YouVersion Logo
تلاش

۲-یوحنا 1:1-13

۲-یوحنا 1:1-13 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

بُزرگ حضرت یُوحنّؔا کی جانِب سے، اُس برگُزیدہ خاتُون اَور اُس کے فرزندوں کے نام خط جِن سے میں سچّی مَحَبّت رکھتا ہوں اَور نہ صِرف میں بَلکہ وہ سَب مُومِنِین کو بھی جو حق سے واقف ہیں۔ اَور یہ مَحَبّت اُس سچّائی کے سبب سے ہے جو ہمارے اَندر رہتاہے اَور ہمیشہ تک ہمارے ساتھ رہے گا۔ خُدا باپ اَور خُدا کے بیٹے حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے فضل، رحم اَور اِطمینان، سچّائی اَور مَحَبّت میں ہمارے ساتھ قائِم رہے گی۔ مُجھے بڑی خُوشی ہُوئی، جَب مُجھے پتا چَلا کہ تیرے کچھ فرزند اُس حُکم کے مُطابق سچّائی پر عَمل کر رہے ہیں جو ہمیں باپ کی طرف سے مِلا ہے۔ اَور اَب اَے عزیزہ خاتُون! میں تُجھے کویٔی نیا حُکم نہیں بَلکہ صِرف وُہی جو شروع سے ہی ہمارے پاس ہے، لِکھ رہا ہُوں اَور تُم سے مِنّت کرتا ہُوں کہ ہم ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھیں۔ اَور مَحَبّت اِس میں ہے کہ ہم خُدا کے حُکموں پر فرمانبرداری سے چلیں۔ یہ وُہی حُکم ہے جو تُم نے شروع سے سُنا ہے کہ تُم مَحَبّت سے زندگی بسر کرو۔ کیونکہ بہت سے اَیسے گُمراہ کرنے والے دُنیا میں نِکل چُکے ہیں جو یہ نہیں مانتے ہیں کہ حُضُور عیسیٰ المسیؔح مُجسّم ہوکر آئے ہیں، اَیسا ہر شخص گُمراہ کرنے والا اَور مُخالف المسیؔح یعنی دَجّال ہے۔ خبردار رہو کہ جو محنت ہم نے کی ہے وہ تمہارے سبب سے ضائع نہ ہو جائے بَلکہ تُمہیں اُس کا مُکمّل اجر ملے۔ جو کویٔی بھٹک کر آگے بڑھ جاتا ہے اَور المسیؔح کی تعلیم پر قائِم نہیں رہتاہے، اُس میں خُدا نہیں ہے۔ اَورجو اُس کی تعلیم پر قائِم رہتاہے تو اُس کے پاس باپ اَور بیٹا دونوں ہیں۔ اگر کویٔی تمہارے پاس آئے مگر یہ تعلیم نہ دے تو اُسے گھر میں داخل مت ہونے دینا اَور نہ ہی اُسے سلام کرنا۔ کیونکہ جو کویٔی اَیسے شخص کا خیرمقدم کرتا ہے وہ اُن کے بُرے کاموں میں شریک ہوتاہے۔ مُجھے بہت سِی باتیں تُم کو لِکھنا ہیں، مگر میں اُنہیں کاغذ پر روشنائی سے لِکھنا نہیں چاہتا؛ بَلکہ اُمّید رکھتا ہُوں کہ تمہارے پاس آکر رُوبرُو مُلاقات اَور گُفتگو کروں تاکہ ہماری خُوشی مُکمّل ہو جائے۔ تیری برگُزیدہ بہن کے فرزند یعنی جماعت کے مُومِنِین تُجھے سلام کہتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-یوحنا 1

۲-یوحنا 1:1-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ خط بزرگ یوحنا کی طرف سے ہے۔ مَیں چنیدہ خاتون اور اُس کے بچوں کو لکھ رہا ہوں جنہیں مَیں سچائی سے پیار کرتا ہوں، اور نہ صرف مَیں بلکہ سب جو سچائی کو جانتے ہیں۔ کیونکہ سچائی ہم میں رہتی ہے اور ابد تک ہمارے ساتھ رہے گی۔ خدا باپ اور باپ کا فرزند عیسیٰ مسیح ہمیں فضل، رحم اور سلامتی عطا کرے۔ اور یہ چیزیں سچائی اور محبت کی روح میں ہمیں حاصل ہوں۔ مَیں نہایت ہی خوش ہوا کہ مَیں نے آپ کے بچوں میں سے بعض ایسے پائے جو اُسی طرح سچائی میں چلتے ہیں جس طرح خدا باپ نے ہمیں حکم دیا تھا۔ اور اب عزیز خاتون، مَیں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آئیں، ہم سب ایک دوسرے سے محبت رکھیں۔ یہ کوئی نیا حکم نہیں ہے جو مَیں آپ کو لکھ رہا ہوں بلکہ وہی جو ہمیں شروع ہی سے ملا ہے۔ محبت کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُس کے احکام کے مطابق زندگی گزاریں۔ جس طرح آپ نے شروع ہی سے سنا ہے، اُس کا حکم یہ ہے کہ آپ محبت کی روح میں چلیں۔ کیونکہ بہت سے ایسے لوگ دنیا میں نکل کھڑے ہوئے ہیں جو آپ کو صحیح راہ سے ہٹانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ یہ لوگ نہیں مانتے کہ عیسیٰ مسیح مجسم ہو کر آیا ہے۔ ہر ایسا شخص فریب دینے والا اور مخالفِ مسیح ہے۔ چنانچہ خبردار رہیں۔ ایسا نہ ہو کہ آپ نے جو کچھ محنت کر کے حاصل کیا ہے وہ جاتا رہے بلکہ خدا کرے کہ آپ کو اِس کا پورا اجر مل جائے۔ جو بھی مسیح کی تعلیم پر قائم نہیں رہتا بلکہ اِس سے آگے نکل جاتا ہے اُس کے پاس اللہ نہیں۔ جو مسیح کی تعلیم پر قائم رہتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے اور فرزند بھی۔ چنانچہ اگر کوئی آپ کے پاس آ کر یہ تعلیم پیش نہیں کرتا تو نہ اُسے اپنے گھروں میں آنے دیں، نہ اُس کو سلام کریں۔ کیونکہ جو اُس کے لئے سلامتی کی دعا کرتا ہے وہ اُس کے شریر کاموں میں شریک ہو جاتا ہے۔ مَیں آپ کو بہت کچھ بتانا چاہتا ہوں، لیکن کاغذ اور سیاہی کے ذریعے نہیں۔ اِس کے بجائے مَیں آپ سے ملنے اور آپ کے رُوبرُو بات کرنے کی اُمید رکھتا ہوں۔ پھر ہماری خوشی مکمل ہو جائے گی۔ آپ کی چنیدہ بہن کے بچے آپ کو سلام کہتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-یوحنا 1

۲-یوحنا 1:1-13 کِتابِ مُقادّس (URD)

مُجھ بزُرگ کی طرف سے اُس برگُزِیدہ بی بی اور اُس کے فرزندوں کے نام جِن سے مَیں اُس سچّائی کے سبب سے سچّی مُحبّت رکھتا ہُوں جو ہم میں قائِم رہتی ہے اور ابد تک ہمارے ساتھ رہے گی۔ اور صِرف مَیں ہی نہیں بلکہ وہ سب بھی مُحبّت رکھتے ہیں جو حق سے واقِف ہیں۔ خُدا باپ اور باپ کے بیٹے یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے فضل اور رَحم اور اِطمِینان۔ سچّائی اور مُحبّت سمیت۔ ہمارے شامِلِ حال رہیں گے۔ مَیں بُہت خُوش ہُؤا کہ مَیں نے تیرے بعض لڑکوں کو اُس حُکم کے مُطابِق جو ہمیں باپ کی طرف سے مِلا تھا حقِیقت میں چلتے ہُوئے پایا۔ اب اَے بی بی مَیں تُجھے کوئی نیا حُکم نہیں بلکہ وُہی جو شرُوع سے ہمارے پاس ہے لِکھتا اور تُجھ سے مِنّت کر کے کہتا ہُوں کہ آؤ ہم ایک دُوسرے سے مُحبّت رکھّیں۔ اور مُحبّت یہ ہے کہ ہم اُس کے حُکموں پر چلیں۔ یہ وُہی حُکم ہے جو تُم نے شرُوع سے سُنا ہے کہ تُمہیں اِس پر چلنا چاہئے۔ کیونکہ بُہت سے اَیسے گُمراہ کرنے والے دُنیا میں نِکل کھڑے ہُوئے ہیں جو یِسُوع مسِیح کے مُجسّم ہو کر آنے کا اِقرار نہیں کرتے۔ گُمراہ کرنے والا اور مُخالِفِ مسِیح یِہی ہے۔ اپنی بابت خبردار رہو تاکہ جو مِحنت ہم نے کی ہے وہ تُمہارے سبب سے ضائع نہ ہو جائے بلکہ تُم کو پُورا اَجر مِلے۔ جو کوئی آگے بڑھ جاتا ہے اور مسِیح کی تعلِیم پر قائِم نہیں رہتا اُس کے پاس خُدا نہیں۔ جو اُس تعلِیم پر قائِم رہتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے اور بیٹا بھی۔ اگر کوئی تُمہارے پاس آئے اور یہ تعلِیم نہ دے تو نہ اُسے گھر میں آنے دو اور نہ سلام کرو۔ کیونکہ جو کوئی اَیسے شخص کو سلام کرتا ہے وہ اُس کے بُرے کاموں میں شرِیک ہوتا ہے۔ مُجھے بُہت سی باتیں تُم کو لِکھنا ہے مگر کاغذ اور سِیاہی سے لِکھنا نہیں چاہتا بلکہ تُمہارے پاس آنے اور رُوبرُو بات چِیت کرنے کی اُمّید رکھتا ہُوں تاکہ تُمہاری خُوشی کامِل ہو۔ تیری برگُزِیدہ بہن کے لڑکے تُجھے سلام کہتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-یوحنا 1