوداؔہ رہتے تھے۔ یہ سب کے سب چند عَورتوں اور یِسُوعؔ کی ماں مریمؔ اور اُس کے بھائِیوں کے ساتھ ایک دِل ہو کر دُعا میں مشغُول رہے۔ اور اُن ہی دِنوں پطرؔس بھائِیوں میں جو تخمِیناً ایک سَو بِیس شخصوں کی جماعت تھی کھڑا ہو کر کہنے لگا۔ اَے بھائِیو اُس نوِشتہ کا پُورا ہونا ضرُور تھا جو رُوحُ القُدس نے داؤُد کی زُبانی اُس یہُوداؔہ کے حق میں پہلے سے کہا تھا جو یِسُوع کے پکڑنے والوں کا رہنُما ہُؤا۔ کیونکہ وہ ہم میں شُمار کِیا گیا اور اُس نے اِس خِدمت کا حِصّہ پایا۔ (اُس نے بدکاری کی کمائی سے ایک کھیت حاصِل کِیا اور سر کے بَل گِرا اور اُس کا پیٹ پھٹ گیا اور اُس کی سب انتڑِیاں نِکل پڑِیں۔ اور یہ یروشلِیم کے سب رہنے والوں کو معلُوم ہُؤا۔ یہاں تک کہ اُس کھیت کا نام اُن کی زُبان میں ہَقَل دؔما پڑ گیا یعنی خُون کا کھیت)۔ کیونکہ زبُور میں لِکھا ہے کہ اُس کا گھر اُجڑ جائے اور اُس میں کوئی بسنے والا نہ رہے اور اُس کا عُہدہ دُوسرا لے لے۔ پس جِتنے عرصہ تک خُداوند یِسُوعؔ ہمارے ساتھ آتا جاتا رہا یعنی یُوحنّا کے بپتِسمہ سے لے کر خُداوند کے ہمارے پاس سے اُٹھائے جانے تک جو برابر ہمارے ساتھ رہے۔ چاہئے کہ اُن میں سے ایک مَرد ہمارے ساتھ اُس کے جی اُٹھنے کا گواہ بنے۔ پِھر اُنہوں نے دو کو پیش کِیا۔ ایک یُوسفؔ کو جو برسبّا کہلاتا اور جِس کا لقب یُوؔستُس ہے۔ دُوسرا متّیاؔہ کو۔ اور یہ کہہ کر دُعا کی کہ اَے خُداوند! تُو جو سب کے دِلوں کی جانتا ہے۔ یہ ظاہِر کر کہ اِن دونوں میں سے تُو نے کِس کو چُنا ہے۔ کہ وہ اِس خِدمت اور رِسالت کی جگہ لے جِسے یہُوداؔہ چھوڑ کر اپنی جگہ گیا۔ پِھر اُنہوں نے اُن کے بارے میں قُرعہ ڈالا اور قُرعہ متّیاؔہ کے نام کا نِکلا۔ پس وہ اُن گیارہ رسُولوں کے ساتھ شُمار ہُؤا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 1