۱-تِھسّلُنیکیوں 1:1-10
۱-تِھسّلُنیکیوں 1:1-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پَولُسؔ اَور سِیلاسؔ اَور تِیمُتھِیُس کی طرف سے، تھِسلُنِیکے شہر کی جماعت کے نام لِکھّا ہُوا خط جو خُدا باپ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح میں ہے: تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ تُم سَب کے لیٔے ہم ہمیشہ خُدا کا شُکر کرتے اَور تُمہیں اَپنی دعاؤں میں بھی یاد رکھتے ہیں۔ اَور ہم اَپنے خُدا اَور آسمانی باپ کی حُضُوری میں تمہارے ایمان کے کام اَور محنت کو جو مَحَبّت کا نتیجہ ہے اَور تمہارے اُس صبر کو یاد رکھتے ہیں، جو ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح میں اُمّید کی بابت ہے۔ اَے خُدا کے عزیز بھائیوں اَور بہنوں! ہمیں مَعلُوم ہے کہ خُدا نے تُمہیں مُنتخب کر لیا ہے، کیونکہ تمہارے پاس ہماری خُوشخبری محض لَفظی طور پر ہی نہیں بَلکہ قُدرت، پاک رُوح اَور پُورے یقین کے ساتھ تُم تک پہنچی؛ چنانچہ تُم جانتے ہو کہ ہم تمہاری خاطِر تمہارے درمیان کس طرح زندگی گُزارتے تھے۔ اَور تُم ہمارے اَور خُداوؔند کے نَقش قدم پر چلنے والے بَن گیٔے، کیونکہ تُم نے سخت مُصیبت کے درمیان بھی کلام کو پاک رُوح سے مِلنے والی خُوشی کے ساتھ قبُول کیا۔ اِس کا نتیجہ یہ ہُوا کہ تُم مَکِدُنیہؔ اَور صُوبہ اَخیہؔ کے علاقوں کے سارے مُومِنِین کے لیٔے نمونہ بَن گیٔے۔ خُداوؔند کا پیغام تمہارے ذریعہ نہ صِرف مَکِدُنیہؔ اَور صُوبہ اَخیہؔ میں پھیلا بَلکہ خُدا پر تمہارا ایمان چاروں طرف اَیسا مشہُور ہو گیا کہ اَب ہمیں اُس کا ذِکر کرنے کی ضروُرت نہیں ہے۔ کیونکہ یہ ساری باتیں خُود ہی بَیان کرتی ہیں کہ جَب ہم تمہارے یہاں تشریف لایٔے تو تُم نے کِس طرح ہمارا اِستِقبال کیا۔ اَور کِس طرح بُتوں کی پرستِش چھوڑکر سچّے اَور زندہ خُدا کی عبادت کرنے کے لیٔے رُجُوع ہویٔے۔ اَور خُدا کے بیٹے حُضُور عیسیٰ کے آسمان سے لَوٹنے کے مُنتظر رہو، جنہیں اُس نے مُردوں میں سے زندہ کیا اَورجو ہمیں آنے والے الٰہی غضب سے بَچاتے ہیں۔
۱-تِھسّلُنیکیوں 1:1-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ خط پولس، سلوانس اور تیمُتھیُس کی طرف سے ہے۔ ہم تِھسّلُنیکیوں کی جماعت کو لکھ رہے ہیں، اُنہیں جو خدا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح پر ایمان لائے ہیں۔ اللہ آپ کو فضل اور سلامتی بخشے۔ ہم ہر وقت آپ سب کے لئے خدا کا شکر کرتے اور اپنی دعاؤں میں آپ کو یاد کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں اپنے خدا باپ کے حضور خاص کر آپ کا عمل، محنت مشقت اور ثابت قدمی یاد آتی رہتی ہے۔ آپ اپنا ایمان کتنی اچھی طرح عمل میں لائے، آپ نے محبت کی روح میں کتنی محنت مشقت کی اور آپ نے کتنی ثابت قدمی دکھائی، ایسی ثابت قدمی جو صرف ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح پر اُمید ہی دلا سکتی ہے۔ بھائیو، اللہ آپ سے محبت رکھتا ہے، اور ہمیں پورا علم ہے کہ اُس نے آپ کو واقعی چن لیا ہے۔ کیونکہ جب ہم نے اللہ کی خوش خبری آپ تک پہنچائی تو نہ صرف باتیں کر کے بلکہ قوت کے ساتھ، روح القدس میں اور پورے اعتماد کے ساتھ۔ آپ جانتے ہیں کہ جب ہم آپ کے پاس تھے تو ہم نے کس طرح کی زندگی گزاری۔ جو کچھ ہم نے کیا وہ آپ کی خاطر کیا۔ اُس وقت آپ ہمارے اور خداوند کے نمونے پر چلنے لگے۔ اگرچہ آپ بڑی مصیبت میں پڑ گئے توبھی آپ نے ہمارے پیغام کو اُس خوشی کے ساتھ قبول کیا جو صرف روح القدس دے سکتا ہے۔ یوں آپ صوبہ مکدُنیہ اور صوبہ اخیہ کے تمام ایمان داروں کے لئے نمونہ بن گئے۔ خداوند کے پیغام کی آواز آپ میں سے نکل کر نہ صرف مکدُنیہ اور اخیہ میں سنائی دی، بلکہ یہ خبر کہ آپ اللہ پر ایمان رکھتے ہیں ہر جگہ تک پہنچ گئی ہے۔ نتیجے میں ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہی، کیونکہ لوگ ہر جگہ بات کر رہے ہیں کہ آپ نے ہمیں کس طرح خوش آمدید کہا ہے، کہ آپ نے کس طرح بُتوں سے منہ پھیر کر اللہ کی طرف رجوع کیا تاکہ زندہ اور حقیقی خدا کی خدمت کریں۔ لوگ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اب آپ اِس انتظار میں ہیں کہ اللہ کا فرزند آسمان پر سے آئے یعنی عیسیٰ جسے اللہ نے مُردوں میں سے زندہ کر دیا اور جو ہمیں آنے والے غضب سے بچائے گا۔
۱-تِھسّلُنیکیوں 1:1-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
پَولُس اور سِلوانُس اور تِیمُتِھیُس کی طرف سے تھِسّلُنِیکِیوں کی کلِیسیا کے نام جو خُدا باپ اور خُداوند یِسُوع مسِیح میں ہے فضل اور اِطمِینان تُمہیں حاصِل ہوتا رہے۔ تُم سب کے بارے میں ہم خُدا کا شُکر ہمیشہ بجا لاتے ہیں اور اپنی دُعاؤں میں تُمہیں یاد کرتے ہیں۔ اور اپنے خُدا اور باپ کے حضُور تُمہارے اِیمان کے کام اور مُحبّت کی مِحنت اور اُس اُمّید کے صبر کو بِلاناغہ یاد کرتے ہیں جو ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کی بابت ہے۔ اور اَے بھائِیو! خُدا کے پِیارو! ہم کو معلُوم ہے کہ تُم برگُزِیدہ ہو۔ اِس لِئے کہ ہماری خُوشخبری تُمہارے پاس نہ فَقط لفظی طَور پر پُہنچی بلکہ قُدرت اور رُوحُ القُدس اور پُورے اِعتقاد کے ساتھ بھی چُنانچہ تُم جانتے ہو کہ ہم تُمہاری خاطِر تُم میں کَیسے بن گئے تھے۔ اور تُم کلام کو بڑی مُصِیبت میں رُوحُ القُدس کی خُوشی کے ساتھ قبُول کر کے ہماری اور خُداوند کی مانِند بنے۔ یہاں تک کہ مَکِدُنیہ اور اَخیہ کے سب اِیمان داروں کے لِئے نمُونہ بنے۔ کیونکہ تُمہارے ہاں سے نہ فَقط مَکِدُنیہ اور اَخیہ میں خُداوند کے کلام کا چرچا پَھیلا ہے بلکہ تُمہارا اِیمان جو خُدا پر ہے ہر جگہ اَیسا مشہُور ہو گیا ہے کہ ہمارے کہنے کی کُچھ حاجت نہیں۔ اِس لِئے کہ وہ آپ ہمارا ذِکر کرتے ہیں کہ تُمہارے پاس ہمارا آنا کَیسا ہُؤا اور تُم بُتوں سے پِھر کر خُدا کی طرف رجُوع ہُوئے تاکہ زِندہ اور حقِیقی خُدا کی بندگی کرو۔ اور اُس کے بیٹے کے آسمان پر سے آنے کے مُنتظِر رہو جِسے اُس نے مُردوں میں سے جِلایا یعنی یِسُوع کے جو ہم کو آنے والے غضب سے بچاتا ہے۔