۲-تیمُتھیُس 1:3-17
۲-تیمُتھیُس 1:3-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لیکن یہ بات جان لے کہ آخِری زمانہ میں ہَولناک دِن آئیں گے۔ لوگ خُود غرض، زَر دوست، شیخی باز، مغروُر، بدگو، ماں باپ کے نافرمان، ناشُکرے، ناپاک، مَحَبّت سے خالی، مُعاف نہ کرنے والے، تہمت لگانے والے، بے ضَبط، وحشی، نیکی کے دُشمن، غدّار، بے حیا، مغروُر، خُدا کی نِسبَت عیش و عشرت کو زِیادہ پسند کرنے والے ہوں گے۔ وہ بظاہر خُداپرست زندگی تو گُزاریں گے لیکن حقیقی خُداپرست زندگی کی قُوّت کا اِنکار کریں گے۔ اَیسے اِنسانوں سے کنارہ کرنا۔ اِن ہی میں سے بعض اَیسے بھی ہیں جو گھروں میں دبے پاؤں گھُس آتے ہیں اَور بے وقُوف اَور چھچھوری عورتوں کو اَپنے قبضہ میں کرلیتے ہیں جو گُناہوں میں دبی ہوتی ہیں اَور ہر طرح کی بُری خواہِشوں کا شِکار بنی رہتی ہیں۔ یہ عورتیں ہر وقت تعلیم تو پاتی رہتی ہیں مگر حق کی پہچان تک کبھی نہیں پہُنچ سکتیں۔ جِس طرح یَنیّسؔ اَور یمبریسؔ نے حضرت مُوسیٰ کی مُخالفت کی تھی اُسی طرح یہ لوگ بھی حق کی مُخالفت کرتے ہیں۔ اِن کی عقل بِگڑی ہُوئی ہے اَور یہ ایمان کے اعتبار سے نامقبُول ہیں۔ لیکن یہ سَب زِیادہ وقت تک نہیں چلے گا، کیونکہ اِن کی حِماقت سَب آدمیوں پر ظاہر ہو جائے گی۔ لیکن تِیمُتھِیُس میری تعلیم، چال چلن اَور زندگی کے مقصد سے خُوب واقف ہے۔ تُم میرے ایمان، تحمُّل، مَحَبّت اَور میرے صبر کو جانتے ہو۔ تُمہیں مَعلُوم ہے کہ مُجھے کِس طرح ستایا گیا اَور میں نے کیا کیا مُصیبتیں اُٹھائیں یعنی وہ مُصیبتیں جو انطاکِیہؔ، اِکُنِیُم اَور لُسترہؔ شہروں میں، مُجھ پر آ پڑی تھیں۔ مگر خُداوؔند نے مُجھے اُن سَب مُصیبتوں سے رِہائی بخشی۔ دراصل جتنے لوگ المسیؔح عیسیٰ میں دیندار زندگی گزارنا چاہتے ہیں وہ سَب ستائے جایٔیں گے۔ لیکن بدکار، دغاباز لوگ فریب دیتے اَور فریب کھاتے ہوئے بگڑتے چلے جایٔیں گے۔ لیکن تُو اُن باتوں پر قائِم رہ جو تُونے سیکھی ہیں اَور جِن کا تُجھے پُورا یقین ہے، کیونکہ تُجھے مَعلُوم ہے کہ تُونے اُن باتوں کو کِس سے سیکھا ہے۔ اَور کِس طرح تُم بچپن سے اُن مُقدّس صحیفوں سے واقف ہو جو تُمہیں وہ عِرفان بَخشتی ہیں جِس سے المسیؔح عیسیٰ پر ایمان لانے سے نَجات حاصل ہوتی ہے۔ کیونکہ ہر صحیفہ جو خُدا کے اِلہام سے وُجُود میں آیا ہے، وہ تعلیم دینے، تنبیہ کرنے، اِصلاح اَور راستبازی میں تربّیت دینے کے لیٔے مفید ہے، تاکہ خُدا کا خادِم پُوری طرح سے قابِل بنے اَور ہر نیک کام کے لیٔے بالکُل تیّار ہو جائے۔
۲-تیمُتھیُس 1:3-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن یہ بات جان لیں کہ آخری دنوں میں ہول ناک لمحے آئیں گے۔ لوگ خود پسند اور پیسوں کے لالچی ہوں گے۔ وہ شیخی باز، مغرور، کفر بکنے والے، ماں باپ کے نافرمان، ناشکرے، بےدین اور محبت سے خالی ہوں گے۔ وہ صلح کرنے کے لئے تیار نہیں ہوں گے، دوسروں پر تہمت لگائیں گے، عیاش اور وحشی ہوں گے اور بھلائی سے نفرت رکھیں گے۔ وہ نمک حرام، غیرمحتاط اور غرور سے پھولے ہوئے ہوں گے۔ اللہ سے محبت رکھنے کے بجائے اُنہیں عیش و عشرت پیاری ہو گی۔ وہ بظاہر خدا ترس زندگی گزاریں گے، لیکن حقیقی خدا ترس زندگی کی قوت کا انکار کریں گے۔ ایسوں سے کنارہ کریں۔ اُن میں سے کچھ لوگ گھروں میں گھس کر کمزور خواتین کو اپنے جال میں پھنسا لیتے ہیں، ایسی خواتین کو جو اپنے گناہوں تلے دبی ہوئی ہیں اور جنہیں کئی طرح کی شہوتیں چلاتی ہیں۔ گو یہ ہر وقت تعلیم حاصل کرتی رہتی ہیں توبھی سچائی کو جاننے تک کبھی نہیں پہنچ سکتیں۔ جس طرح ینیس اور یمبریس موسیٰ کی مخالفت کرتے تھے اُسی طرح یہ لوگ بھی سچائی کی مخالفت کرتے ہیں۔ اِن کا ذہن بگڑا ہوا ہے اور اِن کا ایمان نامقبول نکلا۔ لیکن یہ زیادہ ترقی نہیں کریں گے کیونکہ اِن کی حماقت سب پر ظاہر ہو جائے گی، بالکل اُسی طرح جس طرح ینیس اور یمبریس کے ساتھ بھی ہوا۔ لیکن آپ ہر لحاظ سے میرے شاگرد رہے ہیں، چال چلن میں، ارادے میں، ایمان میں، صبر میں، محبت میں، ثابت قدمی میں، ایذا رسانیوں میں اور دُکھوں میں۔ انطاکیہ، اکنیُم اور لسترہ میں میرے ساتھ کیا کچھ نہ ہوا! وہاں مجھے کتنی سخت ایذا رسانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن خداوند نے مجھے اِن سب سے رِہائی دی۔ بات یہ ہے کہ سب جو مسیح عیسیٰ میں خدا ترس زندگی گزارنا چاہتے ہیں اُنہیں ستایا جائے گا۔ ساتھ ساتھ شریر اور دھوکے باز لوگ اپنے غلط کاموں میں ترقی کرتے جائیں گے۔ وہ دوسروں کو غلط راہ پر لے جائیں گے اور اُنہیں خود بھی غلط راہ پر لایا جائے گا۔ لیکن آپ خود اُس پر قائم رہیں جو آپ نے سیکھ لیا اور جس پر آپ کو یقین آیا ہے۔ کیونکہ آپ اپنے اُستادوں کو جانتے ہیں اور آپ بچپن سے مُقدّس صحیفوں سے واقف ہیں۔ اللہ کا یہ کلام آپ کو وہ حکمت عطا کر سکتا ہے جو مسیح عیسیٰ پر ایمان لانے سے نجات تک پہنچاتی ہے۔ کیونکہ ہر پاک نوشتہ اللہ کے روح سے وجود میں آیا ہے اور تعلیم دینے، ملامت کرنے، اصلاح کرنے اور راست باز زندگی گزارنے کی تربیت دینے کے لئے مفید ہے۔ کلامِ مُقدّس کا مقصد یہی ہے کہ اللہ کا بندہ ہر لحاظ سے قابل اور ہر نیک کام کے لئے تیار ہو۔
۲-تیمُتھیُس 1:3-17 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن یہ جان رکھ کہ اخِیر زمانہ میں بُرے دِن آئیں گے۔ کیونکہ آدمی خُودغرض۔ زر دوست۔ شیخی باز۔ مغرُور۔ بدگو۔ ماں باپ کے نافرمان۔ ناشُکر۔ ناپاک۔ طبعی مُحبّت سے خالی۔ سنگ دِل۔ تُہمت لگانے والے۔ بے ضبط۔ تُند مِزاج۔ نیکی کے دُشمن۔ دغاباز۔ ڈِھیٹھ۔ گُھمنڈ کرنے والے۔ خُدا کی نِسبت عَیش و عِشرت کو زِیادہ دوست رکھنے والے ہوں گے۔ وہ دِین داری کی وضع تو رکھّیں گے مگر اُس کے اثر کو قبُول نہ کریں گے اَیسوں سے بھی کنارہ کرنا۔ اِن ہی میں سے وہ لوگ ہیں جو گھروں میں دبے پاؤں گُھس آتے ہیں اور اُن چھچھوری عَورتوں کو قابُو میں کر لیتے ہیں جو گُناہوں میں دبی ہُوئی ہیں اور طرح طرح کی خواہِشوں کے بس میں ہیں۔ اور ہمیشہ تعلِیم پاتی رہتی ہیں مگر حق کی پہچان تک کبھی نہیں پُہنچتِیں۔ اور جِس طرح کہ ینیّس اور یمبرؔیس نے مُوسیٰ کی مُخالفت کی تھی اُسی طرح یہ لوگ بھی حق کی مُخالفت کرتے ہیں۔ یہ اَیسے آدمی ہیں جِن کی عقل بِگڑی ہُوئی ہے اور وہ اِیمان کے اِعتبار سے نامقبُول ہیں۔ مگر اِس سے زِیادہ نہ بڑھ سکیں گے اِس واسطے کہ اِن کی نادانی سب آدمِیوں پر ظاہِر ہو جائے گی جَیسے اُن کی بھی ہو گئی تھی۔ لیکن تُو نے تعلِیم۔ چال چلن۔ اِرادہ۔ اِیمان۔ تحمُّل۔ مُحبّت۔ صبر۔ ستائے جانے اور دُکھ اُٹھانے میں میری پَیروی کی۔ یعنی اَیسے دُکھوں میں جو انطاکِیہ اور اِکُنیُم اور لُسترؔہ میں مُجھ پر پڑے اور اَور دُکھوں میں بھی جو مَیں نے اُٹھائے ہیں مگر خُداوند نے مُجھے اُن سب سے چُھڑا لِیا۔ بلکہ جِتنے مسِیح یِسُوعؔ میں دِین داری کے ساتھ زِندگی گُذارنا چاہتے ہیں وہ سب ستائے جائیں گے۔ اور بُرے اور دھوکا باز آدمی فرِیب دیتے اور فرِیب کھاتے ہُوئے بِگڑتے چلے جائیں گے۔ مگر تُو اُن باتوں پر جو تُو نے سِیکھی تِھیں اور جِن کا یقِین تُجھے دِلایا گیا تھا یہ جان کر قائِم رہ کہ تُو نے اُنہیں کِن لوگوں سے سِیکھا تھا۔ اور تُو بچپن سے اُن پاک نوِشتوں سے واقِف ہے جو تُجھے مسِیح یِسُوع پر اِیمان لانے سے نجات حاصِل کرنے کے لِئے دانائی بخش سکتے ہیں۔ ہر ایک صحِیفہ جو خُدا کے اِلہام سے ہے تعلِیم اور اِلزام اور اِصلاح اور راست بازی میں تربِیّت کرنے کے لِئے فائِدہ مند بھی ہے۔ تاکہ مردِ خُدا کامِل بنے اور ہر ایک نیک کام کے لِئے بِالکُل تیّار ہو جائے۔