YouVersion Logo
تلاش

۳-یوحنا 5:1-11

۳-یوحنا 5:1-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے میرے عزیز! تُو جِس قدر مُومِنِین بھائیوں اَور بہنوں کی خدمت بڑی وفاداری سے کرتا ہے ٹھیک اُسی طرح سے تُو اُن کی بھی خدمت کر رہا ہے جو تیرے لیٔے اجنبی مومِن بھایٔی ہیں۔ اُنہُوں نے جماعت کے سامنے تیری مَحَبّت کی گواہی دی تھی۔ مہربانی سے خُدا کے اُن خادِموں کو آگے سفر پر اِس قدر روانہ کرجو خُدا کی نظر میں مُناسب ہے۔ کیونکہ وہ المسیؔح کے نام کی خاطِر خدمت کرنے نکلے ہیں اَور غَیریہُودیوں سے کچھ بھی مدد نہیں لیتے ہیں اِس لیٔے ہمارا فرض ہے کہ اَیسے لوگوں کی مدد اَور خاطرداری کریں تاکہ ہم اُس حق کے ہم خدمت ہو سکیں۔ میں نے جماعت کو کچھ لِکھّا تو تھا لیکن دِیُترِفیسؔ جو جماعت کا ہمیشہ ہی مالک بننا چاہتاہے، وہ ہماری باتوں کو نہیں مانتا ہے۔ پس جَب میں آؤں گا تو تمہارے سامنے اُس کے سارے کاموں کو جو وہ کر رہا ہے ظاہر کروں گا کہ وہ ہمارے خِلاف بُری بُری باتیں کرتا ہے۔ اَور جَب وہ آتے ہیں تو خُود بھی قبُول نہیں کرتا اَور دُوسرے مُومِنِین بھائیوں کو جو اُسے قبُول کرنا چاہتے ہیں، اُن کو منع کرتا ہے اَور جماعت سے باہر نکال دیتاہے۔ میرے عزیز! بدی کی نہیں بَلکہ نیکی کی پیروی کرو۔ نیکی کرنے والا خُدا سے ہے اَورجو بدی کرتا ہے اُس نے خُدا کو نہ تو پہچانا ہے اَور نہ ہی جانتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۳-یوحنا 1

۳-یوحنا 5:1-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

میرے عزیز، جو کچھ آپ بھائیوں کے لئے کر رہے ہیں اُس میں آپ وفاداری دکھا رہے ہیں، حالانکہ وہ آپ کے جاننے والے نہیں ہیں۔ اُنہوں نے خدا کی جماعت کے سامنے ہی آپ کی محبت کی گواہی دی ہے۔ مہربانی کر کے اُن کی سفر کے لئے یوں مدد کریں کہ اللہ خوش ہو۔ کیونکہ وہ مسیح کے نام کی خاطر سفر کے لئے نکلے ہیں اور غیرایمان داروں سے مدد نہیں لیتے۔ چنانچہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایسے لوگوں کی مہمان نوازی کریں، کیونکہ یوں ہم بھی سچائی کے ہم خدمت بن جاتے ہیں۔ مَیں نے تو جماعت کو کچھ لکھ دیا تھا، لیکن دیترفیس جو اُن میں اوّل ہونے کی خواہش رکھتا ہے ہمیں قبول نہیں کرتا۔ چنانچہ مَیں جب آؤں گا تو اُسے اُن بُری حرکتوں کی یاد دلاؤں گا جو وہ کر رہا ہے، کیونکہ وہ ہمارے خلاف بُری باتیں بک رہا ہے۔ اور نہ صرف یہ بلکہ وہ بھائیوں کو خوش آمدید کہنے سے بھی انکار کرتا ہے۔ جب دوسرے یہ کرنا چاہتے ہیں تو وہ اُنہیں روک کر جماعت سے نکال دیتا ہے۔ میرے عزیز، جو بُرا ہے اُس کی نقل مت کرنا بلکہ اُس کی کرنا جو اچھا ہے۔ جو اچھا کام کرتا ہے وہ اللہ سے ہے۔ لیکن جو بُرا کام کرتا ہے اُس نے اللہ کو نہیں دیکھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۳-یوحنا 1

۳-یوحنا 5:1-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے پیارے! جو کُچھ تُو اُن بھائِیوں کے ساتھ کرتا ہے جو پردیسی بھی ہیں وہ دِیانت سے کرتا ہے۔ اُنہوں نے کلِیسیا کے سامنے تیری مُحبّت کی گواہی دی تھی۔ اگر تُو اُنہیں اُس طرح روانہ کرے گا جِس طرح خُدا کے لوگوں کو مُناسِب ہے تو اچھّا کرے گا۔ کیونکہ وہ اُس نام کی خاطِر نِکلے ہیں اور غَیر قَوموں سے کُچھ نہیں لیتے۔ پس اَیسوں کی خاطِر داری کرنا ہم پر فرض ہے تاکہ ہم بھی حق کی تائِید میں اُن کے ہم خِدمت ہوں۔ مَیں نے کلِیسیا کو کُچھ لِکھا تھا مگر دِیُترِفِیؔس جو اُن میں بڑا بننا چاہتا ہے ہمیں قبُول نہیں کرتا۔ پس جب مَیں آؤُں گا تو اُس کے کاموں کو جو وہ کر رہا ہے یاد دِلاؤُں گا کہ ہمارے حق میں بُری باتیں بَکتا ہے اور اِن پر قناعِت نہ کر کے خُود بھی بھائِیوں کو قبُول نہیں کرتا اور جو قبُول کرنا چاہتے ہیں اُن کو بھی منع کرتا ہے اور کلِیسیا سے نِکال دیتا ہے۔ اَے پیارے! بدی کی نہیں بلکہ نیکی کی پَیروی کر۔ نیکی کرنے والا خُدا سے ہے۔ بدی کرنے والے نے خُدا کو نہیں دیکھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۳-یوحنا 1