YouVersion Logo
تلاش

۱-تِھسّلُنیکیوں 1:4-18

۱-تِھسّلُنیکیوں 1:4-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

غرض، اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں اَور خُداوؔند عیسیٰ میں تمہاری حوصلہ اَفزائی کرتے ہیں کہ جِس طرح تُم نے ہم سے خُدا کو خُوش کرنے کی لیٔے مُناسب چال چلنا سیکھا ہے، اَور تُم وَیسی ہی زندگی گزار بھی رہے ہو۔ اَور اَب اُسی طرح اَور ترقّی کرتے جاؤ۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم نے خُداوؔند عیسیٰ کی طرف سے تُمہیں کون کون سے حُکم پہنچائے۔ چنانچہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم پاک بنو یعنی جنسی بدفعلی سے بچے رہو۔ اَور تُم میں سے ہر ایک اَپنے جِسم کو پاکیزہ اَور باعزّت طریقے سے قابُو کرنا سیکھے۔ اَور یہ کام شَہوت پرستی سے نہیں اَور نہ غَیریہُودیوں کی طرح جو خُدا کو نہیں جانتی ہیں۔ اَور اِس مُعاملہ میں کویٔی شخص اَپنے مومِن بھایٔی یا بہن کو نہ تو نُقصان پہنچائے اَور نہ اُسے دغا دے کیونکہ خُداوؔند اِن سَب کاموں کا بدلہ لینے والا ہے جَیسا کہ ہم تُمہیں پہلے بھی تَاکید کرکے بتا چُکے ہیں۔ اِس لئے خُدا نے ہمیں ناپاکی کے لیٔے نہیں بَلکہ پاکیزہ زندگی گُزارنے کے لیٔے بُلایا ہے۔ چنانچہ جو اِن باتوں کو نہیں مانتا وہ نہ صِرف اِنسان کی بَلکہ خُدا کی نافرمانی کرتا ہے جو تُمہیں پاک رُوح عطا فرماتا ہے۔ اَب برادرانہ مَحَبّت کے بارے میں مُجھے تُم کو کچھ لکھنے کی ضروُرت نہیں؛ کیونکہ آپَس میں مَحَبّت کرنے کی تعلیم تُم نے خُدا سے پائی ہے۔ اَور تُم صُوبہ مَکِدُنیہؔ کے سارے مَسیحی مُومِنِین سے اَیسی ہی مَحَبّت کرتے ہو۔ پھر بھی اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم تُمہیں نصیحت کرتے ہیں کہ تُم اِس میں اَور بھی ترقّی کرتے جاؤ۔ اَور جَیسا ہم پہلے ہی تُمہیں حُکم دے چُکے ہیں، ہر شخص خَاموشی سے اَپنے کام میں لگا رہے اَور اَپنے ہاتھوں سے محنت کرے، تاکہ غَیر مَسیحی لوگ تمہاری روزمرّہ کی زندگی کو دیکھ کر تُمہیں عزّت دیں اَور تُم کسی چیز کے محتاج نہ رہو۔ بھائیوں اَور بہنوں! ہم نہیں چاہتے کہ تُم اُن کے حال سے ناواقِف رہو جو موت کی نیند سو چُکے ہیں تاکہ تُم باقی اِنسانوں کی مانند غم نہ کرو جِن کے پاس کویٔی اُمّید ہی نہیں۔ کیونکہ ہمارا ایمان ہے کہ جِس طرح حُضُور عیسیٰ مَرے اَور پھر زندہ ہو گیٔے، ٹھیک اُسی طرح خُدا حُضُور عیسیٰ کی آمد پراُنہیں بھی زندہ کر دے گا جو حُضُور عیسیٰ میں سو گیٔے ہیں۔ چنانچہ ہم خُدا کے کلام کے مُطابق تُم سے فرماتے ہیں کہ ہم جو خُداوؔند کے دُوسری آمد کے وقت تک زندہ باقی رہیں گے، سوئے ہُوؤں سے پہلے ہر گز خُداوؔند سے نہیں ملیں گے۔ کیونکہ خُداوؔند خُود بڑی للکار کے ساتھ اَور مُقرّب فرشتہ کی آواز اَور خُدا کی نرسنگے کی آواز کے ساتھ آسمان سے نازل ہوں گے اَور خُداوؔند المسیؔح میں جو لوگ مَر چُکے، سَب سے پہلے زندہ ہو جایٔیں گے۔ اُس کے بعد پھر ہم جو اُس وقت زندہ باقی ہوں گے، اُن کے ساتھ بادلوں پر اُٹھا لیٔے جایٔیں گے تاکہ آسمان میں خُداوؔند کا اِستِقبال کریں گے اَور ہمیشہ خُداوؔند کے ساتھ رہیں گے۔ پس تُم اِن باتوں سے ایک دُوسرے کو تسلّی دیا کرو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-تِھسّلُنیکیوں 4

۱-تِھسّلُنیکیوں 1:4-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بھائیو، ایک آخری بات، آپ نے ہم سے سیکھ لیا تھا کہ ہماری زندگی کس طرح ہونی چاہئے تاکہ وہ اللہ کو پسند آئے۔ اور آپ اِس کے مطابق زندگی گزارتے بھی ہیں۔ اب ہم خداوند عیسیٰ میں آپ سے درخواست اور آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ آپ اِس میں مزید ترقی کرتے جائیں۔ آپ تو اُن ہدایات سے واقف ہیں جو ہم نے آپ کو خداوند عیسیٰ کے وسیلے سے دی تھیں۔ کیونکہ اللہ کی مرضی ہے کہ آپ اُس کے لئے مخصوص و مُقدّس ہوں، کہ آپ زناکاری سے باز رہیں۔ ہر ایک اپنے بدن پر یوں قابو پانا سیکھ لے کہ وہ مُقدّس اور شریف زندگی گزار سکے۔ وہ غیرایمان داروں کی طرح جو اللہ سے ناواقف ہیں شہوت پرستی کا شکار نہ ہو۔ اِس معاملے میں کوئی اپنے بھائی کا گناہ نہ کرے، نہ اُس سے غلط فائدہ اُٹھائے۔ خداوند ایسے گناہوں کی سزا دیتا ہے۔ ہم یہ سب کچھ بتا چکے اور آپ کو آگاہ کر چکے ہیں۔ کیونکہ اللہ نے ہمیں ناپاک زندگی گزارنے کے لئے نہیں بُلایا بلکہ مخصوص و مُقدّس زندگی گزارنے کے لئے۔ اِس لئے جو یہ ہدایات رد کرتا ہے وہ انسان کو نہیں بلکہ اللہ کو رد کرتا ہے جو آپ کو اپنا مُقدّس روح دے دیتا ہے۔ یہ لکھنے کی ضرورت نہیں کہ آپ دوسرے ایمان داروں سے محبت رکھیں۔ اللہ نے خود آپ کو ایک دوسرے سے محبت رکھنا سکھایا ہے۔ اور حقیقتاً آپ مکدُنیہ کے تمام بھائیوں سے ایسی ہی محبت رکھتے ہیں۔ توبھی بھائیو، ہم آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں کہ آپ اِس میں مزید ترقی کرتے جائیں۔ اپنی عزت اِس میں برقرار رکھیں کہ آپ سکون سے زندگی گزاریں، اپنے فرائض ادا کریں اور اپنے ہاتھوں سے کام کریں، جس طرح ہم نے آپ کو کہہ دیا تھا۔ جب آپ ایسا کریں گے تو غیرایمان دار آپ کی قدر کریں گے اور آپ کسی بھی چیز کے محتاج نہیں رہیں گے۔ بھائیو، ہم چاہتے ہیں کہ آپ اُن کے بارے میں حقیقت جان لیں جو سو گئے ہیں تاکہ آپ دوسروں کی طرح جن کی کوئی اُمید نہیں ماتم نہ کریں۔ ہمارا ایمان ہے کہ عیسیٰ مر گیا اور دوبارہ جی اُٹھا، اِس لئے ہمارا یہ بھی ایمان ہے کہ جب عیسیٰ واپس آئے گا تو اللہ اُس کے ساتھ اُن ایمان داروں کو بھی واپس لائے گا جو موت کی نیند سو گئے ہیں۔ جو کچھ ہم اب آپ کو بتا رہے ہیں وہ خداوند کی تعلیم ہے۔ خداوند کی آمد پر ہم جو زندہ ہوں گے سوئے ہوئے لوگوں سے پہلے خداوند سے نہیں ملیں گے۔ اُس وقت اونچی آواز سے حکم دیا جائے گا، فرشتۂ اعظم کی آواز سنائی دے گی، اللہ کا تُرم بجے گا اور خداوند خود آسمان پر سے اُتر آئے گا۔ تب پہلے وہ جی اُٹھیں گے جو مسیح میں مر گئے تھے۔ اِن کے بعد ہی ہمیں جو زندہ ہوں گے بادلوں پر اُٹھا لیا جائے گا تاکہ ہَوا میں خداوند سے ملیں۔ پھر ہم ہمیشہ خداوند کے ساتھ رہیں گے۔ چنانچہ اِن الفاظ سے ایک دوسرے کو تسلی دیا کریں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-تِھسّلُنیکیوں 4

۱-تِھسّلُنیکیوں 1:4-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

غرض اَے بھائِیو! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں اور خُداوند یِسُوع میں تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ جِس طرح تُم نے ہم سے مُناسِب چال چلنے اور خُدا کو خُوش کرنے کی تعلِیم پائی اور جِس طرح تُم چلتے بھی ہو اُسی طرح اَور ترقّی کرتے جاؤ۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم نے تُم کو خُداوند یِسُوع کی طرف سے کیا کیا حُکم پُہنچائے۔ چُنانچہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم پاک بنو یعنی حرام کاری سے بچے رہو۔ اور ہر ایک تُم میں سے پاکِیزگی اور عِزّت کے ساتھ اپنے ظرف کو حاصِل کرنا جانے۔ نہ شہوَت کے جوش سے اُن قَوموں کی مانِند جو خُدا کو نہیں جانتِیں۔ اور کوئی شخص اپنے بھائی کے ساتھ اِس اَمر میں زِیادتی اور دَغا نہ کرے کیونکہ خُداوند اِن سب کاموں کا بدلہ لینے والا ہے چُنانچہ ہم نے پہلے بھی تُم کو تَنبِیہ کر کے جتا دِیا تھا۔ اِس لِئے کہ خُدا نے ہم کو ناپاکی کے لِئے نہیں بلکہ پاکِیزگی کے لِئے بُلایا۔ پس جو نہیں مانتا وہ آدمی کو نہیں بلکہ خُدا کو نہیں مانتا جو تُم کو اپنا پاک رُوح دیتا ہے۔ مگر برادرانہ مُحبّت کی بابت تُمہیں کُچھ لِکھنے کی حاجت نہیں کیونکہ تُم آپس میں مُحبّت کرنے کی خُدا سے تعلِیم پا چُکے ہو۔ اور تمام مَکِدُنیہ کے سب بھائِیوں کے ساتھ اَیسا ہی کرتے ہو لیکن اَے بھائِیو! ہم تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ ترقّی کرتے جاؤ۔ اور جِس طرح ہم نے تُم کو حُکم دِیا چُپ چاپ رہنے اور اپنا کاروبار کرنے اور اپنے ہاتھوں سے مِحنت کرنے کی ہِمّت کرو۔ تاکہ باہِر والوں کے ساتھ شایستگی سے برتاؤ کرو اور کِسی چِیز کے مُحتاج نہ ہو۔ اَے بھائِیو! ہم نہیں چاہتے کہ جو سوتے ہیں اُن کی بابت تُم ناواقِف رہو تاکہ اَوروں کی مانِند جو نااُمّید ہیں غم نہ کرو۔ کیونکہ جب ہمیں یہ یقِین ہے کہ یِسُوع مَر گیا اور جی اُٹھا تو اُسی طرح خُدا اُن کو بھی جو سو گئے ہیں یِسُوع کے وسِیلہ سے اُسی کے ساتھ لے آئے گا۔ چُنانچہ ہم تُم سے خُداوند کے کلام کے مُطابِق کہتے ہیں کہ ہم جو زِندہ ہیں اور خُداوند کے آنے تک باقی رہیں گے سوئے ہُوؤں سے ہرگِز آگے نہ بڑھیں گے۔ کیونکہ خُداوند خُود آسمان سے للکار اور مُقرّب فرِشتہ کی آواز اور خُدا کے نرسِنگے کے ساتھ اُتر آئے گا اور پہلے تو وہ جو مسِیح میں مُوئے جی اُٹھیں گے۔ پِھر ہم جو زِندہ باقی ہوں گے اُن کے ساتھ بادلوں پر اُٹھائے جائیں گے تاکہ ہوا میں خُداوند کا اِستِقبال کریں اور اِس طرح ہمیشہ خُداوند کے ساتھ رہیں گے۔ پس تُم اِن باتوں سے ایک دُوسرے کو تسلّی دِیا کرو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-تِھسّلُنیکیوں 4