YouVersion Logo
تلاش

۲-کُرِنتِھیوں 1:8-24

۲-کُرِنتِھیوں 1:8-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے بھائیو اَور بہنوں! ہم تُمہیں خُدا کے اُس فضل کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں جو مَکِدُنیہؔ کی جماعتوں پر ہُوا۔ اِنتہائی مُفلِسی اَور سخت مُصیبت میں گِرفتار ہونے کے باوُجُود، اُنہُوں نے دل کھول کر عَطیّہ دیا۔ میں اِس بات کا گواہ ہُوں کہ اُنہُوں نے جِس قدر وہ دے سکتے تھے، دیا بَلکہ اَپنے مَقدُور سے کہیں زِیادہ دیا۔ اَور وہ بھی اَپنی خُوشی سے، اُنہُوں نے ہماری اُمّید کے مُطابق خُدا کو دیا بَلکہ اُس سے کہیں زِیادہ دیا: اَور ہماری مِنّت کی کہ اُنہیں بھی مُقدّسین کی اِس خدمت میں شریک کیا جائے۔ اُنہُوں نے نہ صِرف ہماری اُمّید کے مُطابق خُدا کو دیا بَلکہ اُس سے کہیں زِیادہ دیا: اَور خُود کو سَب سے پہلے خُداوؔند کی اَور ہماری مرضی کے سُپرد کر دیا۔ اِس لیٔے ہم نے طِطُسؔ سے مِنّت کی کہ جِس طرح اُس نے پہلے اِس خدمت کا آغاز کیا تھا، آپ کے ساتھ بھی فضل کے اِس عَمل کو پُورا کرے۔ اَور دیکھو کہ جِس طرح تُم ہر بات میں یعنی ایمان میں، کلام میں، علم میں، جوش میں اَور ہماری مَحَبّت میں دُوسروں سے آگے ہو۔ اُسی طرح اِس عطیوں کے کام میں بھی آگے رہو۔ میں تُمہیں حُکم نہیں دے رہا، بَلکہ تمہاری بے رِیا مَحَبّت کو آزمانے کے لیٔے دُوسروں کی سرگرمی کی مثال دے رہا ہُوں۔ کیونکہ تُم تو ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے فضل کو جانتے ہو۔ وہ دولتمند تھے، پھر بھی تمہاری خاطِر غریب بَن گیٔے، تاکہ تُم المسیؔح کے غریب ہو جانے سے دولتمند ہو جاؤ۔ اَب میری رائے میں تو تمہارے لیٔے یہی بہتر ہے۔ تُم نے جو کام پِچھلے سال شروع کیا تھا تُم لوگ ہی سَب سے پہلے تھے جنہوں نے یہ عَطیّہ دینے کی پہل کی تھی۔ جَیسے تُم اِرادہ کرنے میں مُستعِد تھے، وَیسے ہی اُسے پُوری طاقت سے عَملی جامہ بھی پہناؤ۔ کیونکہ اگر تمہاری نیت دینے پر آمادَہ ہو، تو اُس کے مُطابق خُدا تمہارا عَطیّہ قبُول کرے گا جو آدمی کے پاس ہے، نہ اُس کے مُطابق جو اُس کے پاس نہیں ہے۔ میرا مطلب یہ نہیں کہ اَوروں کا بوجھ تُم پر ڈال کر تمہارے بوجھ کو اَور بھاری کردُوں، میرا مقصد صِرف یہ ہے کہ ہر ایک کے ساتھ مُعاملات یکساں ہوں۔ چونکہ اِس وقت تمہارے پاس کافی ہے اِس لیٔے تُم اَپنے عَطیّہ سے اُن کی کمی کو پُورا کرسکتے ہو، اَور جَب اُن کے پاس کافی ہوگا اَور تمہارے پاس کم تو وہ تمہاری مدد کر سکیں گے۔ یُوں ذمّہ داری کا بوجھ بَرابر ہو جائے، چنانچہ کِتاب مُقدّس لِکھّا ہے: ”جِس نے زِیادہ جمع کیا اُس کا کچھ زِیادہ نہ نکلا، اَور جِس نے کم جمع کیا اُس کا کچھ کم نہ نکلا۔“ خُدا کا شُکر ہے، جِس نے طِطُسؔ کے دل میں بھی وُہی سرگرمی پیدا کی جو مُجھ میں ہے۔ اُس نے نہ صِرف ہماری درخواست قبُول کی، بَلکہ وہ پُوری سرگرمی کے ساتھ اَپنی خُوشی سے تمہارے پاس پہُنچ رہا ہے۔ ہم ایک مَسیحی بھایٔی کو بھی اُس کے ساتھ بھیج رہے ہیں، جِس کی خُوشخبری سُنانے کی تَعریف تمام جماعتوں میں کی جاتی ہے۔ اَور صِرف یہی نہیں بَلکہ جماعتوں نے اُسے مُنتخب کیا کہ وہ عطیوں کی اِس خدمت کے لیٔے ہمارا ہم سفر ہو، ہم یہ کام خُداوؔند کے جلال کے لیٔے کرتے ہیں اَور اِس سے ہمارا شوق بھی ظاہر ہوتاہے۔ ہم ہر گز نہیں چاہتے کہ عطیوں کی اِتنی بڑی رقم کا ٹھیک سے اِنتظام نہ کرنے کے بارے میں ہماری بدنامی ہو۔ ہمارا مقصد تو یہ ہے کہ ہماری یہ تدبیر خُداوؔند اَور اِنسان دونوں کی نظر میں، بھلی ثابت ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اُن کے ساتھ اُس بھایٔی کو بھیجا ہے جسے ہم نے کیٔی باتوں میں بارہا آزمایا اَور بڑا سرگرم پایا، اَب چونکہ تُم پر اُسے بڑا بھروسا ہے اِس لیٔے وہ اَور بھی سرگرم ہو گیا ہے۔ رہی طِطُسؔ کی بات، تو وہ تمہارے درمیان میرا ساتھی اَور ہم خدمت ہے؛ جہاں تک ہمارے بھائیوں کی بات ہے، وہ جماعتوں کے نُمائندے ہیں اَور المسیؔح کا جلال ظاہر کرتے ہیں۔ پس جماعتوں کی مَوجُودگی میں اُن پر ثابت کرو کہ تُم ہم سے مَحَبّت رکھتے ہو اَور ہمارا فخر جو ہم تُم پر کرتے ہیں، صحیح ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-کُرِنتِھیوں 8

۲-کُرِنتِھیوں 1:8-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بھائیو، ہم آپ کی توجہ اُس فضل کی طرف دلانا چاہتے ہیں جو اللہ نے صوبہ مکدُنیہ کی جماعتوں پر کیا۔ جس مصیبت میں وہ پھنسے ہوئے ہیں اُس سے اُن کی سخت آزمائش ہوئی۔ توبھی اُن کی بےانتہا خوشی اور شدید غربت کا نتیجہ یہ نکلا کہ اُنہوں نے بڑی فیاض دلی سے ہدیہ دیا۔ مَیں گواہ ہوں کہ جتنا وہ دے سکے اُتنا اُنہوں نے دے دیا بلکہ اِس سے بھی زیادہ۔ اپنی ہی طرف سے اُنہوں نے بڑے زور سے ہم سے منت کی کہ ہمیں بھی یہودیہ کے مُقدّسین کی خدمت کرنے کا موقع دیں، ہم بھی دینے کے فضل میں شریک ہونا چاہتے ہیں۔ اور اُنہوں نے ہماری اُمید سے کہیں زیادہ کیا! اللہ کی مرضی سے اُن کا پہلا قدم یہ تھا کہ اُنہوں نے اپنے آپ کو خداوند کے لئے مخصوص کیا۔ اُن کا دوسرا قدم یہ تھا کہ اُنہوں نے اپنے آپ کو ہمارے لئے مخصوص کیا۔ اِس پر ہم نے طِطُس کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آپ کے پاس بھی ہدیہ جمع کرنے کا وہ سلسلہ انجام تک پہنچائے جو اُس نے شروع کیا تھا۔ آپ کے پاس سب کچھ کثرت سے پایا جاتا ہے، خواہ ایمان ہو، خواہ کلام، علم، مکمل سرگرمی یا ہم سے محبت ہو۔ اب اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ یہ ہدیہ دینے میں بھی اپنی کثیر دولت کا اظہار کریں۔ میری طرف سے یہ کوئی حکم نہیں ہے۔ لیکن دوسروں کی سرگرمی کے پیشِ نظر مَیں آپ کی بھی محبت پرکھ رہا ہوں کہ وہ کتنی حقیقی ہے۔ آپ تو جانتے ہیں کہ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح نے آپ پر کیسا فضل کیا ہے، کہ اگرچہ وہ دولت مند تھا توبھی وہ آپ کی خاطر غریب بن گیا تاکہ آپ اُس کی غربت سے دولت مند بن جائیں۔ اِس معاملے میں میرا مشورہ سنیں، کیونکہ وہ آپ کے لئے مفید ثابت ہو گا۔ پچھلے سال آپ پہلی جماعت تھے جو نہ صرف ہدیہ دینے لگی بلکہ اِسے دینا بھی چاہتی تھی۔ اب اُسے تکمیل تک پہنچائیں جو آپ نے شروع کر رکھا ہے۔ دینے کا جو شوق آپ رکھتے ہیں وہ عمل میں لایا جائے۔ اُتنا دیں جتنا آپ دے سکیں۔ کیونکہ اگر آپ دینے کا شوق رکھتے ہیں تو پھر اللہ آپ کا ہدیہ اُس بنا پر قبول کرے گا جو آپ دے سکتے ہیں، اُس بنا پر نہیں جو آپ نہیں دے سکتے۔ کہنے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو آرام دلانے کے باعث آپ خود مصیبت میں پڑ جائیں۔ بات صرف یہ ہے کہ لوگوں کے حالات کچھ برابر ہونے چاہئیں۔ اِس وقت تو آپ کے پاس بہت ہے اور آپ اُن کی ضرورت پوری کر سکتے ہیں۔ بعد میں کسی وقت جب اُن کے پاس بہت ہو گا تو وہ آپ کی ضرورت بھی پوری کر سکیں گے۔ یوں آپ کے حالات کچھ برابر رہیں گے، جس طرح کلامِ مُقدّس میں بھی لکھا ہے، ”جس نے زیادہ جمع کیا تھا اُس کے پاس کچھ نہ بچا۔ لیکن جس نے کم جمع کیا تھا اُس کے پاس بھی کافی تھا۔“ خدا کا شکر ہے جس نے طِطُس کے دل میں وہی جوش پیدا کیا ہے جو مَیں آپ کے لئے رکھتا ہوں۔ جب ہم نے اُس کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آپ کے پاس جائے تو وہ نہ صرف اِس کے لئے تیار ہوا بلکہ بڑا سرگرم ہو کر خود بخود آپ کے پاس جانے کے لئے روانہ ہوا۔ ہم نے اُس کے ساتھ اُس بھائی کو بھیج دیا جس کی خدمت کی تعریف تمام جماعتیں کرتی ہیں، کیونکہ اُسے اللہ کی خوش خبری سنانے کی نعمت ملی ہے۔ اُسے نہ صرف آپ کے پاس جانا ہے بلکہ جماعتوں نے اُسے مقرر کیا ہے کہ جب ہم ہدیئے کو یروشلم لے جائیں گے تو وہ ہمارے ساتھ جائے۔ یوں ہم یہ خدمت ادا کرتے وقت خداوند کو جلال دیں گے اور اپنی سرگرمی کا اظہار کریں گے۔ کیونکہ اُس بڑے ہدیئے کے پیشِ نظر جو ہم لے جائیں گے ہم اِس سے بچنا چاہتے ہیں کہ کسی کو ہم پر شک کرنے کا موقع ملے۔ ہماری پوری کوشش یہ ہے کہ وہی کچھ کریں جو نہ صرف خداوند کی نظر میں درست ہے بلکہ انسان کی نظر میں بھی۔ اُن کے ساتھ ہم نے ایک اَور بھائی کو بھی بھیج دیا جس کی سرگرمی ہم نے کئی موقعوں پر پرکھی ہے۔ اب وہ مزید سرگرم ہو گیا ہے، کیونکہ وہ آپ پر بڑا اعتماد کرتا ہے۔ جہاں تک طِطُس کا تعلق ہے، وہ میرا ساتھی اور ہم خدمت ہے۔ اور جو بھائی اُس کے ساتھ ہیں اُنہیں جماعتوں نے بھیجا ہے۔ وہ مسیح کے لئے عزت کا باعث ہیں۔ اُن پر اپنی محبت کا اظہار کر کے یہ ظاہر کریں کہ ہم آپ پر کیوں فخر کرتے ہیں۔ پھر یہ بات خدا کی دیگر جماعتوں کو بھی نظر آئے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-کُرِنتِھیوں 8

۲-کُرِنتِھیوں 1:8-24 کِتابِ مُقادّس (URD)

اب اَے بھائِیو! ہم تُم کو خُدا کے اُس فضل کی خبر دیتے ہیں جو مَکِدُنیہ کی کلِیسیاؤں پر ہُؤا ہے۔ کہ مُصِیبت کی بڑی آزمایش میں اُن کی بڑی خُوشی اور سخت غرِیبی نے اُن کی سخاوت کو حد سے زیادہ کر دِیا۔ اور مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ اُنہوں نے مقدُور کے مُوافِق بلکہ مقدُور سے بھی زِیادہ اپنی خُوشی سے دِیا۔ اور اِس خَیرات اور مُقدّسوں کی خِدمت کی شِراکت کی بابت ہم سے بڑی مِنّت کے ساتھ درخواست کی۔ اور ہماری اُمّید کے مُوافِق ہی نہیں دِیا بلکہ اپنے آپ کو پہلے خُداوند کے اور پِھر خُدا کی مرضی سے ہمارے سپُرد کِیا۔ اِس واسطے ہم نے طِطُس کو نصِیحت کی کہ جَیسے اُس نے پہلے شرُوع کِیا تھا وَیسے ہی تُم میں اِس خَیرات کے کام کو پُورا بھی کرے۔ پس جَیسے تُم ہر بات میں اِیمان اور کلام اور عِلم اور پُوری سرگرمی اور اُس مُحبّت میں جو ہم سے رکھتے ہو سَبقت لے گئے ہو وَیسے ہی اِس خَیرات کے کام میں بھی سَبقت لے جاؤ۔ مَیں حُکم کے طَور پر نہیں کہتا بلکہ اِس لِئے کہ اَوروں کی سرگرمی سے تُمہاری مُحبّت کی سچّائی کو آزماؤں۔ کیونکہ تُم ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے فضل کو جانتے ہو کہ وہ اگرچہ دَولت مند تھا مگر تُمہاری خاطِر غرِیب بن گیا تاکہ تُم اُس کی غرِیبی کے سبب سے دَولت مند ہو جاؤ۔ اور مَیں اِس اَمر میں اپنی رائے دیتا ہُوں کیونکہ یہ تُمہارے لِئے مُفِید ہے اِس لِئے کہ تُم پِچھلے سال سے نہ صِرف اِس کام میں بلکہ اِس کے اِرادہ میں بھی اوّل تھے۔ پس اب اِس کام کو پُورا بھی کرو تاکہ جَیسے تُم اِرادہ کرنے میں مُستعِد تھے وَیسے ہی مقدُور کے مُوافِق تکمِیل بھی کرو۔ کیونکہ اگر نِیّت ہو تو خَیرات اُس کے مُوافِق مقبُول ہو گی جو آدمی کے پاس ہے نہ اُس کے مُوافِق جو اُس کے پاس نہیں۔ یہ نہیں کہ اَوروں کو آرام مِلے اور تُم کو تکلِیف ہو۔ بلکہ برابری کے طَور پر اِس وقت تُمہاری دَولت سے اُن کی کمی پُوری ہو تاکہ اُن کی دَولت سے بھی تُمہاری کمی پُوری ہو اور اِس طرح برابری ہو جائے۔ چُنانچہ لِکھا ہے کہ جِس نے بُہت جمع کِیا اُس کا کُچھ زِیادہ نہ نِکلا اور جِس نے تھوڑا جمع کِیا اُس کا کُچھ کم نہ نِکلا۔ خُدا کا شُکر ہے جو طِطُس کے دِل میں تُمہارے واسطے وَیسی ہی سرگرمی پَیدا کرتا ہے۔ کیونکہ اُس نے ہماری نصِیحت کو مان لِیا بلکہ بڑا سرگرم ہو کر اپنی خُوشی سے تُمہاری طرف روانہ ہُؤا۔ اور ہم نے اُس کے ساتھ اُس بھائی کو بھیجا جِس کی تعرِیف خُوشخبری کے سبب سے تمام کلِیسیاؤں میں ہوتی ہے۔ اور صِرف یِہی نہیں بلکہ وہ کلِیسیاؤں کی طرف سے اِس خَیرات کے بارے میں ہمارا ہم سفر مُقرّر ہُؤا اور ہم یہ خِدمت اِس لِئے کرتے ہیں کہ خُداوند کا جلال اور ہمارا شَوق ظاہِر ہو۔ اور ہم بچتے رہتے ہیں کہ جِس بڑی خَیرات کے بارے میں خِدمت کرتے ہیں اُس کی بابت کوئی ہم پر حرف نہ لائے۔ کیونکہ ہم اَیسی چِیزوں کی تدبِیر کرتے ہیں جو نہ صِرف خُداوند کے نزدِیک بھلی ہیں بلکہ آدمِیوں کے نزدِیک بھی۔ اور ہم نے اُن کے ساتھ اپنے اُس بھائی کو بھیجا ہے جِس کو ہم نے بُہت سی باتوں میں بارہا آزما کر سرگرم پایا ہے مگر چُونکہ اُس کو تُم پر بڑا بھروسا ہے اِس لِئے اب بُہت زیادہ سرگرم ہے۔ اگر کوئی طِطُس کی بابت پُوچھے تو وہ میرا شرِیک اور تُمہارے واسطے میرا ہم خِدمت ہے۔ اگر ہمارے بھائِیوں کی بابت پُوچھا جائے تو وہ کلِیسیاؤں کے قاصِد اور مسِیح کا جلال ہیں۔ پس اپنی مُحبّت اور ہمارا وہ فخر جو تُم پر ہے کلِیسیاؤں کے رُوبرُو اُن پر ثابِت کرو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-کُرِنتِھیوں 8