YouVersion Logo
تلاش

۲-کُرِنتِھیوں 1:2-11

۲-کُرِنتِھیوں 1:2-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

چنانچہ میں نے دل میں ٹھان لیا تھا کہ پھر سے تمہارے پاس آکر تُمہیں رَنجیدہ نہیں کروں گا۔ کیونکہ اگرمیں تُمہیں رَنجیدہ کروں تو مُجھے کون خُوش کرے گا، سِوائے تمہارے جو میرے سبب سے رَنجیدہ ہویٔے؟ یہی وجہ ہے کہ میں نے تُمہیں وہ پچھلا خط لِکھّا تھا تاکہ جَب میں آؤں تو مُجھے اُن لوگوں سے رنج نہ پہُنچے جو مُجھے زِیادہ خُوشی دے سکتے ہیں۔ مُجھے یقین ہے کہ جو میری خُوشی ہے وُہی تُم سَب کی بھی ہے۔ میں نے بہت رَنجیدہ اَور پریشانی کی حالت میں آنسُو بہا بہا کر تُمہیں لِکھّا تھا۔ تُمہیں رنج پہنچانا میرا مقصد نہیں تھا۔ بَلکہ میں چاہتا تھا کہ تُم اُس گہری مَحَبّت کو جانو جو مُجھے تُم سے ہے۔ اگر کسی نے دُکھ پہنچایا تو صِرف مُجھے ہی نہیں بَلکہ کسی حَد تک تُم سَب کو پہنچایا ہے۔ اِس لیٔے کہتا ہوں کہ میں اُن کے ساتھ بہت سختی سے پیش نہ آؤں۔ اَور تُم سَب کی ناراضگی کی وجہ سے جو سزا اُسے مِل چُکی ہے وہ کافی ہے۔ بہتر یہی ہے کہ اَب تُم اُس کا قُصُور مُعاف کردو اَور اُسے تسلّی دو۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ غم کی شِدّت سے فنا نہ ہو جائے۔ لہٰذا میں تمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ اُسے اَپنی مَحَبّت کا یقین دلاؤ۔ میں نے خط اِس لیٔے بھی لِکھّا تھا کہ تمہارا اِمتحان لُوں کہ تُم ساری باتوں میں فرمانبردار ہو یا نہیں۔ جسے تُم مُعاف کرتے ہو اُسے میں بھی مُعاف کرتا ہُوں۔ اگرمیں نے مُعاف کیا تو المسیؔح کو حاضِر جان کر تمہاری خاطِر کیا، تاکہ شیطان کو اَپنا داؤ چلانے کا موقع نہ ملے۔ کیونکہ ہم اُس کی چالبازی سے واقف ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-کُرِنتِھیوں 2

۲-کُرِنتِھیوں 1:2-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

چنانچہ مَیں نے فیصلہ کیا کہ مَیں دوبارہ آپ کے پاس نہیں آؤں گا، ورنہ آپ کو بہت غم کھانا پڑے گا۔ کیونکہ اگر مَیں آپ کو دُکھ پہنچاؤں تو کون مجھے خوش کرے گا؟ یہ وہ شخص نہیں کرے گا جسے مَیں نے دُکھ پہنچایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مَیں نے آپ کو یہ لکھ دیا۔ مَیں نہیں چاہتا تھا کہ آپ کے پاس آ کر اُن ہی لوگوں سے غم کھاؤں جنہیں مجھے خوش کرنا چاہئے۔ کیونکہ مجھے آپ سب کے بارے میں یقین ہے کہ میری خوشی آپ سب کی خوشی ہے۔ مَیں نے آپ کو نہایت رنجیدہ اور پریشان حالت میں آنسو بہا بہا کر لکھ دیا۔ مقصد یہ نہیں تھا کہ آپ غمگین ہو جائیں بلکہ مَیں چاہتا تھا کہ آپ جان لیں کہ مَیں آپ سے کتنی گہری محبت رکھتا ہوں۔ اگر کسی نے دُکھ پہنچایا ہے تو مجھے نہیں بلکہ کسی حد تک آپ سب کو (مَیں زیادہ سختی سے بات نہیں کرنا چاہتا)۔ لیکن مذکورہ شخص کے لئے یہ کافی ہے کہ اُسے جماعت کے اکثر لوگوں نے سزا دی ہے۔ اب ضروری ہے کہ آپ اُسے معاف کر کے تسلی دیں، ورنہ وہ غم کھا کھا کر تباہ ہو جائے گا۔ چنانچہ مَیں اِس پر زور دینا چاہتا ہوں کہ آپ اُسے اپنی محبت کا احساس دلائیں۔ مَیں نے یہ معلوم کرنے کے لئے آپ کو لکھا کہ کیا آپ امتحان میں پورے اُتریں گے اور ہر بات میں تابع رہیں گے۔ جسے آپ کچھ معاف کرتے ہیں اُسے مَیں بھی معاف کرتا ہوں۔ اور جو کچھ مَیں نے معاف کیا، اگر مجھے کچھ معاف کرنے کی ضرورت تھی، وہ مَیں نے آپ کی خاطر مسیح کے حضور معاف کیا ہے تاکہ ابلیس ہم سے فائدہ نہ اُٹھائے۔ کیونکہ ہم اُس کی چالوں سے خوب واقف ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-کُرِنتِھیوں 2

۲-کُرِنتِھیوں 1:2-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں نے اپنے دِل میں یہ قصد کِیا تھا کہ پِھر تُمہارے پاس غمگِین ہو کر نہ آؤں۔ کیونکہ اگر مَیں تُم کو غمگِین کرُوں تو مُجھے کَون خُوش کرے گا۔ سِوا اُس کے جو میرے سبب سے غمگِین ہُؤا؟ اور مَیں نے تُم کو وُہی بات لِکھی تھی تاکہ اَیسا نہ ہو کہ مُجھے آ کر جِن سے خُوش ہونا چاہیے تھا مَیں اُن کے سبب سے غمگِین ہُوں کیونکہ مُجھے تُم سب پر اِس بات کا بھروسا ہے کہ جو میری خُوشی ہے وُہی تُم سب کی ہے۔ کیونکہ مَیں نے بڑی مُصِیبت اور دِل گِیری کی حالت میں بُہت سے آنسُو بہا بہا کر تُم کو لِکھا تھا لیکن اِس واسطے نہیں کہ تُم کو غم ہو بلکہ اِس واسطے کہ تُم اُس بڑی مُحبّت کو معلُوم کرو جو مُجھے تُم سے ہے۔ اور اگر کوئی شخص غم کا باعِث ہُؤا ہے تو میرے ہی غم کا نہیں بلکہ (تاکہ اُس پر زیادہ سختی نہ کرُوں) کِسی قدر تُم سب کے غم کا باعِث ہُؤا۔ یِہی سزا جو اُس نے اکثروں کی طرف سے پائی اَیسے شخص کے واسطے کافی ہے۔ پس برعکس اِس کے یِہی بِہتر ہے کہ اُس کا قصُور مُعاف کرو اور تسلّی دو تاکہ وہ غم کی کثرت سے تباہ نہ ہو۔ اِس لِئے مَیں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ اُس کے بارے میں مُحبّت کا فتویٰ دو۔ کیونکہ مَیں نے اِس واسطے بھی لِکھا تھا کہ تُمہیں آزما لُوں کہ سب باتوں میں فرمانبردار ہو یا نہیں۔ جِسے تُم کُچھ مُعاف کرتے ہو اُسے مَیں بھی مُعاف کرتا ہُوں کیونکہ جو کُچھ مَیں نے مُعاف کِیا اگر کِیا تو مسِیح کا قائِم مقام ہو کر تُمہاری خاطِر مُعاف کِیا۔ تاکہ شَیطان کا ہم پر داؤ نہ چلے کیونکہ ہم اُس کے حِیلوں سے ناواقِف نہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-کُرِنتِھیوں 2