YouVersion Logo
تلاش

۲-تِھسّلُنیکیوں 7:3-15

۲-تِھسّلُنیکیوں 7:3-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

تُم آپ جانتے ہو کہ تُمہیں کِس طرح ہماری مانِند چلنا چاہئے۔ کیونکہ جَب ہم تمہارے ساتھ تھے تو کاہل نہیں تھے، ہم کسی کی مُفت کی روٹی نہیں کھاتے تھے۔ بَلکہ، رات دِن محنت مشقّت کرتے تھے، تاکہ ہم تُم میں سے کسی پر بوجھ نہ بنیں۔ اِس لیٔے نہیں کہ ہمارا تُم پر کویٔی حق نہ تھا، بَلکہ اِس لیٔے کہ اَیسا نمونہ بنو جِس پر تُم چل سکو۔ اَور جَب ہم تمہارے پاس تھے تَب بھی ہمارا یہی حُکم تھا: ”جو آدمی کام نہیں کرےگا وہ کھانے سے بھی محروم رہے گا۔“ ہم نے سُنا ہے کہ تُم میں بعض اَیسے بھی ہیں جو محنت سے جی چُراتے ہیں۔ اَور وہ خُود تو کچھ کرتے نہیں؛ مگر دُوسروں کے کام میں دخل دیتے ہیں۔ اَیسے لوگوں کو ہم خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام سے حُکم دیتے ہیں اَور نصیحت کرتے ہیں کہ وہ خاموشی سے اَپنا کام کریں اَور محنت کی روٹی کھایٔیں۔ اَور تُم بھائیوں اَور بہنوں، نیک کام کرنے میں کبھی ہِمّت نہ ہارو۔ اگر کویٔی ہمارے خط میں لکھی ہُوئی نصیحت کو نہ مانے تو اُن پر نگاہ رکھو، اَور اُن سے مِلنا جُلنا چھوڑ دو، تاکہ وہ شرمندہ ہوں۔ لیکن اُنہیں دُشمن نہ سمجھو، بَلکہ اَپنا مُومِن ساتھی سمجھ کر اُن کو نصیحت کرو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تِھسّلُنیکیوں 3

۲-تِھسّلُنیکیوں 7:3-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

آپ خود جانتے ہیں کہ آپ کو کس طرح ہمارے نمونے پر چلنا چاہئے۔ جب ہم آپ کے پاس تھے تو ہماری زندگی میں بےترتیبی نہیں پائی جاتی تھی۔ ہم نے کسی کا کھانا بھی پیسے دیئے بغیر نہ کھایا، بلکہ دن رات سخت محنت مشقت کرتے رہے تاکہ آپ میں سے کسی کے لئے بوجھ نہ بنیں۔ بات یہ نہیں کہ ہمیں آپ سے معاوضہ ملنے کا حق نہیں تھا۔ نہیں، ہم نے ایسا کیا تاکہ ہم آپ کے لئے اچھا نمونہ بنیں اور آپ اِس نمونے پر چلیں۔ جب ہم ابھی آپ کے پاس تھے تو ہم نے آپ کو حکم دیا، ”جو کام نہیں کرنا چاہتا وہ کھانا بھی نہ کھائے۔“ اب ہمیں یہ خبر ملی ہے کہ آپ میں سے بعض بےقاعدہ زندگی گزارتے ہیں۔ وہ کام نہیں کرتے بلکہ دوسروں کے کاموں میں خواہ مخواہ دخل دیتے ہیں۔ خداوند عیسیٰ مسیح کے نام میں ہم ایسے لوگوں کو حکم دیتے اور سمجھاتے ہیں کہ آرام سے کام کر کے اپنی روزی کمائیں۔ بھائیو، آپ بھلائی کرنے سے کبھی ہمت نہ ہاریں۔ اگر کوئی اِس خط میں درج ہماری ہدایت پر عمل نہ کرے تو اُس سے تعلق نہ رکھنا تاکہ اُسے شرم آئے۔ لیکن اُسے دشمن مت سمجھنا بلکہ اُسے بھائی جان کر سمجھانا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تِھسّلُنیکیوں 3

۲-تِھسّلُنیکیوں 7:3-15 کِتابِ مُقادّس (URD)

کیونکہ تُم آپ جانتے ہو کہ ہماری مانِند کِس طرح بننا چاہئے اِس لِئے کہ ہم تُم میں بے قاعِدہ نہ چلتے تھے۔ اور کِسی کی روٹی مُفت نہ کھاتے تھے بلکہ مِحنت مُشقّت سے رات دِن کام کرتے تھے تاکہ تُم میں سے کِسی پر بوجھ نہ ڈالیں۔ اِس لِئے نہیں کہ ہم کو اِختیار نہ تھا بلکہ اِس لِئے کہ اپنے آپ کو تُمہارے واسطے نمُونہ ٹھہرائیں تاکہ تُم ہماری مانِند بنو۔ اور جب ہم تُمہارے پاس تھے اُس وقت بھی تُم کو یہ حُکم دیتے تھے کہ جِسے مِحنت کرنا منظُور نہ ہو وہ کھانے بھی نہ پائے۔ ہم سُنتے ہیں کہ تُم میں بعض بے قاعِدہ چلتے ہیں اور کُچھ کام نہیں کرتے بلکہ اَوروں کے کام میں دَخل دیتے ہیں۔ اَیسے شخصوں کو ہم خُداوند یِسُوع مسِیح میں حُکم دیتے اور نصِیحت کرتے ہیں کہ چُپ چاپ کام کر کے اپنی ہی روٹی کھائیں۔ اور تُم اَے بھائِیو! نیک کام کرنے میں ہِمّت نہ ہارو۔ اور اگر کوئی ہمارے اِس خَط کی بات کو نہ مانے تو اُسے نِگاہ میں رکھّو اور اُس سے صُحبت نہ رکھّو تاکہ وہ شرمِندہ ہو۔ لیکن اُسے دُشمن نہ جانو بلکہ بھائی سمجھ کر نصِیحت کرو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تِھسّلُنیکیوں 3