۲-تیمُتھیُس 1:1-18

۲-تیمُتھیُس 1:1-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پَولُسؔ کی جانِب سے جو اُس زندگی کے وعدہ کے مُطابق جو المسیح یِسوعؔ میں ہے، خُدا کی مرضی سے المسیح یِسوعؔ کے رسول ہیں، پیارے بیٹے تِیمُتھِیُس کے نام خط: خُدا باپ اَور ہمارے المسیح یِسوعؔ کی طرف سے تُمہیں فضل، رحم اَور سلامتی حاصل ہوتی رہے۔ جِس خُدا کی عبادت میں اَپنے باپ دادا کی طرح صَاف دِلی سے کرتا ہُوں، اُسی کا شُکر اَدا کرتا ہُوں کہ مَیں تُجھے رات دِن اَپنی دعاؤں میں ہمیشہ یاد کرتا ہُوں۔ اَور تمہارے آنسُوؤں کو یاد کرکے، میں تُم سے مِلنے کا آرزُومند ہُوں تاکہ تُم سے مِل کر خُوشی سے بھر جاؤں۔ مُجھے تیرا وہ سچّا ایمان یاد آتا ہے جو پہلے تیری نانی لُوئِسؔ اَور تیری ماں یُونیکےؔ کا تھا اَور مُجھے یقین ہے کہ وُہی ایمان تیرا بھی ہے۔ اِسی سبب سے مَیں تُجھے یاد دِلاتا ہُوں کہ خُدا کی اُس رُوحانی نِعمت کے شُعلہ کو پھر سے اَپنے اَندر بھڑکا دے جو میرے ہاتھ رکھنے کی برکت سے تُجھے حاصل ہُوئی ہے۔ کیونکہ خُدا نے ہمیں بُزدلی کی رُوح نہیں بَلکہ قُوّت، مَحَبّت اَور خُود نظم و ضَبط رکھنے کی رُوح عطا فرمائی ہے۔ پس تُو ہمارے خُداوؔند کی گواہی دینے سے اَور مُجھ سے جو اُس کا قَیدی ہُوں شرم نہ کر بَلکہ جَیسے میں خُوشخبری کی خاطِر دُکھ اُٹھاتا ہُوں، وَیسے تُو بھی خُدا کی دی ہویٔی قُدرت کے مُطابق انجیل کی خاطِر میرے ساتھ دُکھ اُٹھا۔ کیونکہ خُدا نے ہمیں نَجات بخشی اَور پاکیزہ زندگی گُزارنے کے لیٔے بُلایا ہے۔ یہ ہمارے اعمال کے سبب سے نہیں تھا بَلکہ اُس کے اَپنے خاص مقصد اَور اُس فضل کے مُوافق ہُوا تھا جو ہم پر المسیح یِسوعؔ میں اَزل ہی سے ہو چُکاتھا۔ مگر اَب ہمارے مُنجّی المسیح یِسوعؔ کی آمد سے ظاہر ہُواہے جِس نے موت کو نِیست کر دیا اَور خُوشخبری کے ذریعہ زندگی کو رَوشن کر دیا۔ اِسی خُوشخبری کے لیٔے خُدا نے مُجھے مُنّاد، رسول اَور اُستاد مُقرّر کیا ہے۔ اِسی وجہ سے میں دُکھ اُٹھا رہا ہُوں اَور دُکھ اُٹھانے سے شرمندہ نہیں ہُوں، کیونکہ جِس پر مَیں نے یقین کیا ہے، اُسے جانتا ہُوں اَور مُجھے پُورا یقین ہے کہ وہ میری اَمانت کو عدالت کے دِن تک محفوظ رکھنے کے قابل ہے۔ اَب تُو اُن صحیح تعلیمات کو جو تُونے مُجھ سے سُنی ہیں، اُسے اُس ایمان اَور مَحَبّت کے ساتھ جو المسیح یِسوعؔ میں ہے، اَپنا نمونہ بنائے رکھ۔ اَور پاک رُوح کی مدد سے جو ہم میں بسا ہُواہے اُس اَمانت کو سنبھال کر رکھ جو تیرے سُپرد کی گئی ہے۔ تُو جانتا ہے کہ صُوبہ آسیہؔ میں سَب لوگوں نے مُجھ سے مُنہ موڑ لیا ہے۔ اُن میں فُوگلُسؔ اَور ہرمُگِنیسؔ بھی ہیں۔ اُنیِسفُرس کے گھرانے پر خُداوؔند کی رحمت ہو کیونکہ اُس نے کیٔی دفعہ مُجھے تازہ دَم کیا اَور میری قَید کی زنجیروں سے شرمندہ نہ ہُوا۔ بَلکہ جَب وہ رُوم شہر میں آیا تو بہت کوشش سے تلاش کرکے مُجھ سے مِلا۔ خُداوؔند قیامت کے دِن اُس پر رحم کرے! تُمہیں خُوب مَعلُوم ہے کہ اُنیِسفُرس نے اِفِسُسؔ شہر میں میرے لیٔے کیا کیا خدمتیں اَنجام دیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تیمُتھیُس 1

۲-تیمُتھیُس 1:1-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ خط پولس کی طرف سے ہے جو اللہ کی مرضی سے مسیح عیسیٰ کا رسول ہے تاکہ اُس وعدہ کی ہوئی زندگی کا پیغام سنائے جو ہمیں مسیح عیسیٰ میں حاصل ہوتی ہے۔ مَیں اپنے پیارے بیٹے تیمُتھیُس کو لکھ رہا ہوں۔ خدا باپ اور ہمارا خداوند مسیح عیسیٰ آپ کو فضل، رحم اور سلامتی عطا کریں۔ مَیں آپ کے لئے خدا کا شکر کرتا ہوں جس کی خدمت مَیں اپنے باپ دادا کی طرح صاف ضمیر سے کرتا ہوں۔ دن رات مَیں لگاتار آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھتا ہوں۔ مجھے آپ کے آنسو یاد آتے ہیں، اور مَیں آپ سے ملنے کا آرزومند ہوں تاکہ خوشی سے بھر جاؤں۔ مجھے خاص کر آپ کا مخلص ایمان یاد ہے جو پہلے آپ کی نانی لوئس اور ماں یوُنیکے رکھتی تھیں۔ اور مجھے یقین ہے کہ آپ بھی یہی ایمان رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مَیں آپ کو ایک بات یاد دلاتا ہوں۔ اللہ نے آپ کو اُس وقت ایک نعمت سے نوازا جب مَیں نے آپ پر ہاتھ رکھے۔ آپ کو اِس نعمت کی آگ کو نئے سرے سے بھڑکانے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ جس روح سے اللہ نے ہمیں نوازا ہے وہ ہمیں بزدل نہیں بناتا بلکہ ہمیں قوت، محبت اور نظم و ضبط دلاتا ہے۔ اِس لئے ہمارے خداوند کے بارے میں گواہی دینے سے نہ شرمائیں، نہ مجھ سے جو مسیح کی خاطر قیدی ہوں۔ اِس کے بجائے میرے ساتھ اللہ کی قوت سے مدد لے کر اُس کی خوش خبری کی خاطر دُکھ اُٹھائیں۔ کیونکہ اُس نے ہمیں نجات دے کر مُقدّس زندگی گزارنے کے لئے بُلایا۔ اور یہ چیزیں ہمیں اپنی محنت سے نہیں ملیں بلکہ اللہ کے ارادے اور فضل سے۔ یہ فضل زمانوں کی ابتدا سے پہلے ہمیں مسیح میں دیا گیا لیکن اب ہمارے نجات دہندہ مسیح عیسیٰ کی آمد سے ظاہر ہوا۔ مسیح ہی نے موت کو نیست کر دیا۔ اُسی نے اپنی خوش خبری کے ذریعے لافانی زندگی روشنی میں لا کر ہم پر ظاہر کر دی ہے۔ اللہ نے مجھے یہی خوش خبری سنانے کے لئے مناد، رسول اور اُستاد مقرر کیا ہے۔ اِسی وجہ سے مَیں دُکھ اُٹھا رہا ہوں۔ توبھی مَیں شرماتا نہیں، کیونکہ مَیں اُسے جانتا ہوں جس پر مَیں ایمان لایا ہوں، اور مجھے پورا یقین ہے کہ جو کچھ مَیں نے اُس کے حوالے کر دیا ہے اُسے وہ اپنی آمد کے دن تک محفوظ رکھنے کے قابل ہے۔ اُن صحت بخش باتوں کے مطابق چلتے رہیں جو آپ نے مجھ سے سن لی ہیں، اور یوں ایمان اور محبت کے ساتھ مسیح عیسیٰ میں زندگی گزاریں۔ جو بیش قیمت چیز آپ کے حوالے کر دی گئی ہے اُسے روح القدس کی مدد سے جو ہم میں سکونت کرتا ہے محفوظ رکھیں۔ آپ کو معلوم ہے کہ صوبہ آسیہ میں تمام لوگوں نے مجھے ترک کر دیا ہے۔ اِن میں فوگلس اور ہرمگنیس بھی شامل ہیں۔ خداوند اُنیسفرس کے گھرانے پر رحم کرے، کیونکہ اُس نے کئی دفعہ مجھے تر و تازہ کیا۔ ہاں، وہ اِس سے کبھی نہ شرمایا کہ مَیں قیدی ہوں۔ بلکہ جب وہ روم شہر پہنچا تو بڑی کوششوں سے میرا کھوج لگا کر مجھے ملا۔ خداوند کرے کہ وہ قیامت کے دن خداوند سے رحم پائے۔ آپ خود بہتر جانتے ہیں کہ اُس نے اِفسس میں کتنی خدمت کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تیمُتھیُس 1

۲-تیمُتھیُس 1:1-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

پَولُس کی طرف سے جو اُس زِندگی کے وعدہ کے مُوافِق جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہے خُدا کی مرضی سے مسِیح یِسُوعؔ کا رسُول ہے۔ پِیارے فرزند تِیمُتِھیُس کے نام۔ فضل۔ رَحم اور اِطمِینان خُدا باپ اور ہمارے خُداوند مسِیح یِسُوعؔ کی طرف سے تُجھے حاصِل ہوتا رہے۔ جِس خُدا کی عِبادت مَیں صاف دِل سے باپ دادا کے طَور پر کرتا ہُوں اُس کا شُکر ہے کہ اپنی دُعاؤں میں بِلاناغہ تُجھے یاد رکھتا ہُوں۔ اور تیرے آنسُوؤں کو یاد کر کے رات دِن تیری مُلاقات کا مُشتاق رہتا ہُوں تاکہ خُوشی سے بھر جاؤں۔ اور مُجھے تیرا وہ بے رِیا اِیمان یاد دِلایا گیا ہے جو پہلے تیری نانی لُوئِس اور تیری ماں یُونِیکے رکھتی تِھیں اور مُجھے یقِین ہے کہ تُو بھی رکھتا ہے۔ اِسی سبب سے مَیں تُجھے یاد دِلاتا ہُوں کہ تُو خُدا کی اُس نِعمت کو چمکا دے جو میرے ہاتھ رکھنے کے باعِث تُجھے حاصِل ہے۔ کیونکہ خُدا نے ہمیں دہشت کی رُوح نہیں بلکہ قُدرت اور مُحبّت اور تربِیّت کی رُوح دی ہے۔ پس ہمارے خُداوند کی گواہی دینے سے اور مُجھ سے جو اُس کا قَیدی ہُوں شرم نہ کر بلکہ خُدا کی قُدرت کے مُوافِق خُوشخبری کی خاطِر میرے ساتھ دُکھ اُٹھا۔ جِس نے ہمیں نجات دی اور پاک بُلاوے سے بُلایا ہمارے کاموں کے مُوافِق نہیں بلکہ اپنے خاص اِرادہ اور اُس فضل کے مُوافِق جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہم پر ازل سے ہُؤا۔ مگر اب ہمارے مُنّجی مسِیح یِسُوعؔ کے ظہُور سے ظاہِر ہُؤا جِس نے مَوت کو نیست اور زِندگی اور بقا کو اُس خُوشخبری کے وسِیلہ سے رَوشن کر دِیا۔ جِس کے لِئے مَیں مُنادی کرنے والا اور رسُول اور اُستاد مُقرّر ہُؤا۔ اِسی باعِث سے مَیں یہ دُکھ بھی اُٹھاتا ہُوں لیکن شرماتا نہیں کیونکہ جِس کا مَیں نے یقِین کِیا ہے اُسے جانتا ہُوں اور مُجھے یقِین ہے کہ وہ میری امانت کی اُس دِن تک حِفاظت کر سکتا ہے۔ جو صحِیح باتیں تُو نے مُجھ سے سُنِیں اُس اِیمان اور مُحبّت کے ساتھ جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہے اُن کا خاکہ یاد رکھ۔ رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے جو ہم میں بسا ہُؤا ہے اِس اچّھی امانت کی حِفاظت کر۔ تُو یہ جانتا ہے کہ آسیہ کے سب لوگ مُجھ سے پِھر گئے۔ جِن میں سے فُوگلُس اور ہرمُگِنیُس ہیں۔ خُداوند اُنیسِفرُؔس کے گھرانے پر رَحم کرے کیونکہ اُس نے بُہت دفعہ مُجھے تازہ دَم کِیا اور میری قَید سے شرمِندہ نہ ہُؤا۔ بلکہ جب وہ روما میں آیا تو کوشِش سے تلاش کر کے مُجھ سے مِلا۔ (خُداوند اُسے یہ بخشے کہ اُس دِن اُس پر خُداوند کا رَحم ہو) اور اُس نے اِفِسُس میں جو جو خِدمتیں کِیں تُو اُنہیں خُوب جانتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تیمُتھیُس 1