YouVersion Logo
تلاش

۳-یوحنا 1:1-14

۳-یوحنا 1:1-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

مُجھ بُزرگ کی جانِب سے، میرے عزیز گیُسؔ کے نام خط جِس سے میں نہایت سچّی مَحَبّت رکھتا ہُوں۔ میرے عزیز! میں یہ دعا کرتا ہُوں کہ جِس طرح تو رُوحانی طور پر ترقّی کر رہا ہے اُسی طرح سَب باتوں میں ترقّی کرے اَور تندرست رہے۔ مُجھے اِس بات سے نہایت خُوشی ہُوئی، جَب بعض کچھ مُومِنِین بھائیوں نے آکر تمہارے بارے میں گواہی دی کہ تو حق پرستی میں وفادار ہے اَور اُسی کے مُطابق زندگی بھی گزار رہا ہے۔ میرے لیٔے اِس سے بڑھ کر اَور کویٔی خُوشی نہیں کہ میں یہ سُنوں کہ میرے بچّے حق پر چل رہے ہیں۔ اَے میرے عزیز! تُو جِس قدر مُومِنِین بھائیوں اَور بہنوں کی خدمت بڑی وفاداری سے کرتا ہے ٹھیک اُسی طرح سے تُو اُن کی بھی خدمت کر رہا ہے جو تیرے لیٔے اجنبی مومِن بھایٔی ہیں۔ اُنہُوں نے جماعت کے سامنے تیری مَحَبّت کی گواہی دی تھی۔ مہربانی سے خُدا کے اُن خادِموں کو آگے سفر پر اِس قدر روانہ کرجو خُدا کی نظر میں مُناسب ہے۔ کیونکہ وہ المسیؔح کے نام کی خاطِر خدمت کرنے نکلے ہیں اَور غَیریہُودیوں سے کچھ بھی مدد نہیں لیتے ہیں اِس لیٔے ہمارا فرض ہے کہ اَیسے لوگوں کی مدد اَور خاطرداری کریں تاکہ ہم اُس حق کے ہم خدمت ہو سکیں۔ میں نے جماعت کو کچھ لِکھّا تو تھا لیکن دِیُترِفیسؔ جو جماعت کا ہمیشہ ہی مالک بننا چاہتاہے، وہ ہماری باتوں کو نہیں مانتا ہے۔ پس جَب میں آؤں گا تو تمہارے سامنے اُس کے سارے کاموں کو جو وہ کر رہا ہے ظاہر کروں گا کہ وہ ہمارے خِلاف بُری بُری باتیں کرتا ہے۔ اَور جَب وہ آتے ہیں تو خُود بھی قبُول نہیں کرتا اَور دُوسرے مُومِنِین بھائیوں کو جو اُسے قبُول کرنا چاہتے ہیں، اُن کو منع کرتا ہے اَور جماعت سے باہر نکال دیتاہے۔ میرے عزیز! بدی کی نہیں بَلکہ نیکی کی پیروی کرو۔ نیکی کرنے والا خُدا سے ہے اَورجو بدی کرتا ہے اُس نے خُدا کو نہ تو پہچانا ہے اَور نہ ہی جانتا ہے۔ دیمیترِیُسؔ کی سَب لوگ تَعریف کرتے ہیں اَور یہاں تک کہ حق بھی اُس کی گواہی دیتاہے۔ اَور ہم بھی یہی گواہی دیتے ہیں اَور تُو جانتا ہے کہ ہماری گواہی سچّی ہے۔ مُجھے بہت سِی باتیں تُم کو لِکھنا ہیں، مگر میں اُنہیں قلم اَور روشنائی سے لِکھنا نہیں چاہتا۔ مُجھے اُمّید ہے کہ تُم سے جلد ہی مُلاقات ہوگی اَور تَب ہم رُوبرُو گُفتگو کریں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۳-یوحنا 1

۳-یوحنا 1:1-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ خط بزرگ یوحنا کی طرف سے ہے۔ مَیں اپنے عزیز گیُس کو لکھ رہا ہوں جسے مَیں سچائی سے پیار کرتا ہوں۔ میرے عزیز، میری دعا ہے کہ آپ کا حال ہر طرح سے ٹھیک ہو اور آپ جسمانی طور پر اُتنے ہی تندرست ہوں جتنے آپ روحانی لحاظ سے ہیں۔ کیونکہ مَیں نہایت خوش ہوا جب بھائیوں نے آ کر گواہی دی کہ آپ کس طرح سچائی کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ اور یقیناً آپ ہمیشہ سچائی کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ جب مَیں سنتا ہوں کہ میرے بچے سچائی کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں تو یہ میرے لئے سب سے زیادہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ میرے عزیز، جو کچھ آپ بھائیوں کے لئے کر رہے ہیں اُس میں آپ وفاداری دکھا رہے ہیں، حالانکہ وہ آپ کے جاننے والے نہیں ہیں۔ اُنہوں نے خدا کی جماعت کے سامنے ہی آپ کی محبت کی گواہی دی ہے۔ مہربانی کر کے اُن کی سفر کے لئے یوں مدد کریں کہ اللہ خوش ہو۔ کیونکہ وہ مسیح کے نام کی خاطر سفر کے لئے نکلے ہیں اور غیرایمان داروں سے مدد نہیں لیتے۔ چنانچہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایسے لوگوں کی مہمان نوازی کریں، کیونکہ یوں ہم بھی سچائی کے ہم خدمت بن جاتے ہیں۔ مَیں نے تو جماعت کو کچھ لکھ دیا تھا، لیکن دیترفیس جو اُن میں اوّل ہونے کی خواہش رکھتا ہے ہمیں قبول نہیں کرتا۔ چنانچہ مَیں جب آؤں گا تو اُسے اُن بُری حرکتوں کی یاد دلاؤں گا جو وہ کر رہا ہے، کیونکہ وہ ہمارے خلاف بُری باتیں بک رہا ہے۔ اور نہ صرف یہ بلکہ وہ بھائیوں کو خوش آمدید کہنے سے بھی انکار کرتا ہے۔ جب دوسرے یہ کرنا چاہتے ہیں تو وہ اُنہیں روک کر جماعت سے نکال دیتا ہے۔ میرے عزیز، جو بُرا ہے اُس کی نقل مت کرنا بلکہ اُس کی کرنا جو اچھا ہے۔ جو اچھا کام کرتا ہے وہ اللہ سے ہے۔ لیکن جو بُرا کام کرتا ہے اُس نے اللہ کو نہیں دیکھا۔ سب لوگ دیمیتریُس کی اچھی گواہی دیتے ہیں بلکہ سچائی خود بھی اُس کی اچھی گواہی دیتی ہے۔ ہم بھی اِس کے گواہ ہیں، اور آپ جانتے ہیں کہ ہماری گواہی سچی ہے۔ مجھے آپ کو بہت کچھ لکھنا تھا، لیکن یہ ایسی باتیں ہیں جو مَیں قلم اور سیاہی کے ذریعے آپ کو نہیں بتا سکتا۔ مَیں جلد ہی آپ سے ملنے کی اُمید رکھتا ہوں۔ پھر ہم رُوبرُو بات کریں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۳-یوحنا 1

۳-یوحنا 1:1-14 کِتابِ مُقادّس (URD)

مُجھ بزُرگ کی طرف سے اُس پیارے گِیُس کے نام جِس سے مَیں سچّی مُحبّت رکھتا ہُوں۔ اَے پیارے! مَیں یہ دُعا کرتا ہُوں کہ جِس طرح تُو رُوحانی ترقّی کر رہا ہے اُسی طرح تُو سب باتوں میں ترقّی کرے اور تندرُست رہے۔ کیونکہ جب بھائِیوں نے آ کر تیری اُس سچّائی کی گواہی دی جِس پر تُو حقِیقت میں چلتا ہے تو مَیں نِہایت خُوش ہُؤا۔ میرے لِئے اِس سے بڑھ کر اَور کوئی خُوشی نہیں کہ مَیں اپنے فرزندوں کو حق پر چلتے ہُوئے سُنوں۔ اَے پیارے! جو کُچھ تُو اُن بھائِیوں کے ساتھ کرتا ہے جو پردیسی بھی ہیں وہ دِیانت سے کرتا ہے۔ اُنہوں نے کلِیسیا کے سامنے تیری مُحبّت کی گواہی دی تھی۔ اگر تُو اُنہیں اُس طرح روانہ کرے گا جِس طرح خُدا کے لوگوں کو مُناسِب ہے تو اچھّا کرے گا۔ کیونکہ وہ اُس نام کی خاطِر نِکلے ہیں اور غَیر قَوموں سے کُچھ نہیں لیتے۔ پس اَیسوں کی خاطِر داری کرنا ہم پر فرض ہے تاکہ ہم بھی حق کی تائِید میں اُن کے ہم خِدمت ہوں۔ مَیں نے کلِیسیا کو کُچھ لِکھا تھا مگر دِیُترِفِیؔس جو اُن میں بڑا بننا چاہتا ہے ہمیں قبُول نہیں کرتا۔ پس جب مَیں آؤُں گا تو اُس کے کاموں کو جو وہ کر رہا ہے یاد دِلاؤُں گا کہ ہمارے حق میں بُری باتیں بَکتا ہے اور اِن پر قناعِت نہ کر کے خُود بھی بھائِیوں کو قبُول نہیں کرتا اور جو قبُول کرنا چاہتے ہیں اُن کو بھی منع کرتا ہے اور کلِیسیا سے نِکال دیتا ہے۔ اَے پیارے! بدی کی نہیں بلکہ نیکی کی پَیروی کر۔ نیکی کرنے والا خُدا سے ہے۔ بدی کرنے والے نے خُدا کو نہیں دیکھا۔ دِیمِیتؔرِیُس کے بارے میں سب نے اور خُود حق نے بھی گواہی دی اور ہم بھی گواہی دیتے ہیں اور تُو جانتا ہے کہ ہماری گواہی سچّی ہے۔ مُجھے لِکھنا تو تُجھ کو بُہت کُچھ تھا مگر سیاہی اور قلم سے تُجھے لِکھنا نہیں چاہتا۔ بلکہ تُجھ سے جلد مِلنے کی اُمّید رکھتا ہُوں اُس وقت ہم رُوبرُو بات چِیت کریں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۳-یوحنا 1