۲-پطرس 1:1-4
۲-پطرس 1:1-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
شمعُوؔن پطرس کی طرف سے جو یِسُوعؔ مسِیح کا بندہ اور رسُول ہے اُن لوگوں کے نام جنہوں نے ہمارے خُدا اور مُنّجی یِسُوعؔ مسِیح کی راست بازی میں ہمارا سا قِیمتی اِیمان پایا ہے۔ خُدا اور ہمارے خُداوند یِسُوعؔ کی پہچان کے سبب سے فضل اور اِطمِینان تُمہیں زِیادہ ہوتا رہے۔ کیونکہ اُس کی اِلہٰی قُدرت نے وہ سب چِیزیں جو زِندگی اور دِین داری سے مُتعلِّق ہیں ہمیں اُس کی پہچان کے وسِیلہ سے عِنایت کِیں جِسں نے ہم کو اپنے خاص جلال اور نیکی کے ذرِیعہ سے بُلایا۔ جِن کے باعِث اُس نے ہم سے قِیمتی اور نِہایت بڑے وعدے کِئے تاکہ اُن کے وسِیلہ سے تُم اُس خرابی سے چُھوٹ کر جو دُنیا میں بُری خواہِش کے سبب سے ہے ذاتِ اِلہٰی میں شرِیک ہو جاؤ۔
۲-پطرس 1:1-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
شمعُونؔ پطرس کی جانِب سے جو حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا خادِم اَور رسول ہے، اُن لوگوں کے نام خط، جنہوں نے ہمارے خُدا اَور مُنجّی حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی راستبازی کے وسیلہ سے ہماری طرح بیش قیمتی ایمان پایا ہے۔ خُدا باپ اَور ہمارے خُداوؔند عیسیٰ کی پہچان کے سبب سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان کثرت سے حاصل ہوتا رہے۔ خُدا کی الٰہی قُدرت نے ہمیں وہ سَب کچھ عطا کیا ہے جو خُداپرست زندگی کے لیٔے ضروُری ہے، اَور ہمیں یہ سَب کچھ اُن کی پہچان کے وسیلہ سے بَخشا گیا ہے، جِس نے ہمیں اَپنے خاص جلال اَور نیکی کے ذریعہ بُلایا ہے۔ اِنہیں کے ذریعہ خُدا نے ہم سے عظیم اَور بیش قیمتی وعدے کیٔے ہیں تاکہ تُم دُنیا کی بُری خواہِشات سے پیدا ہونے والی خرابی سے آزاد ہوکر ذاتِ الٰہی میں شریک ہو سکو۔
۲-پطرس 1:1-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ خط عیسیٰ مسیح کے خادم اور رسول شمعون پطرس کی طرف سے ہے۔ مَیں اُن سب کو لکھ رہا ہوں جنہیں ہمارے خدا اور نجات دہندہ عیسیٰ مسیح کی راست بازی کے وسیلے سے وہی بیش قیمت ایمان بخشا گیا ہے جو ہمیں بھی ملا۔ خدا کرے کہ آپ اُسے اور ہمارے خداوند عیسیٰ کو جاننے میں ترقی کرتے کرتے کثرت سے فضل اور سلامتی پاتے جائیں۔ اللہ نے اپنی الٰہی قدرت سے ہمیں وہ سب کچھ عطا کیا ہے جو خدا ترس زندگی گزارنے کے لئے ضروری ہے۔ اور ہمیں یہ اُسے جان لینے سے حاصل ہوا ہے۔ کیونکہ اُس نے ہمیں اپنے ذاتی جلال اور قدرت کے ذریعے بُلایا ہے۔ اِس جلال اور قدرت سے اُس نے ہمیں وہ عظیم اور بیش قیمت چیزیں دی ہیں جن کا وعدہ اُس نے کیا تھا۔ کیونکہ وہ چاہتا تھا کہ آپ اِن سے دنیا کی بُری خواہشات سے پیدا ہونے والے فساد سے بچ کر اُس کی الٰہی ذات میں شریک ہو جائیں۔