۲-توارِیخ 1:2-6
۲-توارِیخ 1:2-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور سُلیماؔن نے اِرادہ کِیا کہ ایک گھر خُداوند کے نام کے لِئے اور ایک گھر اپنی سلطنت کے لِئے بنائے۔ اور سُلیماؔن نے ستّر ہزار باربردار اور پہاڑ میں اسّی ہزار پتّھر کاٹنے والے اور تِین ہزار چھ سَو آدمی اُن کی نِگرانی کے لِئے گِن کر ٹھہرا دِئے۔ اور سُلیماؔن نے صُور کے بادشاہ حُوراؔم کے پاس کہلا بھیجا کہ جَیسا تُو نے میرے باپ داؤُد کے ساتھ کِیا اور اُس کے پاس دیودار کی لکڑی بھیجی کہ وہ اپنے رہنے کے لِئے ایک گھر بنائے وَیسا ہی میرے ساتھ بھی کر۔ مَیں خُداوند اپنے خُدا کے نام کے لِئے ایک گھر بنانے کو ہُوں کہ اُس کے لِئے مُقدّس کرُوں اور اُس کے آگے خُوشبُودار مصالِح کا بخُور جلاؤُں اور وہ سبتوں اور نئے چاندوں اور خُداوند ہمارے خُدا کی مُقرّرہ عِیدوں پر دائِمی نذر کی روٹی اور صُبح اور شام کی سوختنی قُربانیوں کے لِئے ہو کیونکہ یہ ابد تک اِسرائیل پر فرض ہے۔ اور وہ گھر جو مَیں بنانے کو ہُوں عظِیم اُلشان ہو گا کیونکہ ہمارا خُدا سب معبُودوں سے عظِیم ہے۔ لیکن کَون اُس کے لِئے گھر بنانے کے قابِل ہے؟ جِس حال کہ آسمان میں بلکہ آسمانوں کے آسمان میں بھی وہ سما نہیں سکتا تو بھلا مَیں کَون ہُوں جو اُس کے حضُور بخُور جلانے کے سِوا کِسی اَور خیال سے اُس کے لِئے گھر بناؤُں؟
۲-توارِیخ 1:2-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر سلیمان نے رب کے لئے گھر اور اپنے لئے شاہی محل بنانے کا حکم دیا۔ اِس کے لئے اُس نے 1,50,000 آدمیوں کی بھرتی کی۔ 80,000 کو اُس نے پہاڑی کانوں میں لگایا تاکہ وہ پتھر نکالیں جبکہ 70,000 افراد کی ذمہ داری یہ پتھر یروشلم لانا تھی۔ اِن سب پر سلیمان نے 3,600 نگران مقرر کئے۔ اُس نے صور کے بادشاہ حیرام کو اطلاع دی، ”جس طرح آپ میرے باپ داؤد کو دیودار کی لکڑی بھیجتے رہے جب وہ اپنے لئے محل بنا رہے تھے اُسی طرح مجھے بھی دیودار کی لکڑی بھیجیں۔ مَیں ایک گھر تعمیر کر کے اُسے رب اپنے خدا کے نام کے لئے مخصوص کرنا چاہتا ہوں۔ کیونکہ ہمیں ایسی جگہ کی ضرورت ہے جس میں اُس کے حضور خوشبودار بخور جلایا جائے، رب کے لئے مخصوص روٹیاں باقاعدگی سے میز پر رکھی جائیں اور خاص موقعوں پر بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کی جائیں یعنی ہر صبح و شام، سبت کے دن، نئے چاند کی عیدوں اور رب ہمارے خدا کی دیگر مقررہ عیدوں پر۔ یہ اسرائیل کا دائمی فرض ہے۔ جس گھر کو مَیں بنانے کو ہوں وہ نہایت عظیم ہو گا، کیونکہ ہمارا خدا دیگر تمام معبودوں سے کہیں عظیم ہے۔ لیکن کون اُس کے لئے ایسا گھر بنا سکتا ہے جو اُس کے لائق ہو؟ بلندترین آسمان بھی اُس کی رہائش کے لئے چھوٹا ہے۔ تو پھر میری کیا حیثیت ہے کہ اُس کے لئے گھر بناؤں؟ مَیں صرف ایسی جگہ بنا سکتا ہوں جس میں اُس کے لئے قربانیاں چڑھائی جا سکیں۔