۲-پطرس 1:1-21
۲-پطرس 1:1-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
شمعُونؔ پطرس کی جانِب سے جو حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا خادِم اَور رسول ہے، اُن لوگوں کے نام خط، جنہوں نے ہمارے خُدا اَور مُنجّی حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی راستبازی کے وسیلہ سے ہماری طرح بیش قیمتی ایمان پایا ہے۔ خُدا باپ اَور ہمارے خُداوؔند عیسیٰ کی پہچان کے سبب سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان کثرت سے حاصل ہوتا رہے۔ خُدا کی الٰہی قُدرت نے ہمیں وہ سَب کچھ عطا کیا ہے جو خُداپرست زندگی کے لیٔے ضروُری ہے، اَور ہمیں یہ سَب کچھ اُن کی پہچان کے وسیلہ سے بَخشا گیا ہے، جِس نے ہمیں اَپنے خاص جلال اَور نیکی کے ذریعہ بُلایا ہے۔ اِنہیں کے ذریعہ خُدا نے ہم سے عظیم اَور بیش قیمتی وعدے کیٔے ہیں تاکہ تُم دُنیا کی بُری خواہِشات سے پیدا ہونے والی خرابی سے آزاد ہوکر ذاتِ الٰہی میں شریک ہو سکو۔ لہٰذا ہر ممکن کوشش کرو کہ تمہارے ایمان میں اَخلاق کا، اَخلاق میں علم کا، علم میں پرہیزگاری کا، پرہیزگاری میں صبر کا، صبر میں خُدا پرستی کا، خُدا پرستی میں برادرانہ اُلفت کا اَور برادرانہ اُلفت میں مَحَبّت کا اِضافہ کرتے چلے جاؤ۔ کیونکہ اگر یہ خُوبیاں تمہارے اَندر مَوجُود ہیں اَور اِن میں اِضافہ ہوتا جا رہا ہے تو تُم ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے مُکمّل علم میں بیکار اَور بے پھل نہیں ہو گے۔ لیکن جِس میں یہ خُوبیاں مَوجُود نہیں ہیں وہ اَندھا یا کوتاہ نظر والا ہے اَور بھُول بیَٹھا ہے کہ اُس کے پِچھلے گُناہوں سے اُسے پاک صَاف کیا جاچُکا ہے۔ چنانچہ اَے بھائیوں اَور بہنوں! اَپنے بُلائے جانے اَور مُنتخب کیٔے جانے کو ثابت کرنے کے لیٔے پُوری کوشش کرتے رہو، کیونکہ اگر اَیسا کرو گے تو کبھی ٹھوکر نہ کھاؤگے۔ بَلکہ اِس سے تُم ہمارے خُداوؔند اَور مُنجّی حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی اَبدی بادشاہی میں بڑی عزّت کے ساتھ داخل کیٔے جاؤگے۔ اِس لیٔے میں تُمہیں ہمیشہ اِن باتوں کو یاد دلاتا رہُوں گا، حالانکہ تُم اِن سے واقف ہو اَور مضبُوطی سے اُس حق پر قائِم ہو، جو تُمہیں حاصل ہے۔ بَلکہ میں اَپنا فرض سمجھتا ہُوں کہ جَب تک میں اِس جِسمانی خیمہ میں زندہ ہُوں، اِن باتوں کو یاد دلا دلا کر تُمہیں اُبھارنا واجب سمجھتا ہُوں، کیونکہ ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے قول کے مُطابق، میں جانتا ہُوں کہ میرے جِسمانی خیمہ کے گِرائے جانے کا وقت جلد آنے والا ہے۔ لہٰذا میں پُوری کوشش کروں گا کہ میرے اِنتقال کے بعد بھی تُم اِن باتوں کو ہمیشہ یاد رکھ سکو۔ کیونکہ جَب ہم نے اَپنے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی قُدرت اَور اُن کی آمد کے بارے میں تُمہیں واقف کیا تھا، تو دغابازی سے گڑھے ہویٔے قِصّوں کا سہارا نہیں لیا تھا بَلکہ ہم نے اُن کی عظمت کو خُود اَپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔ جَب المسیؔح نے خُدا باپ سے عزّت اَور جلال پایا اَور اُس افضل جلال میں سے حُضُور کے لیٔے یہ آواز آئی، ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے، جِس سے میں مَحَبّت رکھتا ہُوں اَور جِس سے میں بہت خُوش ہُوں۔“ اَور جَب ہم حُضُور کے ساتھ اُس مُقدّس پہاڑ پر مَوجُود تھے تو ہم نے خُود یہ آواز آسمان سے آتی ہُوئی سُنی تھی۔ اَور اُس تجربہ سے زِیادہ ہمارے پاس نَبیوں کا وہ کلام ہے جو بڑا مُعتبر ہے اَور تُم اَچھّا کرتے ہو جو یہ سمجھ کر اُس پر غور کرتے رہتے ہو کہ وہ ایک چراغ ہے جو تاریکی میں رَوشنی دیتاہے جَب تک صُبح نہ ہو اَور صُبح کا سِتارا المسیؔح تمہارے دلوں میں چمکنے نہ لگے۔ مگر سَب سے پہلے یہ جان لو کہ کِتاب مُقدّس کی کویٔی بھی نبُوّت کی بات کی تفسیر اَپنے ذاتی طور پر نہیں کر سَکتا۔ کیونکہ نبُوّت کی کویٔی بھی بات اِنسان کی اَپنی خواہش سے کبھی نہیں ہُوئی بَلکہ لوگ پاک رُوح کے اِلہام سے خُدا کی طرف سے بولتے تھے۔
۲-پطرس 1:1-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ خط عیسیٰ مسیح کے خادم اور رسول شمعون پطرس کی طرف سے ہے۔ مَیں اُن سب کو لکھ رہا ہوں جنہیں ہمارے خدا اور نجات دہندہ عیسیٰ مسیح کی راست بازی کے وسیلے سے وہی بیش قیمت ایمان بخشا گیا ہے جو ہمیں بھی ملا۔ خدا کرے کہ آپ اُسے اور ہمارے خداوند عیسیٰ کو جاننے میں ترقی کرتے کرتے کثرت سے فضل اور سلامتی پاتے جائیں۔ اللہ نے اپنی الٰہی قدرت سے ہمیں وہ سب کچھ عطا کیا ہے جو خدا ترس زندگی گزارنے کے لئے ضروری ہے۔ اور ہمیں یہ اُسے جان لینے سے حاصل ہوا ہے۔ کیونکہ اُس نے ہمیں اپنے ذاتی جلال اور قدرت کے ذریعے بُلایا ہے۔ اِس جلال اور قدرت سے اُس نے ہمیں وہ عظیم اور بیش قیمت چیزیں دی ہیں جن کا وعدہ اُس نے کیا تھا۔ کیونکہ وہ چاہتا تھا کہ آپ اِن سے دنیا کی بُری خواہشات سے پیدا ہونے والے فساد سے بچ کر اُس کی الٰہی ذات میں شریک ہو جائیں۔ یہ سب کچھ پیشِ نظر رکھ کر پوری لگن سے کوشش کریں کہ آپ کے ایمان سے اخلاق پیدا ہو جائے، اخلاق سے علم، علم سے ضبطِ نفس، ضبطِ نفس سے ثابت قدمی، ثابت قدمی سے خدا ترس زندگی، خدا ترس زندگی سے برادرانہ شفقت اور برادرانہ شفقت سے سب کے لئے محبت۔ کیونکہ جتنا ہی آپ اِن خوبیوں میں بڑھتے جائیں گے اُتنا ہی یہ آپ کو اِس سے محفوظ رکھیں گی کہ آپ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کو جاننے میں سُست اور بےپھل رہیں۔ لیکن جس میں یہ خوبیاں نہیں ہیں اُس کی نظر اِتنی کمزور ہے کہ وہ اندھا ہے۔ وہ بھول گیا ہے کہ اُسے اُس کے گزرے گناہوں سے پاک صاف کیا گیا ہے۔ چنانچہ بھائیو، مزید لگن سے اپنے بُلاوے اور چناؤ کی تصدیق کرنے میں کوشاں رہیں۔ کیونکہ یہ کرنے سے آپ گر جانے سے بچیں گے اور اللہ بڑی خوشی سے آپ کو ہمارے خداوند اور نجات دہندہ عیسیٰ مسیح کی بادشاہی میں داخل ہونے کی اجازت دے گا۔ اِس لئے مَیں ہمیشہ آپ کو اِن باتوں کی یاد دلاتا رہوں گا، حالانکہ آپ اِن سے واقف ہیں اور مضبوطی سے اُس سچائی پر قائم ہیں جو آپ کو ملی ہے۔ بلکہ مَیں اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ جتنی اَور دیر مَیں جسم کی اِس جھونپڑی میں رہتا ہوں آپ کو اِن باتوں کی یاد دلانے سے اُبھارتا رہوں۔ کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ اب میری یہ جھونپڑی جلد ہی ڈھا دی جائے گی۔ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح نے بھی مجھ پر یہ ظاہر کیا تھا۔ لیکن مَیں پوری کوشش کروں گا کہ میرے کوچ کر جانے کے بعد بھی آپ ہر وقت اِن باتوں کو یاد رکھ سکیں۔ کیونکہ جب ہم نے آپ کو اپنے اور آپ کے خداوند مسیح کی قدرت اور آمد کے بارے میں بتایا تو ہم چالاکی سے گھڑے قصے کہانیوں پر انحصار نہیں کر رہے تھے بلکہ ہم نے یہ گواہوں کی حیثیت سے بتایا۔ کیونکہ ہم نے اپنی ہی آنکھوں سے اُس کی عظمت دیکھی تھی۔ ہم موجود تھے جب اُسے خدا باپ سے عزت و جلال ملا، جب ایک آواز نے اللہ کی پُرجلال شان سے آ کر کہا، ”یہ میرا پیارا فرزند ہے جس سے مَیں خوش ہوں۔“ جب ہم اُس کے ساتھ مُقدّس پہاڑ پر تھے تو ہم نے خود یہ آواز آسمان سے آتی سنی۔ اِس تجربے کی بنا پر ہمارا نبیوں کے پیغام پر اعتماد زیادہ مضبوط ہے۔ آپ اچھا کریں گے اگر اِس پر خوب دھیان دیں۔ کیونکہ یہ کسی تاریک جگہ میں روشنی کی مانند ہے جو اُس وقت تک چمکتی رہے گی جب تک پَو پھٹ کر صبح کا ستارہ آپ کے دلوں میں طلوع نہ ہو جائے۔ سب سے بڑھ کر آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کلامِ مُقدّس کی کوئی بھی پیش گوئی نبی کی اپنی ہی تفسیر سے پیدا نہیں ہوتی۔ کیونکہ کوئی بھی پیش گوئی کبھی بھی انسان کی تحریک سے وجود میں نہیں آئی بلکہ پیش گوئی کرتے وقت انسانوں نے روح القدس سے تحریک پا کر اللہ کی طرف سے بات کی۔
۲-پطرس 1:1-21 کِتابِ مُقادّس (URD)
شمعُوؔن پطرس کی طرف سے جو یِسُوعؔ مسِیح کا بندہ اور رسُول ہے اُن لوگوں کے نام جنہوں نے ہمارے خُدا اور مُنّجی یِسُوعؔ مسِیح کی راست بازی میں ہمارا سا قِیمتی اِیمان پایا ہے۔ خُدا اور ہمارے خُداوند یِسُوعؔ کی پہچان کے سبب سے فضل اور اِطمِینان تُمہیں زِیادہ ہوتا رہے۔ کیونکہ اُس کی اِلہٰی قُدرت نے وہ سب چِیزیں جو زِندگی اور دِین داری سے مُتعلِّق ہیں ہمیں اُس کی پہچان کے وسِیلہ سے عِنایت کِیں جِسں نے ہم کو اپنے خاص جلال اور نیکی کے ذرِیعہ سے بُلایا۔ جِن کے باعِث اُس نے ہم سے قِیمتی اور نِہایت بڑے وعدے کِئے تاکہ اُن کے وسِیلہ سے تُم اُس خرابی سے چُھوٹ کر جو دُنیا میں بُری خواہِش کے سبب سے ہے ذاتِ اِلہٰی میں شرِیک ہو جاؤ۔ پس اِسی باعِث تُم اپنی طرف سے کمال کوشِش کر کے اپنے اِیمان پر نیکی اور نیکی پر معرفت۔ اور معرفت پر پرہیزگاری اور پرہیزگاری پر صبر اور صبر پر دِین داری۔ اور دِین داری پر برادرانہ اُلفت اور برادرانہ اُلفت پر مُحبّت بڑھاؤ۔ کیونکہ اگر یہ باتیں تُم میں مَوجُود ہوں اور زِیادہ بھی ہوتی جائیں تو تُم کو ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے پہچاننے میں بے کار اور بے پَھل نہ ہونے دیں گی۔ اور جِس میں یہ باتیں نہ ہوں وہ اندھا ہے اور کوتاہ نظر اور اپنے پہلے گُناہوں کے دھوئے جانے کو بُھولے بَیٹھا ہے۔ پس اَے بھائِیو! اپنے بُلاوے اور برگُزِیدگی کو ثابِت کرنے کی زِیادہ کوشِش کرو کیونکہ اگر اَیسا کرو گے تو کبھی ٹھوکر نہ کھاؤ گے۔ بلکہ اِس سے تُم ہمارے خُداوند اور مُنّجی یِسُوعؔ مسِیح کی ابدی بادشاہی میں بڑی عِزّت کے ساتھ داخِل کِئے جاؤ گے۔ اِس لِئے مَیں تُمہیں یہ باتیں یاد دِلانے کو ہمیشہ مُستعِد رہُوں گا اگرچہ تُم اُن سے واقِف اور اُس حق بات پر قائِم ہو جو تُمہیں حاصِل ہے۔ اور جب تک مَیں اِس خَیمہ میں ہُوں تُمہیں یاد دِلا دِلا کر اُبھارنا اپنے اُوپر واجِب سمجھتا ہُوں۔ کیونکہ ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے بتانے کے مُوافِق مُجھے معلُوم ہے کہ میرے خَیمہ کے گِرائے جانے کا وقت جلد آنے والا ہے۔ پس مَیں اَیسی کوشِش کرُوں گا کہ میرے اِنتِقال کے بعد تُم اِن باتوں کو ہمیشہ یاد رکھ سکو۔ کیونکہ جب ہم نے تُمہیں اپنے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کی قُدرت اور آمد سے واقِف کِیا تھا تو دغابازی کی گھڑی ہُوئی کہانِیوں کی پَیروی نہیں کی تھی بلکہ خُود اُس کی عظمت کو دیکھا تھا۔ کہ اُس نے خُدا باپ سے اُس وقت عِزّت اور جلال پایا جب اُس افضل جلال میں سے اُسے یہ آواز آئی کہ یہ میرا پِیارا بیٹا ہے جِس سے مَیں خُوش ہُوں۔ اور جب ہم اُس کے ساتھ مُقدّس پہاڑ پر تھے تو آسمان سے یِہی آواز آتی سُنی۔ اور ہمارے پاس نبِیوں کا وہ کلام ہے جو زِیادہ مُعتبر ٹھہرا اور تُم اچّھا کرتے ہو جو یہ سمجھ کر اُس پر غَور کرتے ہو کہ وہ ایک چراغ ہے جو اندھیری جگہ میں رَوشنی بخشتا ہے جب تک پَو نہ پھٹے اور صُبح کا سِتارہ تُمہارے دِلوں میں نہ چمکے۔ اور پہلے یہ جان لو کہ کِتابِ مُقدّس کی کِسی نبُوّت کی بات کی تاوِیل کِسی کے ذاتی اِختیار پر مَوقُوف نہیں۔ کیونکہ نبُوّت کی کوئی بات آدمی کی خواہِش سے کبھی نہیں ہُوئی بلکہ آدمی رُوحُ القُدس کی تحرِیک کے سبب سے خُدا کی طرف سے بولتے تھے۔