YouVersion Logo
تلاش

۲-توارِیخ 12:7-20

۲-توارِیخ 12:7-20 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ایک رات رب اُس پر ظاہر ہوا اور کہا، ”مَیں نے تیری دعا کو سن کر طے کر لیا ہے کہ یہ گھر وہی جگہ ہو جہاں تم مجھے قربانیاں پیش کر سکو۔ جب کبھی مَیں بارش کا سلسلہ روکوں، یا فصلیں خراب کرنے کے لئے ٹڈیاں بھیجوں یا اپنی قوم میں وبا پھیلنے دوں تو اگر میری قوم جو میرے نام سے کہلاتی ہے اپنے آپ کو پست کرے اور دعا کر کے میرے چہرے کی طالب ہو اور اپنی شریر راہوں سے باز آئے تو پھر مَیں آسمان پر سے اُس کی سن کر اُس کے گناہوں کو معاف کر دوں گا اور ملک کو بحال کروں گا۔ اب سے جب بھی یہاں دعا مانگی جائے تو میری آنکھیں کھلی رہیں گی اور میرے کان اُس پر دھیان دیں گے۔ کیونکہ مَیں نے اِس گھر کو چن کر مخصوص و مُقدّس کر رکھا ہے تاکہ میرا نام ہمیشہ تک یہاں قائم رہے۔ میری آنکھیں اور دل ہمیشہ اِس میں حاضر رہیں گے۔ جہاں تک تیرا تعلق ہے، اپنے باپ داؤد کی طرح میرے حضور چلتا رہ۔ کیونکہ اگر تُو میرے تمام احکام اور ہدایات کی پیروی کرتا رہے تو مَیں تیری اسرائیل پر حکومت قائم رکھوں گا۔ پھر میرا وہ وعدہ قائم رہے گا جو مَیں نے تیرے باپ داؤد سے عہد باندھ کر کیا تھا کہ اسرائیل پر تیری اولاد کی حکومت ہمیشہ تک قائم رہے گی۔ لیکن خبردار! اگر تُو مجھ سے دُور ہو کر میرے دیئے گئے احکام اور ہدایات کو ترک کرے بلکہ دیگر معبودوں کی طرف رجوع کر کے اُن کی خدمت اور پرستش کرے تو مَیں اسرائیل کو جڑ سے اُکھاڑ کر اُس ملک سے نکال دوں گا جو مَیں نے اُن کو دے دیا ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ مَیں اِس گھر کو بھی رد کر دوں گا جو مَیں نے اپنے نام کے لئے مخصوص و مُقدّس کر لیا ہے۔ اُس وقت مَیں اسرائیل کو تمام اقوام میں مذاق اور لعن طعن کا نشانہ بنا دوں گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-توارِیخ 7

۲-توارِیخ 12:7-20 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور خُداوند رات کو سُلیماؔن پر ظاہِر ہُؤا اور اُس سے کہا کہ مَیں نے تیری دُعا سُنی اور اِس جگہ کو اپنے واسطے چُن لِیا کہ یہ قُربانی کا گھر ہو۔ اگر مَیں آسمان کو بند کر دُوں کہ بارِش نہ ہو یا ٹڈِّیوں کو حُکم دُوں کہ مُلک کو اُجاڑ ڈالیں یا اپنے لوگوں کے درمِیان وبا بھیجُوں۔ تب اگر میرے لوگ جو میرے نام سے کہلاتے ہیں خاکسار بن کر دُعا کریں اور میرے دِیدار کے طالِب ہوں اور اپنی بُری راہوں سے پِھریں تو مَیں آسمان پر سے سُن کر اُن کا گُناہ مُعاف کرُوں گا اور اُن کے مُلک کو بحال کر دُوں گا۔ اب سے جو دُعا اِس جگہ کی جائے گی اُس پر میری آنکھیں کُھلی اور میرے کان لگے رہیں گے۔ کیونکہ مَیں نے اِس گھر کو اب چُنا اور مُقدّس کِیا ہے کہ میرا نام یہاں سدا رہے اور میری آنکھیں اور میرا دِل برابر یہِیں لگے رہیں گے۔ اور تُو اگر میرے حضُور وَیسے ہی چلے جَیسے تیرا باپ داؤُد چلتا رہا اور جو کُچھ مَیں نے تُجھے حُکم کِیا اُس کے مُطابِق عمل کرے اور میرے آئِین اور احکام کو مانے۔ تو مَیں تیرے تختِ سلطنت کو قائِم رکُھّوں گا جَیسا مَیں نے تیرے باپ داؤُد سے عہد کر کے کہا تھا کہ اِسرائیل کا سردار ہونے کے لِئے تیرے ہاں مَرد کی کبھی کمی نہ ہو گی۔ پر اگر تُم برگشتہ ہو جاؤ اور میرے آئِین و احکام کو جِن کو مَیں نے تُمہارے آگے رکھّا ہے ترک کر دو اور جا کر غَیر معبُودوں کی عِبادت کرو اور اُن کو سِجدہ کرو۔ تو مَیں اُن کو اپنے اِس مُلک سے جو مَیں نے اُن کو دِیا ہے جڑ سے اُکھاڑ ڈالُوں گا اور اِس گھر کو جِسے مَیں نے اپنے نام کے لِئے مُقدّس کِیا ہے اپنے سامنے سے دُور کر دُوں گا اور اِس کو سب قَوموں میں ضربُ المثل اور انگُشت نُما بنا دُوں گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-توارِیخ 7