۲-سموئیل 3:9-13
۲-سموئیل 3:9-13 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب بادشاہ نے پُوچھا، ”کیا شاؤل کے گھرانے سے اَب تک کویٔی باقی نہیں جِس پر مَیں خُدا کی طرف سے مہربانی کر سکوں؟“ ضیباؔ نے بادشاہ کو جَواب دیا، ”یُوناتانؔ کا ایک بیٹا اَب تک باقی ہے جو دونوں پاؤں سے لنگڑا ہے۔“ تَب بادشاہ نے پُوچھا، ”وہ کہاں ہے؟“ ضیباؔ نے جَواب دیا، ”وہ لُو دِبارؔ میں عمّی ایل کے بیٹے مکیرؔ کے گھر میں ہے۔“ لہٰذا داویؔد بادشاہ نے اُسے لُو دِبارؔ سے عمّی ایل کے بیٹے مکیرؔ کے گھر سے بُلوا بھیجا۔ جَب مفِیبوستؔ بِن یُوناتانؔ بِن شاؤل داویؔد کے پاس آیا تو اُس نے جھُک کر داویؔد کا اِحترام کیا۔ داویؔد نے کہا، ”مفِیبوستؔ!“ اُس نے جَواب دیا، ”آپ کا خادِم حاضِر ہے۔“ پھر داویؔد نے اُس سے کہا، ”ڈرنے کی کوئی بات نہیں، کیونکہ مَیں تو تیرے باپ یُوناتانؔ کی خاطِر تُجھ پر مہربانی کرنا چاہتا ہُوں۔ میں وہ ساری زمین جو تیرے دادا شاؤل کی مِلکیّت تھی تُجھے لَوٹا دُوں گا اَور تُو ہمیشہ میرے دسترخوان پر کھانا کھایا کرےگا۔“ مفِیبوستؔ نے آداب بجا لاکر کہا، ”آپ کا خادِم کیا چیز ہے کہ آپ مجھ جَیسے مریل کُتّے کی پروا کریں؟“ تَب بادشاہ نے شاؤل کے خادِم ضیباؔ کو طلب کیا اَور اُس سے کہا، ”مَیں نے شاؤل اَور اُس کے گھرانے کی ہر ایک چیز تیرے آقا کے پوتے کو دے دی ہے۔ پس تُم، تمہارے بیٹے اَور تمہارے نوکر اُس زمین پر اُس کے لیٔے کاشتکاری کریں اَور فصل لے کر آئیں تاکہ تمہارے آقا کے پوتے کے گھر کا خرچ چلے۔ اَور تیرے آقا کا پوتا مفِیبوستؔ ہمیشہ میرے دسترخوان پر کھانا کھائے گا۔“ (اَور ضیباؔ کے پندرہ بیٹے اَور بیس خادِم تھے)۔ تَب ضیباؔ نے بادشاہ سے کہا، ”آپ کا خادِم وُہی کرےگا جِس کا میرے آقا بادشاہ نے اَپنے خادِم کو حُکم دیا ہے۔“ لہٰذا مفِیبوستؔ داویؔد کے دسترخوان پر شہزادوں یعنی بادشاہ کے اَپنے بیٹوں کی طرح کھانا کھانے لگا۔ اَور مفِیبوستؔ کا ایک نوجوان بیٹا تھا جِس کا نام میکاؔ تھا اَور ضیباؔ کے گھرانے کے سارے لوگ مفِیبوستؔ کے خادِم تھے۔ اَور مفِیبوستؔ یروشلیمؔ میں رہتا تھا کیونکہ وہ ہمیشہ بادشاہ کے دسترخوان پر کھانا کھاتا تھا اَور وہ دونوں پاؤں سے لنگڑا تھا۔
۲-سموئیل 3:9-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
بادشاہ نے دریافت کیا، ”کیا ساؤل کے خاندان کا کوئی فرد زندہ رہ گیا ہے؟ مَیں اُس پر اللہ کی مہربانی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔“ ضیبا نے کہا، ”یونتن کا ایک بیٹا اب تک زندہ ہے۔ وہ دونوں ٹانگوں سے مفلوج ہے۔“ داؤد نے پوچھا، ”وہ کہاں ہے؟“ ضیبا نے جواب دیا، ”وہ لو دبار میں مکیر بن عمی ایل کے ہاں رہتا ہے۔“ داؤد نے اُسے فوراً دربار میں بُلا لیا۔ یونتن کے جس بیٹے کا ذکر ضیبا نے کیا وہ مفی بوست تھا۔ جب اُسے داؤد کے سامنے لایا گیا تو اُس نے منہ کے بل جھک کر اُس کی عزت کی۔ داؤد نے کہا، ”مفی بوست!“ اُس نے جواب دیا، ”جی، آپ کا خادم حاضر ہے۔“ داؤد بولا، ”ڈریں مت۔ آج مَیں آپ کے باپ یونتن کے ساتھ کیا ہوا وعدہ پورا کر کے آپ پر اپنی مہربانی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ اب سنیں! مَیں آپ کو آپ کے دادا ساؤل کی تمام زمینیں واپس کر دیتا ہوں۔ اِس کے علاوہ مَیں چاہتا ہوں کہ آپ روزانہ میرے ساتھ کھانا کھایا کریں۔“ مفی بوست نے دوبارہ جھک کر بادشاہ کی تعظیم کی، ”مَیں کون ہوں کہ آپ مجھ جیسے مُردہ کُتے پر دھیان دے کر ایسی مہربانی فرمائیں!“ داؤد نے ساؤل کے پرانے ملازم ضیبا کو بُلا کر اُسے ہدایت دی، ”مَیں نے آپ کے مالک کے پوتے کو ساؤل اور اُس کے خاندان کی تمام ملکیت دے دی ہے۔ اب آپ کی ذمہ داری یہ ہے کہ آپ اپنے بیٹوں اور نوکروں کے ساتھ اُس کے کھیتوں کو سنبھالیں تاکہ اُس کا خاندان زمینوں کی پیداوار سے گزارہ کر سکے۔ لیکن مفی بوست خود یہاں رہ کر میرے بیٹوں کی طرح میرے ساتھ کھانا کھایا کرے گا۔“ (ضیبا کے 15 بیٹے اور 20 نوکر تھے)۔ ضیبا نے جواب دیا، ”مَیں آپ کی خدمت میں حاضر ہوں۔ جو بھی حکم آپ دیں گے مَیں کرنے کے لئے تیار ہوں۔“ اُس دن سے ضیبا کے گھرانے کے تمام افراد مفی بوست کے ملازم ہو گئے۔ مفی بوست خود جو دونوں ٹانگوں سے مفلوج تھا یروشلم میں رہائش پذیر ہوا اور روزانہ داؤد بادشاہ کے ساتھ کھانا کھاتا رہا۔ اُس کا ایک چھوٹا بیٹا تھا جس کا نام میکا تھا۔
۲-سموئیل 3:9-13 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب بادشاہ نے اُس سے کہا کیا ساؤُل کے گھرانے میں سے کوئی نہیں رہا تاکہ مَیں اُس پر خُدا کی سی مِہربانی کرُوں؟ ضِیبا نے بادشاہ سے کہا یُونتن کا ایک بیٹا رہ گیا ہے جو لنگڑا ہے۔ تب بادشاہ نے اُس سے پُوچھا وہ کہاں ہے؟ ضِیبا نے بادشاہ کو جواب دِیا دیکھ وہ لُود بار میں عمّی ایل کے بیٹے مکِیر کے گھر میں ہے۔ سو داؤُد بادشاہ نے لوگ بھیج کر لُود بار سے عمّی ایل کے بیٹے مکِیر کے گھر سے اُسے بُلوا لِیا۔ اور ساؤُل کے بیٹے یُونتن کا بیٹا مفِیبوؔست داؤُد کے پاس آیا اور اُس نے مُنہ کے بل گِر کر سِجدہ کِیا۔ تب داؤُد نے کہا مفِیبوؔست! اُس نے جواب دِیا تیرا بندہ حاضِر ہے۔ داؤُد نے اُس سے کہا مت ڈر کیونکہ مَیں تیرے باپ یُونتن کی خاطِر ضرُور تُجھ پر مِہربانی کرُوں گا اور تیرے باپ ساؤُل کی ساری زمِین تُجھے پھیر دُوں گا اور تُو ہمیشہ میرے دسترخوان پر کھانا کھایا کر۔ تب اُس نے سِجدہ کِیا اور کہا کہ تیرا بندہ ہے کیا چِیز جو تُو مُجھ جَیسے مَرے کُتّے پر نِگاہ کرے؟ تب بادشاہ نے ساؤُل کے خادِم ضِیبا کو بُلایا اور اُس سے کہا کہ مَیں نے سب کُچھ جو ساؤُل اور اُس کے سارے گھرانے کا تھا تیرے آقا کے بیٹے کو بخش دِیا۔ سو تُو اپنے بیٹوں اور نَوکروں سمیت زمِین کو اُس کی طرف سے جوت کر پَیداوار کو لے آیا کر تاکہ تیرے آقا کے بیٹے کے کھانے کو روٹی ہو پر مفِیبوؔست جو تیرے آقا کا بیٹا ہے میرے دسترخوان پر ہمیشہ کھانا کھائے گا اور ضِیبا کے پندرہ بیٹے اور بِیس نَوکر تھے۔ تب ضِیبا نے بادشاہ سے کہا جو کُچھ میرے مالِک بادشاہ نے اپنے خادِم کو حُکم دِیا ہے تیرا خادِم وَیسا ہی کرے گا۔ پر مفِیبوؔست کے حق میں بادشاہ نے فرمایا کہ وہ میرے دسترخوان پر اِس طرح کھانا کھائے گا کہ گویا وہ بادشاہ زادوں میں سے ایک ہے۔ اور مفِیبوؔست کا ایک چھوٹا بیٹا تھا جِس کا نام مِیکا تھا اور جِتنے ضِیبا کے گھر میں رہتے تھے وہ سب مفِیبوؔست کے خادِم تھے۔ سو مفِیبوؔست یروشلِیم میں رہنے لگا کیونکہ وہ ہمیشہ بادشاہ کے دسترخوان پر کھانا کھاتا تھا اور وہ دونوں پاؤں سے لنگڑا تھا۔