۲-پطرس 1:2-10
۲-پطرس 1:2-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور جِس طرح اُس اُمّت میں جُھوٹے نبی بھی تھے اُسی طرح تُم میں بھی جُھوٹے اُستاد ہوں گے جو پوشِیدہ طَور پر ہلاک کرنے والی بِدعتیں نِکالیں گے اور اُس مالِک کا اِنکار کریں گے جِس نے اُنہیں مول لِیا تھا اور اپنے آپ کو جلد ہلاکت میں ڈالیں گے۔ اور بُہتیرے اُن کی شہوت پرستی کی پَیرَوی کریں گے جِن کے سبب سے راہِ حق کی بدنامی ہو گی۔ اور وہ لالچ سے باتیں بنا کر تُم کو اپنے نفع کا سبب ٹھہرائیں گے اور جو قدِیم سے اُن کی سزا کا حُکم ہو چُکا ہے اُس کے آنے میں کُچھ دیر نہیں اور اُن کی ہلاکت سوتی نہیں۔ کیونکہ جب خُدا نے گُناہ کرنے والے فرِشتوں کو نہ چھوڑا بلکہ جہنّم میں بھیج کر تارِیک غاروں میں ڈال دِیا تاکہ عدالت کے دِن تک حِراست میں رہیں۔ اور نہ پہلی دُنیا کو چھوڑا بلکہ بے دِین دُنیا پر طُوفان بھیج کر راست بازی کے مُنادی کرنے والے نُوح کو مع اَور سات آدمِیوں کے بچا لِیا۔ اور سدُوؔم اور عمُورہ کے شہروں کو خاکِ سِیاہ کر دِیا اور اُنہیں ہلاکت کی سزا دی اور آیندہ زمانہ کے بے دِینوں کے لِئے جایِ عِبرت بنا دِیا۔ اور راست باز لُوط کو جو بے دِینوں کے ناپاک چال چلن سے دِق تھا رِہائی بخشی۔ (چُنانچہ وہ راست باز اُن میں رہ کر اور اُن کے بے شرع کاموں کو دیکھ دیکھ کر اور سُن سُن کر گویا ہر روز اپنے سچّے دِل کو شکنجہ میں کھینچتا تھا)۔ تو خُداوند دِین داروں کو آزمایش سے نِکال لینا اور بدکاروں کو عدالت کے دِن تک سزا میں رکھنا جانتا ہے۔ خصُوصاً اُن کو جو ناپاک خواہِشوں سے جِسم کی پَیروی کرتے ہیں اور حُکُومت کو ناچِیز جانتے ہیں۔ وہ گُستاخ اور خُود رای ہیں اور عِزّؔت داروں پر لَعن طَعن کرنے سے نہیں ڈرتے۔
۲-پطرس 1:2-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جِس طرح بنی اِسرائیلؔ میں جھُوٹے نبی مَوجُود تھے اُسی طرح تمہارے درمیان بھی جھُوٹے اُستاد ہوں گے۔ جو پوشیدہ طور پر ہلاک کرنے والی بدعتیں شروع کریں گے اَور اُس آقا المسیؔح کا بھی اِنکار کریں گے جِس نے اُنہیں قِیمت ادا کر کے چھُڑایا ہے۔ اَیسی باتوں سے یہ لوگ جلد ہی اَپنے اُوپر ہلاکت لائیں گے۔ اَور بہت سے لوگ اُن کی شَہوت پرستی کی پیروی کریں گے جِن کی وجہ سے راہِ حق کی بدنامی ہوگی۔ اَور لالچ کے سبب سے اَیسے اُستاد تُمہیں فرضی قصّے سُنا کر تُم سے ناجائز فائدہ اُٹھائیں گے۔ لیکن اُن پر بہت پہلے ہی سزا کا حُکم ہو چُکاہے اَور اُن کی ہلاکت جلد ہونے والی ہے۔ کیونکہ جَب خُدا نے گُناہ کرنے والے فرشتوں کو نہیں بَخشا بَلکہ جہنّم میں بھیج کر تاریکی کی زنجیروں میں جکڑ دیا تاکہ عدالت کے دِن تک حِراست میں رہیں۔ اَور نہ قدیم زمانے کے لوگوں کو بَخشا، بَلکہ بے دین دُنیا پر سیلاب بھیج کر ہلاک کر دیا اَور صِرف راستبازی کی مُنادی کرنے والے حضرت نُوحؔ اَور سات دیگر اَشخاص کو بچا لیا۔ اَور خُدا نے سدُومؔ اَور عمُورہؔ کے شہروں کو مُجرم قرار دے کر جَلا کر راکھ کر دیا تاکہ آئندہ زمانہ کے بےدینوں کے لیٔے عِبرت ہو کہ اُن کے ساتھ کَیسا سلُوک کیا جایٔےگا۔ اَور خُدا نے راستباز حضرت لُوطؔ کو جو بےدینوں کے ناپاک چال چلن سے تنگ آ چُکے تھے، بچا لیا۔ کیونکہ وہ راستباز شخص اُن کے درمیان رہ کر اُن کے بے شَرع کاموں کو دِن رات دیکھتا اَور سُنتا رہتا تھا اَور اُس کا پاک دل اَندر ہی اَندر سخت تکلیف میں رہتا تھا۔ تو یہ ظاہر ہے کہ خُداوؔند راستبازوں کو آزمائشوں سے بچانا جانتا ہے اَور بدکاروں کو روزِ عدالت تک سزا میں گِرفتار رکھنا بھی جانتا ہے۔ خصوصاً اُن کو جو جِسم کی ناپاک شَہوتوں کے غُلام ہو جاتے ہیں اَور اِختیّار وَالوں کو ناچیز جانتے ہیں۔ یہ لوگ گُستاخ اَور مغروُر ہیں اَور آسمانی مخلُوق پر کُفر بکنے سے نہیں ڈرتے،
۲-پطرس 1:2-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن جس طرح ماضی میں اسرائیل قوم میں جھوٹے نبی بھی تھے، اُسی طرح آپ میں سے بھی جھوٹے اُستاد کھڑے ہو جائیں گے۔ یہ خدا کی جماعتوں میں مہلک تعلیمات پھیلائیں گے بلکہ اپنے مالک کو جاننے سے انکار بھی کریں گے جس نے اُنہیں خرید لیا تھا۔ ایسی حرکتوں سے یہ جلد ہی اپنے آپ پر ہلاکت لائیں گے۔ بہت سے لوگ اُن کی عیاش حرکتوں کی پیروی کریں گے، اور اِس وجہ سے دوسرے سچائی کی راہ پر کفر بکیں گے۔ لالچ کے سبب سے یہ اُستاد آپ کو فرضی کہانیاں سنا کر آپ کی لُوٹ کھسوٹ کریں گے۔ لیکن اللہ نے بڑی دیر سے اُنہیں مجرم ٹھہرایا، اور اُس کا فیصلہ سُست رفتار نہیں ہے۔ ہاں، اُن کا منصف اونگھ نہیں رہا بلکہ اُنہیں ہلاک کرنے کے لئے تیار کھڑا ہے۔ دیکھیں، اللہ نے اُن فرشتوں کو بچنے نہ دیا جنہوں نے گناہ کیا بلکہ اُنہیں تاریکی کی زنجیروں میں باندھ کر جہنم میں ڈال دیا جہاں وہ عدالت کے دن تک محفوظ رہیں گے۔ اِسی طرح اُس نے قدیم دنیا کو بچنے نہ دیا بلکہ اُس کے بےدین باشندوں پر سیلاب کو آنے دیا۔ اُس نے صرف راست بازی کے پیغمبر نوح کو سات اَور جانوں سمیت بچایا۔ اور اُس نے سدوم اور عمورہ کے شہروں کو مجرم قرار دے کر راکھ کر دیا۔ یوں اللہ نے اُنہیں عبرت بنا کر دکھایا کہ بےدینوں کے ساتھ کیا کچھ کیا جائے گا۔ ساتھ ساتھ اُس نے لوط کو بچایا جو راست باز تھا اور بےاصول لوگوں کے گندے چال چلن دیکھ دیکھ کر پِستا رہا۔ کیونکہ یہ راست باز آدمی اُن کے درمیان بستا تھا، اور اُس کی راست باز جان روز بہ روز اُن کی شریر حرکتیں دیکھ اور سن کر سخت عذاب میں پھنسی رہی۔ یوں ظاہر ہے کہ رب دین دار لوگوں کو آزمائش سے بچانا اور بےدینوں کو عدالت کے دن تک سزا کے تحت رکھنا جانتا ہے، خاص کر اُنہیں جو اپنے جسم کی گندی خواہشات کے پیچھے لگے رہتے اور خداوند کے اختیار کو حقیر جانتے ہیں۔ یہ لوگ گستاخ اور مغرور ہیں اور جلالی ہستیوں پر کفر بکنے سے نہیں ڈرتے۔