YouVersion Logo
تلاش

۲-سلاطِین 1:13-19

۲-سلاطِین 1:13-19 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہوآخز بن یاہو یہوداہ کے بادشاہ یوآس بن اخزیاہ کی حکومت کے 23ویں سال میں اسرائیل کا بادشاہ بنا۔ اُس کی حکومت کا دورانیہ 17 سال تھا، اور اُس کا دار الحکومت سامریہ رہا۔ اُس کا چال چلن رب کو ناپسند تھا، کیونکہ وہ بھی یرُبعام بن نباط کے بُرے نمونے پر چلتا رہا۔ اُس نے وہ گناہ جاری رکھے جو کرنے پر یرُبعام نے اسرائیل کو اُکسایا تھا۔ اُس بُت پرستی سے وہ کبھی باز نہ آیا۔ اِس وجہ سے رب اسرائیل سے بہت ناراض ہوا، اور وہ شام کے بادشاہ حزائیل اور اُس کے بیٹے بن ہدد کے وسیلے سے اُنہیں بار بار دباتا رہا۔ لیکن پھر یہوآخز نے رب کا غضب ٹھنڈا کیا، اور رب نے اُس کی منتیں سنیں، کیونکہ اُسے معلوم تھا کہ شام کا بادشاہ اسرائیل پر کتنا ظلم کر رہا ہے۔ رب نے کسی کو بھیج دیا جس نے اُنہیں شام کے ظلم سے آزاد کروایا۔ اِس کے بعد وہ پہلے کی طرح سکون کے ساتھ اپنے گھروں میں رہ سکتے تھے۔ توبھی وہ اُن گناہوں سے باز نہ آئے جو کرنے پر یرُبعام نے اُنہیں اُکسایا تھا بلکہ اُن کی یہ بُت پرستی جاری رہی۔ یسیرت دیوی کا بُت بھی سامریہ سے ہٹایا نہ گیا۔ آخر میں یہوآخز کے صرف 50 گھڑسوار، 10 رتھ اور 10,000 پیادہ سپاہی رہ گئے۔ فوج کا باقی حصہ شام کے بادشاہ نے تباہ کر دیا تھا۔ اُس نے اسرائیلی فوجیوں کو کچل کر یوں اُڑا دیا تھا جس طرح دُھول اناج کو گاہتے وقت اُڑ جاتی ہے۔ باقی جو کچھ یہوآخز کی حکومت کے دوران ہوا، جو کچھ اُس نے کیا اور جو کامیابیاں اُسے حاصل ہوئیں وہ ’شاہانِ اسرائیل کی تاریخ‘ کی کتاب میں بیان کی گئی ہیں۔ جب وہ مر کر اپنے باپ دادا سے جا ملا تو اُسے سامریہ میں دفنایا گیا۔ پھر اُس کا بیٹا یہوآس تخت نشین ہوا۔ یہوآس بن یہوآخز یہوداہ کے بادشاہ یوآس کی حکومت کے 37ویں سال میں اسرائیل کا بادشاہ بنا۔ یہوآس کا چال چلن رب کو ناپسند تھا۔ وہ اُن گناہوں سے باز نہ آیا جو کرنے پر یرُبعام بن نباط نے اسرائیل کو اُکسایا تھا بلکہ یہ بُت پرستی جاری رہی۔ باقی جو کچھ یہوآس کی حکومت کے دوران ہوا، جو کچھ اُس نے کیا اور جو کامیابیاں اُسے حاصل ہوئیں وہ ’شاہانِ اسرائیل کی تاریخ‘ کی کتاب میں درج ہیں۔ اُس میں اُس کی یہوداہ کے بادشاہ اَمَصیاہ کے ساتھ جنگ کا ذکر بھی ہے۔ جب یہوآس مر کر اپنے باپ دادا سے جا ملا تو اُسے سامریہ میں شاہی قبر میں دفنایا گیا۔ پھر یرُبعام دوم تخت پر بیٹھ گیا۔ یہوآس کے دورِ حکومت میں الیشع شدید بیمار ہو گیا۔ جب وہ مرنے کو تھا تو اسرائیل کا بادشاہ یہوآس اُس سے ملنے گیا۔ اُس کے اوپر جھک کر وہ خوب رو پڑا اور چلّایا، ”ہائے، میرے باپ، میرے باپ۔ اسرائیل کے رتھ اور اُس کے گھوڑے!“ الیشع نے اُسے حکم دیا، ”ایک کمان اور کچھ تیر لے آئیں۔“ بادشاہ کمان اور تیر الیشع کے پاس لے آیا۔ پھر الیشع بولا، ”کمان کو پکڑیں۔“ جب بادشاہ نے کمان کو پکڑ لیا تو الیشع نے اپنے ہاتھ اُس کے ہاتھوں پر رکھ دیئے۔ پھر اُس نے حکم دیا، ”مشرقی کھڑکی کو کھول دیں۔“ بادشاہ نے اُسے کھول دیا۔ الیشع نے کہا، ”تیر چلائیں!“ بادشاہ نے تیر چلایا۔ الیشع پکارا، ”یہ رب کا فتح دلانے والا تیر ہے، شام پر فتح کا تیر! آپ افیق کے پاس شام کی فوج کو مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔“ پھر اُس نے بادشاہ کو حکم دیا، ”اب باقی تیروں کو پکڑیں۔“ بادشاہ نے اُنہیں پکڑ لیا۔ پھر الیشع بولا، ”اِن کو زمین پر پٹخ دیں۔“ بادشاہ نے تین مرتبہ تیروں کو زمین پر پٹخ دیا اور پھر رُک گیا۔ یہ دیکھ کرمردِ خدا غصے ہو گیا اور بولا، ”آپ کو تیروں کو پانچ یا چھ مرتبہ زمین پر پٹخنا چاہئے تھا۔ اگر ایسا کرتے تو شام کی فوج کو شکست دے کر مکمل طور پر تباہ کر دیتے۔ لیکن اب آپ اُسے صرف تین مرتبہ شکست دیں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-سلاطِین 13

۲-سلاطِین 1:13-19 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور شاہِ یہُوداؔہ اخزیاؔہ کے بیٹے یُوآؔس کے تیئِیسویں برس سے یاہُو کا بیٹا یہُوآؔخز سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے سترہ برس سلطنت کی۔ اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں کی پَیروی کی جِن سے اُس نے بنی اِسرائیل سے گُناہ کرایا۔ اُس نے اُن سے کنارہ نہ کِیا۔ اور خُداوند کا غُصّہ بنی اِسرائیل پر بھڑکا اور اُس نے اُن کو بار بار شاہِ اراؔم حزاؔئیل اور حزاؔئیل کے بیٹے بِن ہدد کے قابُو میں کر دِیا۔ اور یہُوآؔخز خُداوند کے حضُور گِڑگِڑایا اور خُداوند نے اُس کی سُنی کیونکہ اُس نے اِسرائیلؔ کی مظلُومی کو دیکھا کہ اراؔم کا بادشاہ اُن پر کَیسا ظُلم کرتا ہے۔ (اور خُداوند نے بنی اِسرائیل کو ایک نجات دینے والا عِنایت کِیا۔ سو وہ ارامیوں کے ہاتھ سے نِکل گئے اور بنی اِسرائیل پہلے کی طرح اپنے ڈیروں میں رہنے لگے۔ تَو بھی اُنہوں نے یرُبعاؔم کے گھرانے کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے بنی اِسرائیل سے گُناہ کرایا کنارہ کشی نہ کی بلکہ اُن ہی پر چلتے رہے اور یسِیرت بھی سامرِؔیہ میں رہی)۔ اور اُس نے یہُوآؔخز کے لِئے لوگوں میں سے صِرف پچاس سوار اور دس رتھ اور دس ہزار پِیادے چھوڑے اِس لِئے کہ اراؔم کے بادشاہ نے اُن کو تباہ کر ڈالا اور رَوند رَوند کر خاک کی مانِند کر دِیا۔ اور یہُوآؔخز کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اور اُس کی قُوّت سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ اور یہُوآؔخز اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُنہوں نے اُسے سامرؔیہ میں دفن کِیا اور اُس کا بیٹا یہُوآؔس اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔ اور شاہِ یہُوداؔہ یُوآؔس کے سَینتِیسویں برس یہُوآؔخز کا بیٹا یہُوآؔس سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے سولہ برس سلطنت کی۔ اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا باز نہ آیا بلکہ اُن ہی پر چلتا رہا۔ اور یہُوآؔس کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اور اُس کی قُوّت جِس سے وہ شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ سے لڑا سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ اور یہُوآؔس اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور یرُبعاؔم اُس کے تخت پر بَیٹھا اور یہُوآؔس سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کے ساتھ دفن ہُؤا۔ اور الِیشع کو وہ مرض لگا جِس سے وہ مَر گیا اور شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔس اُس کے پاس گیا اور اُس کے اُوپر رو کر کہنے لگا اَے میرے باپ! اَے میرے باپ! اِسرائیلؔ کے رتھ اور اُس کے سوار! اور الِیشع نے اُس سے کہا تِیر و کمان لے لے۔ سو اُس نے اپنے لِئے تِیر و کمان لے لِیا۔ پِھر اُس نے شاہِ اِسرائیلؔ سے کہا کمان پر اپنا ہاتھ رکھ۔ سو اُس نے اپنا ہاتھ اُس پر رکھّا اور الِیشع نے بادشاہ کے ہاتھوں پر اپنے ہاتھ رکھّے۔ اور کہا مشرِق کی طرف کی کِھڑکی کھول۔ سو اُس نے اُسے کھولا۔ تب الِیشع نے کہا کہ تِیر چلا۔ سو اُس نے چلایا۔ تب وہ کہنے لگا یہ فتح کا تِیر خُداوند کا یعنی اراؔم پر فتح پانے کا تِیر ہے کیونکہ تُو افِیق میں ارامیوں کو مارے گا یہاں تک کہ اُن کو نابُود کر دے گا۔ پِھر اُس نے کہا تِیروں کو لے۔ سو اُس نے اُن کو لِیا۔ پِھر اُس نے شاہِ اِسرائیلؔ سے کہا زمِین پر مار۔ سو اُس نے تِین بار مارا اور ٹھہر گیا۔ تب مَردِ خُدا اُس پر غُصّہ ہُؤا اور کہنے لگا کہ تُجھے پانچ یا چھ بار مارنا چاہِئے تھا۔ تب تُو ارامیوں کو اِتنا مارتا کہ اُن کو نابُود کر دیتا پر اب تُو ارامیوں کو فقط تِین بار مارے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-سلاطِین 13